محفل اپگریڈ نامہ

السلام علیکم!

الحمد للہ ایک اور کامیاب اپگریڈ انجام پا گیا۔ اور اب وقت ہے اردو محفل کے اس نئے سنگ میل کے حوالے سے ایک عدد کوائف نامہ لکھنے کا۔

اب جبکہ محفل کی سالگرہ قریب آ رہی ہے جس میں محفل کی ارتقاء اور مستقبل کو لیکر بڑے بڑے فیصلے کیئے جانے ہوتے ہیں، اردو ویب کے مختلف پروجیکٹس کو از سر نو توانائی بخشنی ہوتی ہے، احباب کی خدمات کی یاد دہانی کرانی ہوتی ہے اور اردو ویب کے بنیادی مقصد کو تازہ کرنا ہوتا ہے۔ الحمد للہ پچھلے دنوں ڈیویلپمینٹ اور ٹائپوگرافی وغیرہ کے شعبے میں انتہائی حوصلہ افزاء پیش رفت رہی لیکن ساتھ ہی بعض ناگزیر وجوہات کے باعث لائبریری کا پروجیکٹ بے ترتیبی کا شکار رہا جسے بڑھ کر سنبھالنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہیں چیزوں کو دماغ میں رکھتے ہوئے اس بار وی بلیٹن کے حالیہ ورژن کا پبلشنگ سوٹ استعمال کیا گیا ہے جس کا کنٹینٹ مینیجمینٹ سسٹم نمایاں پیغامات کو بلاگ اور آرٹیکل وغیرہ میں تبدیل کر کے پروموٹ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ حالانکہ ان نئے فیچرز کو موڈریشن کے تحت رکھنے کا ارادہ ہے۔

بہر کیف ان کوائف کا مطالعہ کرنے کے بعد محفل کے دو بڑے اور ایک مبتدی اپگریڈ کی ایک تاریخ پر متفق ہوئے اور اپنی اپنی گھڑیاں اور کیلینڈر ملا لیں۔ کچھ ابتدائی تیاریاں مثلاً تازہ ترین سوفٹوئیر ڈاؤنلوڈ، محفل کے فعال فیچرز کی معطلی یعنی تلواروں کو صیقل کرنا اور قربان گاہ کی صفائی ستھرائی نیز پانی کا چھڑکاؤ وغیرہ جیسے کاموں سے فارغ ہو کر کیل کانٹے سے لیس ہو کر متعینہ وقت کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد تین افراد اور کم از کم پانچ مشینیں باہم دگر ہو گئے۔ پھر تو ڈاٹا بیس اور کوڈ بیس بیک اپ، فائلیں کاپی کرنا، انسٹال اسکرپٹ چلانا، اس کا ناکام ہونا، حیران ہونا، قدرے پریشان ہونا، ڈاکیومینٹیشن کی خاک چھاننا، فائلیں دوبارہ کاپی کرنا، پھر سے انسٹالیشن اسکرپٹ چلانا، متعدد اسٹیپس کی گنتی کرنا، انتظار کی گھڑیاں گننا، سرور کی چیخ سننا، میموری کا اضافہ کرنا، سب کچھ پھر سے دہرانا، پھر ناکام ہونا، مزید میموری بڑھانا، چند خدمات کو معطل کرکے سی پی یو خالی کرنا، سرور ری اسٹارٹ کا ارادہ کرنا، اور اس ارادے کی دھمکی سے متاثر ہو کر انسٹال اسکرپٹ کا چل پڑنا، آدھے درجن الفا، کم و بیش اتنے ہی بیٹا ورژنز کے بعد رلیز کینڈیڈیٹ اور ایک جوڑا اسٹیبل ورژنز کی بتدریج خود کار تنصیب ہونا، بیچ بیچ میں مبتدی کے معرفت جاہلانا میں لتھڑے تبصروں، میسنجر پر درجنوں اسمائلیز، کئی عدد آہوں اور واہوں کے درمیان لہریں لیتے، ہچکولے کھاتے یہ معرکہ کم و بیش پانچ گھنٹے بعد الحمد للہ، ما شاء اللہ اور سبحان اللہ پر انجام پا گیا۔ :)

