محسن نقوی سلام: بصَد رکُوع و سجود و قیام کہنا ہے - محسن نقوی شہید

کاشفی

محفلین
سلام
(محسن نقوی شہید)
بصَد رکُوع و سجود و قیام کہنا ہے
حسین ابنِ علی پر سلام کہنا ہے

زباں کو چاہیے کچھ اعتمادِ خاکِ شفا
ہمیں جبیں کو معلّیٰ مقام کہنا ہے

غمِ حسین میں اک اشک کی ضرورت ہے
پھر اپنی آنکھ کو، کوثر کا جام کہنا ہے

یہ نام کیوں نہ کروں زندگی میں وردِ زباں؟
مجھے لحد میں علی کو امام کہنا ہے!!

بروزِ حشر زیارت نصیب ہو تو ہمیں
علی کے لال سے تھوڑا سا کام کہنا ہے

کہاں تلک نہ سُنے گا کوئی حسین کا ذکر؟
یہ داستاں تو ہمیں صبح و شام کہنا ہے

یہ داغِ ماتمِ شبیر ہے جِسے محسن
اندھیری قبر میں ماہِ تمام کہنا ہے!
 
Top