اردو محفل فورم: ماضی، حال اور مستقبل

نبیل

تکنیکی معاون
ڈیٹابیس کے ساتھ ساتھ اگر دیگر فارمیٹ میں بھی ڈیٹا مہیا کیا جا سکے تو زیادہ مفید ہو گا کہ فائلوں سے ڈیٹا کو پڑھنا اب ڈیٹا بیس کے مقابلے میں زیادہ آسان ہے اور اس پر ماڈل ٹریننگ کے علاوہ ایک مقبول فارمیٹ سے دوسرے فارمیٹ میں کنورٹ کرنا بھی آسان ہے۔
میں نے ڈیٹا کا ذکر کیا ہے، ڈیٹابیس کا نہیں۔ سب سے آسان حل تو ایس کیو ایل ڈمپ فراہم کرنا ہی ہے۔ اسے ماڈل ٹریننگ کے لیے فلٹر کرنا ریسرچرز کی اپنی ذمہ داری ہوگی۔ یہ تفصیلات بہرحال وقت آنے پر طے کی جائیں گی۔
 

رانا

محفلین
بلکہ یوں کرتے ہیں کہ جن کو بین کیا گیا ہے ان کی پابندی بھی ختم کر دیتے ہیں تاکہ وہ ان کی باقی فساد کرنے کی حسرتیں بھی پوری ہو جائیں۔ :)
جی جناب ضرور۔ جو فسادی ہیں وہ تو آئیں گے نہیں اور جو فسادی سمجھے گئے وہ شائد آجائیں۔
میری ذاتی خواہش ہے کہ اور کوئی معطلین میں سے آئے نہ آئے لیکن ایشل ضرور آئے:D
 
سوشل میڈیا جہاں سب کچھ کھا گیا، رشتے، ناطے، تعلقات، لحاظ مروت اور لوگوں کی توجہ! (جو کبھی ہمیں حاصل تھی) تو پھر ایک فورم کیا کر سکتا ہے کہ جس پر پرانی طرز پر زیادہ تر سنجیدہ باتیں ہوا کرتی ہیں۔

سوشل میڈیا کا کنٹینٹ عادی بنانے کی حد تک انگیجنگ ہیں، ٹیمپٹیشن سے بھرپور ہے ۔ ہر کسی کے لئے پرسنلائزڈ ہے۔ مزید یہ کہ بغیر رُکے اسکرولنگ کی ایڈکشن تو انسان سے اُس کی اہم ترین ذمہ داریاں تک چُھڑوا دیتی ہے سو ایک فورم کیا چیز ہے۔

مزید ببراں اب زور ویڈیو مواد پر ہے۔ ویڈیو مواد کے لئے آپ کو پڑھنا نہیں پڑتا، محنت نہیں کرتی۔سست سے سست انسان بھی ویڈیو دیکھتا رہتا ہے کہ اس میں مواد آپ پر بیتتا ہے (اور آپ passive حالت میں پڑے رہتے ہیں)۔ آپ کو خود سے کوشش نہیں کرنی پڑتی۔

سوشل میڈیا پر آپ دنیا بھر کی خرافات پوسٹ کرتے رہیں کوئی آپ کو نہیں پوچھے گا، کوئی نشاندہی نہیں کرے گا۔ خارج از بحر اشعار ایک فیک آئی ڈی کے تحت لگا دیں، سینکڑوں لائیکس اور تبصرے آ جائیں گے۔

یہاں محفل کا یہ حال ہے کہ آپ کی اصلاح کی جاتی ہے، نشاندہی کی جاتی ہے، املا، تلفظ ہجے کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ اور نئے لوگوں میں سے زیادہ تر لوگ سیکھنا نہیںں چاہتے۔

پھر یہ بھی ہوا کہ محفل سے پرانے لوگ بھی اُٹھتے گئے، مصروف ہو گئے، علیل ہو گئے، حتیٰ کہ وفات پا گئے۔ ہر نئی پیڑھی کا حال پچھلی پیڑھی کے مقابلے میں خراب ہے (اگر آپ اسے نوسٹلجیا نہ سمجھیں تو)۔

جو بادہ کش تھے پرانے وہ اُٹھتے جاتے ہیں
کہیں سے آبِ بقائے دوام لے ساقی

سو کہنے کا مطلب یہ ہے کہ جو بھی کچھ ہو رہا ہے وہ فطری ہے اور خود کار ہے۔

اگر ہم سب محفل یا محفل کی طرز کا کوئی پلیٹ فارم بچانا، بنانا یا برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں ضرورت سے زیادہ محنت کی ضرورت ہوگی۔ اتنی کمٹمنٹ شاید آج کے مصروف لوگ پوری نہ کر سکیں۔

آپ نے محفل کے اختتام کی وجوہات کا خلاصہ بیان کر دیا شاید یہ ان سارے سوالوں کا جواب بن جائے جو محفلین کے دلوں میں اٹھ رہے ہیں..
 