محفل کے در عام صارفین کے لئے وا کر دیئے گئے۔ کچھ مزید ضروری آرائش و زیبائش مثلاً اردو ایڈیٹر وغیرہ کی انٹگریشن کے بعد محفل کے بڑے اپنے بال بچوں میں مصروف ہو گئے اس کے بعد کی داستان اتنی دلچسپ نہیں کیوں کہ اس کی تفصیلات بتانا مقدمے کی سماعت کے بعد کے واقعات سنانے سے زیادہ بور کن ہے۔

محفل کے دونوں بڑوں کو اس کارنامے پر دلی مبارکباد۔ اپنے ذاتی کاموں پر فوقیت دے کر قیمتی وقت اور خلوص کے نذرانے دینے والے ان دو اردو نوازوں کی خدمات کا اعتراف جن الفاظ میں بھی کیا جائے کم ہوگا۔
 

arifkarim

معطل
“محفل کے دو بڑے“ :)
بھیا آپ کونسا کسی سے کم ہیں کیا؟ تمام ناظمین اور ممبران کو اس کامیابی پر بہت بہت مبارک باد!
 
عارف بھائی میری شرکت تو چائے میں نمک کے برابر ہی تھی۔ زبردستی ٹرمنل سے لاگن ہو کر چند بے مصرف کمانڈ داخل کر کے خود کو اپنی لینکس دانی پر شاباشیاں دیتا رہا یا میسنجر پر اسمائلیز بھیجتا رہا۔ لیکن اس بات کا ادراک ضرور ہو گیا کہ اس کام میں نبیل بھائی اور زکریا بھائی دونوں ہی اپنی اپنی جگہ کتنے اہم ہیں۔ نبیل بھائی اٹیک اور ایکشن نیز زکریا بھائی ڈیزاسٹر ریکوری اور ریسورس پرووائڈر کے رول میں تھے میں تماشائی تھا۔
 

گرائیں

محفلین
میری طرف سے بھی مبارکباد قبول فرمائیے۔ یہ اپگریڈ پیارا لگ رہا ہے۔ لوڈ شیڈنگ نے اجازت دی تو باقی فیچرز بھی دیکھ لوں گا۔
 

محمد وارث

لائبریرین
میری طرف سے بھی مبارک باد سب کو۔

نبیل، زیک اور ابنِ سعید کا خصوصی شکریہ اس محنت اور محبت کیلیے۔
 

خورشیدآزاد

محفلین
اردو محفل کے اس ارتقائی قدم پر بہت بہت مبارک ہو۔۔۔ویسے ابھی تو شروعات ہیں ۔۔دیکھتے ہیں اس نئے روپ کا آخری رنگ کیا نکلتا ہے۔۔۔اور جس کا بے صبری سے انتظار بھی ہے۔
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب! اچھا لگ رہا ہے۔ بہت مبارک ہو ۔ انتظامیہ کی بھرپور توجہ اور دلچسپی سے ہی اس محفل کی رونقیں آباد ہیں۔
 

ابوشامل

محفلین
ابھی تو اپ گریڈ کے بعد محفل ابتدائی مراحل میں ہے اور امید ہے کہ جلد ہی پہلے ہی طرح اپنے قدموں پر کھڑی ہوگی۔ نبیل، زیک اور ابن سعید اس اہم مرحلے کو کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
 

اشتیاق علی

لائبریرین
واقعی نیا سٹائل بہت عمدہ ہے ۔ متنظمین اور ممبران کو اردو محفل کے اس نئے انداز پر مبارک ہو۔۔۔
اب سٹائلز وغیرہ اور اردو ایڈیٹر کب تک شامل ہو جائیں گے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
اپگریڈ کے ایڈونچر کا حال تو ابن سعید آپ کو بتا ہی چکے ہیں۔ اس مرتبہ اپگریڈ کا مرحلہ سب سے زیادہ طویل اور دشوار رہا۔ لیکن زیک اور ابن سعید کی سپورٹ کے باعث یہ مرحلہ بھی خیریت سے گزر گیا۔ محفل فورم کی پانچ سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقعہ تھا کہ اپگریڈ کے موقعے پر میرے اور زیک کے علاوہ کوئی اور بھی اس کام میں شریک تھا۔ بلاشبہ ابن سعید کی موجودگی سے ہمیں بہت مدد ملی۔

