امیرالاسلام ہاشمی یہ عرض پھر کروں گا: امیر الاسلام ہاشمی

محمد امین

لائبریرین
یہ مزاحیہ غزل بھی لاجواب ہے اور شاعرِ محترم کی قدرتِ کلام اور خیالات کی فراوانی پر دلالت کرتی ہے۔


گھر میں ہوا تھا کیا کیا، یہ عرض پھر کروں گا،
پھر عرض کیا کروں گا، یہ عرض پھر کروں گا،

دو لخت گر نہ ہوتے، پھر کیسے حصہ ملتا،
کس کو ملا تھا حصہ، یہ عرض پھر کروں گا،

جب تک رہے گا رسہ، رسہ کشی رہے گی،
کب تک رہے گا رسہ، یہ عرض پھر کروں گا،

ملا نے کیا کِیا تھا، ملا نے کیا کِیا ہے،
ملا کرے گا کیا کیا، یہ عرض پھر کروں گا،

حجرا پڑا ہے سونا اور پیر جی ہیں غائب،
حجرے میں کیا ہوا تھا، یہ عرض پھر کروں گا،

جتنا نما نما تھا، اتنا وہ خوش نما تھا،
کتنا وہ خوش نما تھا، یہ عرض پھر کروں گا،

شانے پہ جو پڑا تھا، کہنے کو تھا دوپٹہ،
کتنا سا تھا دوپٹہ، یہ عرض پھر کروں گا،


دونوں تھے روٹھے روٹھے، بیوی میاں ہوں جیسے،
دونوں میں کیا تھا رشتہ، یہ عرض پھر کروں گا،

لڑکی کلاسیکل تھی، لڑکا کلاس کا تھا،
اب کس کلاس کا تھا، یہ عرض پھر کروں گا،

لڑکی نے بھی قبولا، لڑکے نے بھی قبولا،
دونوں نے کیا قبولا، یہ عرض پھر کروں گا،

دولہا دلہن تھے راضی، آیا تھا پھر بھی قاضی،
قاضی نے کیا کِیا تھا، یہ عرض پھر کروں گا،

عِرق النساء کا نسخہ، مہر النساء نے لکھا،
نسخے میں کیا لکھا تھا، یہ عرض پھر کروں گا،


جس میں تھے شعر میرے، غائب ہے وہ لفافہ،
وہ ہے کہاں لفافہ، یہ عرض پھر کروں گا،

غالب کو کیسے کیسے، مغلوب کر رہے ہیں،
نکلے گا کیا نتیجہ، یہ عرض پھر کروں گا،

بے وزن سب تھے مصرعے، شاعر مگر تھا وزنی،
شاعر کا وزن کیا تھا، یہ عرض پھر کروں گا،

رشوت میں جو ملا تھا، یوں ہی سا کچھ ملا تھا،
یونہی سا کیا ملا تھا، یہ عرض پھر کروں گا،

کچھ دے کے کچھ لیا تھا، کچھ لے کے کچھ دیا تھا،
کیا کچھ لیا دیا تھا، یہ عرض پھر کروں گا،

تشویش تو یہی ہے، تشخیص کیسے کی تھی،
لڑکی ہے یا وہ لڑکا، یہ عرض پھر کروں گا،

کچھ عرض کر دیا ہے، کچھ عرض پھر کروں گا،
پھر عرض کیا کروں گا، یہ عرض پھر کروں گا!!!



ہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہاہہا
 

الف عین

لائبریرین
یہ غزل بھی خوب ہے۔۔۔ کیا وزنی کلام ہے، اگرچہ وزن کو وَزَن نظم کیا ہے۔ ذرا سا خیال رکھتے شاعر تو درست ہو جاتا۔۔
شاعر کا وزن کیا تھا۔۔۔
 

محمد وارث

لائبریرین
واہ بہت خوب، شکریہ امین صاحب!

اعجاز صاحب 'وزن' کے بارے میں یہ ٹائپو یا کتابت کی غلطی لگتی ہے کہ پہلے مصرعے میں شاعر نے وزن صحیح باندھا ہے اور دوسرے مصرعے میں بھی صرف ترتیب کا فرق ہے، اور جیسے آپ نے لکھا، شعر یوں ہو تو وزن میں ہے:

بے وزن سب تھے مصرعے، شاعر مگر تھا وزنی
شاعر کا وزن کیا تھا، یہ عرض پھر کروں گا
 

محمد امین

لائبریرین
واہ بہت خوب، شکریہ امین صاحب!

اعجاز صاحب 'وزن' کے بارے میں یہ ٹائپو یا کتابت کی غلطی لگتی ہے کہ پہلے مصرعے میں شاعر نے وزن صحیح باندھا ہے اور دوسرے مصرعے میں بھی صرف ترتیب کا فرق ہے، اور جیسے آپ نے لکھا، شعر یوں ہو تو وزن میں ہے:

بے وزن سب تھے مصرعے، شاعر مگر تھا وزنی
شاعر کا وزن کیا تھا، یہ عرض پھر کروں گا


پسندیدگی کا شکریہ۔۔۔

وارث بھائی اور اعجاز انکل بہت خوب، داد دینی پڑتی ہے آپکی نگاہِ سخن شناس کی(ویسے یہ نگاہِ‌سخن شناس ٹھیک لکھا میں نے؟)

یہ ایسا ہی ہے جیسا آپ نے فرمایا۔ وزن میں نے ہی گڑبڑ کردیا تھا :tongue: میں ٹھیک کردیتا ہوں اسکو۔۔
 

مکی

معطل
جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے پہلا شعر کچھ یوں تھا:

کیا کچھ ہے عرض کرنا یہ عرض پھر کروں گا
پھر عرض کیا کروں گا یہ عرض پھر کروں گا
 

محمد امین

لائبریرین
مکی صاحب ہوسکتا ہے آپ درست فرما رہے ہوں، مگر میرے پاس جو کتاب ہے اس میں ایسے یہ درج ہے جیسا میں نے لکھا۔ یہ عین ممکن ہے کہ میری کتاب میں کاتب نے اپنی مرضی ٹھونسنی چاہی ہو۔۔۔
 
بہت خوبصورت شییرنگ ہے صاحب ، لاجواب کلام ہے گو کہ اعتراضات تو ہم بھی کر سکتے ہیں مگر کلام کو دیکھ اس کی ہمت نہیں پڑ رہی ہے

واقعی شاندار کلام ہے
 
Top