فونٹ القلم تاج نستعلیق ریلیز (اعلان)

شاکرالقادری

لائبریرین
تو رہ نورد شوق ہے منزل نہ کر قبول
logo.png
بہت عرصہ پہلے مرزا جمیل احمد صاحب نے نوری نستعلیق کے ترسیمے متعارف کروا کر نوری کتاب کے ذریعہ ایک انقلاب بر پا کیا۔ یہ ترسیمے ایک طویل عرصہ تک تجارتی بنیادوں پر استعمال ہوتے رہے اور ہر کس و ناکس کی دسترس سے باہر۔ امجد حسین علوی اور جمیل نستعلیق ٹیم نے ان کو بطور مفت فانٹ متعارف کرواکر ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا اس کے باوجود ایک لاہوری طرز کے فانٹ کی ضرورت باقی رہی اسی دوران ہندوستان سے ان پیج نامی سافٹ ویئر کے ساتھ فیض نستعلیق آیا یہ بھی تجارتی بنیادوں پر استعمال ہونے والا فونٹ ہے گو کہ اب یہ بھی یونی کوڈ فانٹ کی صورت میں دستیاب ہے لیکن اس کے باوجود یہ ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ لاہوری طرز کے ایسے ترسیمے تیار کیے جائیں جن کے ذاتی اور نجی استعمال پر کوئی اخلاقی اور قانونی قدغن نہ ہو۔ اسی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے تین سال قبل استاد تاج الدیں زریں رقم کے مرقع زریں سے استفادہ کرتے ہوئے ترسیموں کی تیاری کا آغاز کیا گیا۔ اور بالآخر تین سال کی شبانہ روز محنت کے بعد تقریبا تیس ہزار ترسیمے تیار کر لیے گئے۔​
ہمارے لیے یہ بات اتہائی مسرت اور دلی اطمینان کا باعث ہے کہ اب یہ ترسیمے حکیم الامت شاعر مشرق کے یوم ولادت کے موقع پر ۹ نومبر ۲۰۱۲ کو اردو کمیونٹی کی نذر کیے جا رہے ہیں۔یہ ہماری جانب سے حکیم الامت حضرت علامہ اقبال رحمہ اللہ علیہ کو ایک حقیر سا خراج عقیدت ہے​
گرقبول افتد زہے عزو شرف​
tajIntro2.jpg
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے والے فانٹس تجارتی استعمال کے لیے تھے اور ان کے مفت استعمال پر پابندی تھی جبکہ القلم تاج نستعلیق کے ترسیموں کو بلا خوف و خطر بالکل بلا معاوضہ ذاتی استعمال میں لایا جا سکتا ہے البتہ اسکا تجارتی استعمال ممنوع ہے۔ اس فانٹ کے جملہ حقوق محفوظ کروائے گئے ہیں اور کسی بھی کمرشل سافٹ ویئر کے ساتھ استعمال کے لیے اس کے خالق سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا بصورت دیگر قانونی کارروائی کا حق محفوظ ہے۔​
s1.gif
ہمارا بنیادی مقصد اردو کمیونٹی کو استعمال کرنے کے لیے ان ترسیمہ جات کی فراہمی تھی ۔ تاہم ان ترسیموں کو ایک فونٹ کی شکل میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔ تاکہ یہ فوری طور پر قابل استعمال بھی ہوں۔ القلم تاج نستعلیق کے اس آزمائشی نسخہ میں (جوکہ بلا معاوضہ فراہم کیا جا رہا ہے ) کشیدہ کی سہولت موجود نہیں ہے جبکہ القلم تاج نستعلیق کے لیے تیار کیے گئے کیریکٹر بیس فانٹ میں کشیدہ کی سہولت بہرحال موجود ہے جس کی جھلکیاں آپ نے القلم تاج نستعلیق کے مختلف نمونوں میں دیکھی ہونگی فی الحال کشیدہ کی سہولت کو مزید بہتر بنائے جانے پر کا ہو رہا ہے اس لیے کشیدہ کی سہولت فراہم نہیں کی جا سکی۔​
گوکہ یہ ان ترسیموں کا نقش اول ہے اور اس میں بہت ساری خامیاں موجود ہوگی تاہم امید ہے کہ آپ کو یہ ترسیمے پسند آئیں گے۔ ہمیں اس سلسلہ میں آپ کی آرا کا شدت سے انتظار ہوگا۔ اگر آپ کسی ترسیمہ میں بہتری کی گنجائش دیکھیں یا کوئی نیا ترسیمہ شامل کرانا چاہیں تو اس کی نشاندہی ضرور کریں یہ نشاندہی آپ یہاں پر تبصرہ کی صورت میں کر سکتے ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ القلم تاج نستعلیق کے ترسیموں کو آپ کی آرأ کی روشنی میں بہتر سے بہتر بنایا جا سکے اس لیے اس سلسلہ میں آپ بلا تکلف اپنی ارأ ہم تک پہنچا سکتے ہیں جس کے لیے ہم آپ کے شکر گزار ہونگے۔​
alqlm.jpg
احساس تشکر!​