گزشتہ چھ ماہ میں اردو محفل میں آٹھ نئے ممبرز بنے ہیں، اور اُن نئے ممبران کے مراسلات کی کُل تعداد صفر ہے۔ میرا خیال ہے کہ اعداد و شمار خود اس شاندار پلیٹ فارم کے زوال کی داستان سُنا رہے ہیں۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اردو محفل اپنی نوعیت کا بے مثل فورم ہے تاہم اس مہیب سناٹے کا کیا علاج!

اس فورم کے ذریعے جو کچھ ہونا تھا، وہ ہو چکا۔ شاید، مزید کچھ کہنے سننے لکھنے کو ہے ہی نہیں۔

ازراہِ تفنن: شاید ہم ایسے چند فعال اراکین کو دیکھ کر انتظامیہ اُکتا گئی ہے، اور شاید ہم خود بھی۔ :)


میں اپنے اوپر بیتی بتاتا ہوں کہ جب مجھے اپنا پاسورڈ یاد نہیں آ رہا تھا تو میں نے Forget پاسورڈ کر کے نجانے کتنی بار کتنے دنوں تک کوشش کی. اس کے علاوہ نئی ای میل سے کتنے اکاؤنٹ بنانے کی کوشش کی مگر مجال ہے کہ ایک توثیقی ای میل بھی اردو محفل کی طرف سے آئی ہو.

میں کس سے رابطہ کرتا..
مجھے اتنے دنوں تک یہی لگ رہا تھا کہ شاید اب نئے لوگوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے..

تو جو آپ کہہ رہے ہیں کہ لوگ اکاؤنٹ نہیں بناتے شاید بہت سوں کے ساتھ یہ مسئلہ آ رہا ہو.
 
بلکہ یوں کرتے ہیں کہ جن کو بین کیا گیا ہے ان کی پابندی بھی ختم کر دیتے ہیں تاکہ وہ ان کی باقی فساد کرنے کی حسرتیں بھی پوری ہو جائیں۔ :)
بھیا ایک تجویزہے
اگر آپ منتظمین کو مناسب لگے تو ضرور آگاہ کیجیے گا
تجویز یہ ہے کہ "ایک دن کا منتظم و مدیر"کے عنوان سے ایک سلسلہ شروع کیا جائے۔جس میں محفلین کی رائے سے یا آپ منتظمین کی طرف سے کسی محفلین کو ایک دن کے لیے منتظم یا مدیر کے فرائض سونپ دئیے جائیں۔
شاید اسی بہانے ہمیں بھی مدیر بن جانے کا موقع مل جائے ۔محفل کے ان آخری ایام میں ہمیں عمران بھیا کاحساب کتاب چکتا کرنے کا موقع مل جائے گا۔
 
آخری تدوین:

