کیا آپ بھی فطرتا شاعر ہیں یا یہ رجحان کسی ماحول کی وجہ سے آیا؟ آپ نے کن شعراء کو زیادہ پڑھا اور ہمیشہ سر دھنا؟
گھر میں شاعری کا ماحول نہیں تھا ۔ البتہ سب سے بڑے بھائی مقالاتِ سر سید اور اسی قبیل کی خشک کتابیں پڑھا کرتے تھے ۔

جہاں تک میری یاد داشت کام کرتی ہے مجھے پرائمری اسکول کے زمانے ہی سے شاعری اچھی لگتی تھی۔ نصابی کتب میں شامل نظمیں ایک ہی دفعہ پڑھ کر یاد ہوجاتی تھیں ۔ آٹھویں جماعت میں شعر و ادب سے دلچسپی رکھنے والے ایک دوست بن گئے۔ چنانچہ اردو شاعری اور کہانیاں لکھنا شروع کیں ۔ ایک نظم حکیم سعید کے نونہال میں بھی شائع ہوئی ۔
ہمارے انگریزی کے استاد وحید الدین مرحوم بہت شفیق اور قابل استاد تھے ۔ انگریزی کا شوق انہی کی تعلیم اور ترغیب کی وجہ سے ہوا۔نویں جماعت کے انگریزی نصاب میں کلاسیکی شاعری کی ایک کتاب الگ سے شامل تھی۔ ایک روز انہوں نے وردڈزورتھ کی ایک نظم کا اردو ترجمہ کرنے کا ہوم ورک دیا۔ اس شام ہماری طرف بجلی گئی ہوئی تھی ۔ اچھی طرح یاد ہے کہ میں نے لالٹین کی روشنی میں بیٹھ کر ورڈزورتھ کی نظم ۔۔daffodils ۔۔ اور کسی اور شاعر کی نظم ۔۔Children۔۔۔ کا اردو میں منظوم ترجمہ کر ڈالا۔ اگلے دن جب ان کو دکھایا تو فرطِ حیرت و جوش سے کرسی سے کھڑے ہوگئے ۔ پوری کلاس کو میرے دونوں ترجمے سنائے اور اپنی جیب سے پانچ روپے نکال کر مجھے انعام میں دیئے۔ کئی دنوں تک ان ترجموں کی دھوم مچی رہی۔ انگریزی کے ایک اور استاد نے آکر ایک دن باقاعدہ مجھ سے تفتیشی انداز میں بات چیت کی تاکہ کسی ممکنہ سرقے یا بیرونی امداد کا سراغ لگا سکیں ۔
وہ پانچ روپے ایک عرصے تک میں نے بہت عقیدت کے ساتھ سنبھال کر رکھے۔ لیکن افسوس کہ ایک شام مٹکے والی قلفی کی محبت اُس عقیدت پر غالب آگئی ۔ 😋
دسویں جماعت تک میں اردو کے تمام اساتذہ شعرا کو پڑھ چکا تھا۔ اپنا جیب خرچ جمع کرکے کتابوں کی ایک دکان سے شاعری کی کتب خریدا کرتا تھا ۔ اس چھوٹی سی دکان کے مالک ایک ہندو ہوا کرتے تھے اور وہ صرف شعر و ادب کی کتابیں بیچا کرتے تھے۔ کلاسیکی نثر کی تمام قابلِ ذکر کتابیں انٹرمیڈیٹ کالج کے دو برسوں اور میڈیکل اسکول کے تین سالوں میں پڑھ ڈالیں ۔ سندھ عجائب گھر کی شمس العلماء داؤد ہالیپوتہ لائبریری سے عبداللہ اثری کی کتاب رہنمائے شاعر ی چرا کر علم عروض بھی اسی زمانے میں خود سیکھا۔
غالب ، فیض اور افتخار عارف شروع ہی سے میرے پسندیدہ شاعر ہیں۔ انہی کی کتابیں بار بار پڑھی ہیں اور اپنا سر انہی کی شاعری پر دُھنا ہے۔
ویسے بعض شعرا کی شاعری سن کر اُن کا سر بھی دُھن چکا ہوں ۔ لیکن وہ ایک الگ قصہ ہے۔ آپ کے سوال سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ 😐
اگر آپ یہ پوچھیں کہ کون سے شعرا پسند نہیں ہیں تو ان کی فہرست نسبتاً طویل ہوگی۔ اپنے علامہ اقبال اُن میں سرِ فہرست ہیں ۔