بار امانت سے سبکدوش ہونے کے بعد میرا یہ فرض بنتا ہے کہ میں اپنے ان تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کروں جنہوں نے قدم بقدم میری حوصلہ افزائی کی اور میرے حوصلوں کے لیے مہمیز کا کام کرتے رہے۔ اردو محفل کے نبیل آپ کا شکریہ! آپ نے میری بہت زیادہ حوصلہ افزائی کی اس کے جواب میں میں اپنی محبت کا اظہار اس کے سوا اور کیا کر سکتا ہوں کہ میں اس فانٹ کو القلم فورم کی بجائے اردو محفل کے پلیٹ فارم سے ریلیز کر رہا ہوں یہ اردو محفل سے میری محبت کا ایک ادنی سا اظہاریہ ہے اور شاید آپ کو میرا یہ انداز محبت پسند آجائے، اشتیاق علی قادری میں آپ کا شکریہ نہیں ادا کرونگا بلکہ شکرگزاری کے ان احساسات میں آپ میرے ساتھ اسی طرح شامل ہیں جس طرح آپ ترسیمہ جات کی تیاری میں میرے شانہ بشانہ تھے۔علوی لاھوری نستعلیق کے خالق امجد حسین علوی کی تیکنیکی معاونت اور مخلصانہ مشاورت کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔ ترسیمہ جات کو فانٹ میں شامل کرنا اور ہر ترسیمے کو فعال اور قابل استعمال بنانے کے لیے پروگرامنگ کے ذریعہ ہدایات لکھنا ایک طویل ، صبر آزما اور پیچیدہ عمل تھا جس کو اگر عمومی انداز میں کیا جاتا تو شاید بہت زیادہ وقت لگتا اور بے تحاشا غلطیاں بھی ہوتیں اور فانٹ کو کئی مرتبہ پروف خوانی کے عمل سے گزارنا پڑتا لیکن اردو محفل کے منتظم سید نبیل حسن نقوی اور اردو محفل و القلم کے رکن ابرارحسین نے شب و روز کام کر کے یہ تمام کام خود کار انداز میں انجام دینے کے لیے ضروری اطلاقیے تیار کر کے دیےاور فانٹ سازی کے عمل میں آسانیاں پیدا کرنے کا موجب بنے۔ ان اطلاقیوں کی تیاری کےسلسلہ میں برادرم عبدالمجید اور عارف کریم کی مشاورت بھی شامل حال رہی وہ بھی ہمارے خصوصی شکریے کے مستحق ہیں۔ القلم تاج نستعلیق کی ریلیز کے لیے ایک مناسب اور موزوں لائسنس کی ضرورت تھی جس کے تحت اس فونٹ کے ذاتی استعمال کے فروغ اور تجارتی استعمال کی حوصلہ شکنی ہو۔ اس مقصد کی تکمیل کے لیے تجسس اردو سائنس فورم کےمنتظم محمد سعد نے شبانہ روز محنت کی اور پہلے سے موجود آزاد سافٹ وئیر لائسنسز کا جائزہ لے کر ان میں سے مناسب ترین کا انتخاب کیا۔ اور چند مخصوص شقوں کو شامل کرنے کے علاوہ کچھ شقوں میں جزوی ترمیم کے ساتھ القلم تاج نستعلیق اوپن سورس فونٹ لائسنس تیار کیا اس لائسنس کی تیاری کے سلسلہ میں انہیں اردو محفل کے سعادت اور الف نظامی کی مشاورت حاصل رہی جب کہ قانونی معاملات کے سلسلہ میں شعیب صفدر نے قیمتی مشاورت فراہم کی میں ان سب کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں اس لائسنس کی اردو تلخیص فیصل آباد کے محمد شاکر عزیز (دوست) نے فراہم کی وہ بھی ہمارے شکریہ کے خصوصی مستحق ہیں۔ القلم تاج نستعلیق کے لیے بینرز اور لوگو باسم نے تیار کیئے میں ان کا بھی شکر گزار ہوں۔سسٹر مہوش علی نے بھی اس فانٹ کی تیاری کے سلسلہ میں اکسانے کی حد تک میری حوصلہ افزائی کی آج کل بہت کم نظر آتی ہیں شاید کہیں کسی فورم پر علمی مباحث میں الجھی ہوئی ہوں لیکن وہ اس ریلیز پر بہت خوش ہونگی، ان کا بھی شکریہ۔ القلم کے تیکنیکی مشیر عبدالرؤف اعوان کی شبانہ روز محنت کی داد نہ دینا بھی بخل ہوگا کیونکہ انہوں نے انتہائی عرق ریزی کے ساتھ نہ صرف القلم تاج انسٹالر پیکج تیار کیا بلکہ تاج نستعلیق کی آفیشل سائٹ کو بنانے اور سنوارنے کا کام بھی انتہائی حسن و خوبی سے انجام دیا اور تاج نستعلیق کی ریلیز کے تمام مراحل میں وہ ہمارے ہم قدم رہے ہم انکے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ آخر میں ہم ان تمام ساتھیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دامے درمے قدمے سخنے کسی بھی طور ہمارے پروجیکٹ کی حوصلہ افزائی کی اور ہمارے عزائم کو بلند کیا ۔ اللہ کریم سب کو اجر خیر عطا فرمائے۔۔۔ آمین۔​