سید عاطف علی

لائبریرین
رد عمل تو کافی حد تک آ چکا اور وقتا فوقتا آتا بھی رہے گا ، اگر بند کرنے کی وجہ انتظامی امور کی کو تاہی ہی ہے (جیسا کہ ظفری بھائی نے محتاط اور نپے تلے انداز سےاپنے تجزیے میں اشارۃََ بتایا ) تو اس کا سد باب فورم کو بند کرنا نہیں ہو گا۔ یہ آج کی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ دنیا کی دیگر اقوام کی طرح اردو بولنے والے معاشرے تیزی سے تغیر پذیر ماحول رکھتے ہیں اور ترقی کی طرف گامزن ہیں ۔ ایسے مین نہ صرف ادب بلکہ سوسائٹی کو اس قسم کے فورم کی ازحد ضرورت ہے جو پانچ چھے سال سے تک قبل محفل پر باہمی بحثوں میں جھلکتا تھا ۔ایسا ارتقائی ایٹماسفئیر محض انتظامی کو تاہی اور بے جا لاگو کی جانے والی قدغنوں کی وجہ سے دانستہ یا نا دانستہ گھٹن کا شکار بنا دیا گیا ۔
اردو کے معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ فی الحال اردو کا کوئی ایسا فورم انٹرنیٹ پر موجود نہیں جو اتنے دوستانہ ، سنجیدہ اور پیدا واری مواد فراہم کر رہا ہو اور اسی ضمن میں ، میں نبیل کی اس بات سے اتفاق نہیں کر سکتا کہ فورم اپنا مقصد حاصل کر چکا ہے ۔ایسے فورم کی مشرقی اقدار کے مغربی ترقیاتی نتائج کے تحت بدلتے حالات میں اشد ضرورت ہے ۔ اردو بولنے والی نو جوان نسل کو رہنمائی کی سمت دینا اایک بڑی خدمت ہو گی البتہ اس بات کا ادراک کرنا اہم ہے کہ انتظامی عملہ مثبت محفلین اور شارکین کو کس طرح متوجہ اور کرتا ہے اور مثبت سمت میں مینووور کرسکتا ہے یہی سب سے بڑا چیلنج ہے جیسا کہ نبیل کے پہلے مراسلے کے آخر میں مذکور ہے ۔
اب بجائے اس کے کہ فورم کو ہمیشہ کے لیےخاموش کر دیا جائے ضرورت اس امر کی تھی کہ فعال متحرک اور معتدل اور موثر انتظامی ڈھانچے پر غور کیا جاتا ۔ رہی بات محفلین کے آپس کے استوار ہونے والے تعلقات، جذباتی وابستگی کی اور دوستیوں کی تو اس کے لیے ضرورت اور ایجاد کے رشتے کے تحت اپنا راستہ نکل ہی آتا ہے ۔ بہر حال اگر ایک آہنی قفل ہی محفل کےداخلی دروازے کا مقدر بن کر اس قضیے کو فیصل کر چکا ہے تو کیا کہا جا سکتا ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
اگر بند کرنے کی وجہ انتظامی امور کی کو تاہی ہی ہے (جیسا کہ ظفری بھائی نے محتاط اور نپے تلے انداز سےاپنے تجزیے میں اشارۃََ بتایا ) تو اس کا سد باب فورم کو بند کرنا نہیں ہو گا۔
میں نبیل کی اس بات سے اتفاق نہیں کر سکتا کہ فورم اپنا مقصد حاصل کر چکا ہے ۔
اردو کی ترقی کا مشن تو یقینا جاری رہےگا اور اس کے لیے کسی پلیٹ فارم کی ضرورت بھی باقی رہے گی۔ آج سے بیس سال قبل جب اردو محفل فورم کو سیٹ اپ کیا گیا تھا تو یہ محض ایک تجربہ تھا۔ تمام زمرہ جات خودرو انداز میں نمودار ہوتے گئے۔ جہاں تک مقصد پورا ہونے کاتعلق ہے تو کم از کم جزوی طور پر یہ بات درست ضرورہے۔
مقصد فورم انتظامیہ یا فورم ممبرز کی فعالیت پر سوال اٹھانا نہیں ہے۔ یہاں سب لوگ اپنی فرصت میں سے وقت نکال کر آتے ہیں۔ یقینا دوسری ترجیحات پہلی جگہ پر ہیں۔ اردو ویب پر ہوسٹنگ اور سوفٹویر لائسنسز کے اخراجات ملا کر قریباً سات سے آٹھ سو ڈالر سالانہ بن جاتے ہیں۔ فورم کی گزشتہ چند سال کی فعالیت دیکھی جائے تو اس خرچ کا درست ریٹرن نظر نہیں آتا۔ اس صورت میں فورم اور باقی سائٹس کو آرکائیو کرنا ہی درست راستہ معلوم ہوتا ہے۔
 
آخری تدوین:

رانا

محفلین
اس دور میں مصروفیات میں سے وقت نکالنا اور فعالیت والا مسئلہ اتنا واضح ہے کہاس کا ذاتی تجربہ اس طرح ہوا کہ یونیورسٹی کا ہمار انو طلبہ و طالبات کا بڑا اچھا گروپ یونی میں بن گیا تھا اکٹھے پڑھنا اکٹھے گھومنا اور گپ شپ۔ یونی کے اختتام پر اس وقت تو شائد واٹس ایپ اتنا پاپولر نہیں تھا لیکن کچھ عرصہ بعد واٹس ایپ گروپ بنایا گیا اور شروع میں تو بڑی ہلچل رہی لیکن اب کبھی سال بعد عید مبارک کا کوئی میسج کردیتا ہے حالانکہ امید نہیں تھی کہ اتنے بےتکلف دوستیاں یوں زندگی کے ہنگاموں کی نذر ہوجائیں گی۔ تو محفل پر تو موبائل سے لکھنا واٹس ایپ کی نسبت زیادہ مشکل ہے پھر یہ کیسے بچی رہتی۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
ذرا محفل فورم کی فعالیت کا گراف ملاحظہ فرمائیے:

1746001337617.png

لگتا ہے کہ الوداع کے اعلان کے بعد شمع بجھنے سے پہلے آخری مرتبہ بھڑک اٹھی ہے۔ :)
 
Top