ہماری پہلی ترجیح تو فورم کے عام آپریشن کو سٹیبل کرنا ہے۔ ضروری ہیکس بھی دوبارہ فعال کیے جاتے رہیں گے۔ کسٹم سٹائلز پر کچھ ٹھہر کر ہی کام کیا جائے گا۔ البتہ ڈیفالٹ سٹائل کے کچھ ذیلی سٹائلز ضرور شامل کیے جائیں گے جن میں نستعلیق فونٹس وغیرہ شامل ہوں گے۔ کچھ تبدیلی آپ میں سے چند دوستوں نے ضرور نوٹ کی ہوگی۔ اس مرتبہ اردو ایڈیٹر کی انٹگریشن اوپن پیڈ کی بجائے جے کویری کے اردو ایڈیٹر پلگ ان کے ذریعے روبہ عمل لائی گئی ہے اور اب یہ اردو ایڈیٹر اوپیرا، گوگل کروم اور سفاری میں بھی درست کام کرے گا۔ آپ دوست اسے آزما کر اس کے بارے میں یہاں رپورٹ کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں لینگویج موڈ سوئچ کرنے کے لیے جگہ گھیرنے والے ریڈیو بٹن کنٹرولز کی بجائے ایک چھوٹا گرافک آئکون فراہم کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ورچوئل کی بورڈ استعمال کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ ابھی پرانا آن سکرین کی بورڈ نظر نہیں آ رہا ہے۔ کچھ دوستوں کو اس کے استعمال کی عادت ہے۔ ان کی سہولت کے لیے میں اسے بھی شامل کر دوں گا۔
والسلام
 

خواجہ طلحہ

محفلین
بلاشبہ آپ حضرات کی محنت کو نہ سراہانا زیادتی ہوگی۔
اور نئے ورژن پر فورم ہلکا پھلکا سا محسوس ہورہا۔یعنی تیز رفتار براؤزنگ ہورہی ہے۔
السلام علیکم، کچھ تبدیلی آپ میں سے چند دوستوں نے ضرور نوٹ کی ہوگی۔ اس مرتبہ اردو ایڈیٹر کی انٹگریشن اوپن پیڈ کی بجائے جے کویری کے اردو ایڈیٹر پلگ ان کے ذریعے روبہ عمل لائی گئی ہے اور اب یہ اردو ایڈیٹر اوپیرا، گوگل کروم اور سفاری میں بھی درست کام کرے گا۔ آپ دوست اسے آزما کر اس کے بارے میں یہاں رپورٹ کر سکتے ہیں۔
والسلام
اوپرا کی صورت میں اردو ایڈیٹر میں انگلش تو بآسانی لکھی جارہی ہے لیکن اردو بالکل نہیں لکھی جارہی ہے۔ ساتھ ہی آئی ای میں لاگ ان کرتے ہوئے نام اردو میں نہیں لکھا جارہاہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
بلاشبہ آپ حضرات کی محنت کو نہ سراہانا زیادتی ہوگی۔
اور نئے ورژن پر فورم ہلکا پھلکا سا محسوس ہورہا۔یعنی تیز رفتار براؤزنگ ہورہی ہے۔

اوپرا کی صورت میں اردو ایڈیٹر میں انگلش تو بآسانی لکھی جارہی ہے لیکن اردو بالکل نہیں لکھی جارہی ہے۔ ساتھ ہی آئی ای میں لاگ ان کرتے ہوئے نام اردو میں نہیں لکھا جارہاہے۔

میں نے ابھی کچھ تبدیلی کی ہے۔ اب یہ گوگل کروم اور سفاری پر تو درست کام کر رہا ہے۔ آپ اوپیرا پر دوبارہ چیک کرکے بتا دیں۔
 
Top