نوٹ: اس مراسلہ کو ایم ایس ورڈ سے اٹھا کر پیسٹ کیا گیا ہے اور اس پر القلم تاج نستعلیق فونٹ اپلائی کیا گیا تھا اگر آپ کو کچھ گڑ بڑ نظر آرہا ہو تو فونٹ انسٹال کرنے کے بعد ٹھیک ہو جائے گا :)
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
محترم شاکرالقادری صاحب۔ آپ کے اس کارنامے کی تعریف کے لیے یقیناً الفاظ تلاش کرنا مشکل ہیں۔ یہ لمحہ بلاشبہ اردو کمپیوٹنگ کی تاریخ میں ایک عظیم سنگ میل کی حیثیت سے یاد کیا جائے گا۔ اردو محفل فورم پر تاج نستعلیق فونٹ کی ریلیز کا اعلان کرکے آپ نے ایک ہم سے اپنی مرتبہ اپنی محبت کا اظہار کیا ہے جس کے لیے ہم ہمیشہ ممنون رہیں گے۔ میں انشاءاللہ اس فونٹ کی ریلیز کے بارے میں جلد ہی تفصیلی پوسٹ کرتا ہوں۔
 

شمشاد

لائبریرین
جزاک اللہ جناب شاکر القادری صاحب۔

اردو محفل کے اراکین مبارک باد کے مستحق ہیں کہ یہ فونٹ اس پلیٹ فارم سے ریلز ہوا ہے۔
 

منا پہلوان

محفلین
میرے مراسلہ میں سب سے نیچے والے امیج کو دیکھیں ۔۔۔ ۔ :)
جزاک اللہ خیرا جناب
میں خوامخواہ اتنے وقت سے بیٹھا رہا،(باوضو ہوکر، اور ابھی شکرانے کے نوافل پڑھنے کا ارادہ ہے)
اور جناب شاکرالقادری صاحب برائے مہربانی یہ بھی ارشاد فرمائیں کے القلم نہیں چل رہا، کیا کوئی پرابلم ہے
 

neosaleem

محفلین
بہت بہت مبارک۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فانٹ بہت اچھا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔مگر حروف کو کشیدہ کیسے کریں گے یہ تو بتادیں؟
 
Top