منحوس از قلم نیرنگ خیال

با ادب

محفلین
ہمیں تو آپکی نحوست میں کوئی شبہ نہ تھا آج یقین پختہ ہو گیا ..... ویسے جو مزہ منحوس ہونے میں ہے کسی اور میں کہاں
 

م حمزہ

محفلین
یوں تو دنیا میں بڑے بڑے منحوس گزرے ہوں گے۔ لیکن ہماری تو بات ہی الگ تھی۔ پیدائش سے لے کرجوانی تک ایسا کون سا کارنامہ تھا جو ہم نے کر نہیں دکھایا۔ یا کون سا ایسا کارنامہ تھا۔ جو ہم نے ہونے دیا ہو۔ ہردوصورت میں ہم نے ہمیشہ ستاروں کو گردش میں دیکھا۔ اس بات پر اعتبار اس حد تک بڑھ گیا کہ کبھی کسی نے یہ بھی کہہ دیا کہ ستارے گردش نہیں کرتے تو ہم نے اس سے زندگی بھر مہذب انداز میں بات نہ کی۔ بلکہ آغاز گفتگو ہی یوں کرتے جیسے کوئی پرانے دوست مل گئے ہوں۔ یوں تو منحوس کہلائے جانا کوئی قابل فخر بات معاشرے میں نہیں گردانی جاتی۔ لیکن ہم نے اس شعبہ میں اس قدر تسلسل سے کامیابی حاصل کی کہ لوگ جہاں دستخط میں "ننگ اسلاف" لکھا کرتے تھے وہاں ہم نے تیرہ بخت لکھنا شروع کر دیا۔ اس کے ہمیں بہت سے فوائد حاصل ہوئے۔ مقامی احباب اس کو زیر سے پڑھتے۔ اور امریکی احباب زبر سے۔ ہر دوصورت میں معانی میں کوئی فرق نہ آتا۔ محض امریکی احباب کا تذکرہ یوں بھی کرنا مناسب ہے کہ فیشن میں "ان" ہے۔
زندگی میں جب بھی کسی کام کی ٹھانی ہے۔ تو یوں سمجھیے کہ زمین و آسماں اس کام کی تکمیل میں حائل ہوگئے۔ مجال ہے جو کبھی کسی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچا پائے ہوں۔ اہل خانہ و دیگر احباب اس عمل کو ہماری بد نیتی پر محمول کرتے۔ جب کہ ہمارا اس بات پر ایمان کامل تھا کہ " برستی آگ جو باراں کی آرزو کرتے"۔ بارہا یہ رمز سب کو سمجھانے کی کوشش کی کہ ہم اپنی طرف سے بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ لیکن بدگمانوں کو یقین نہ آنا تھا سو نہ آیا۔ اور وہ یہی کہتے پائے جاتے کہ ہمیں معلوم ہے تم کام نہ کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہو۔ مجبورا پرانے درویشوں کی طرح ہم کو بھی بےنیازی کا نعرہ مستانہ مارنا پڑتا۔ رفتہ رفتہ ان نعروں کی وجہ سے ہم نیازیوں میں بھی غیر مقبول ہوتے چلے گئے۔
ابتداء میں تو ہم اس کو محض قدرت کی ستم ظریفی سمجھتے رہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ پرانے واقعات کے تسلسل پر تجزیہ کرنے سے یہ حقیقت ہم پر عیاں ہوگئی کہ اگر کسی بھی کام کو کسی عبرت ناک انجام سے دوچار کرنا ہے تو ہمارا اس میں شامل ہونا ہی کافی ہے۔ یوں تو ہماری زندگی ان سیاہ کارناموں سے بھری پڑی ہے۔ لیکن کچھ واقعات ایسے ہیں جن کے بعد ہم نے سوچا کہ اب ہم کو باقاعدہ ادارہ بنا کر معاشرے میں نام کمانے کا سوچنا چاہیے۔ اور ایسے تمام لوگوں کی سرپرستی کرنی چاہیے۔ جو اپنی اس خوبی کو خامی سمجھتے آرہے ہیں۔ اور معاشرے کے ناروا سلوک کو برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
یہ ان دنوں کی بات ہے جب ہم پر گاڑی سیکھنے کا بھوت سوار تھا۔ لیکن گاڑی تو بہت دور ہمیں کہیں سے مرزا کی سائیکل بھی میسر نہ تھی۔ طالبعلمی کا دور گزرنے کے بعد جب ہم کماؤ پوت بن گئے تو سوچا۔ اب ہی وہ دن ہیں۔ جب ہم اپنے اس شوق کی تکمیل کر سکتے ہیں۔ ہمیں کسی سہارے کی ضرورت نہیں۔ بس کسی بھی ڈرائیونگ اسکول کا دورہ کرنا ہے۔ اور پھر سڑکیں ہماری کاریگری دیکھیں گی۔ صبح کو دفتر جاتے اور شام کو واپس آتے ہمارا کام یہی رہ گیا تھا کہ مارکیٹ میں کہیں ڈرائیونگ اسکول کا بورڈ نظر آئے تو بس جھٹ سے شاگرد ہوجائیں۔ لیکن لگتا یہ تھا کہ دنیا کے تمام ایسے اسکول بند ہوچکے ہیں۔ یا سنہری تالاب میں سنہری پھول کی حفاظت پر مامور بلا کی مانند ہماری طرح کے خوش نحوستیوں کا شکار ہو چکے تھے۔ کبھی خواب میں خود کو ڈرفٹنگ کرتے دیکھتے۔ تو کبھی ڈریک ریسز میں اپنا نام سب سے اونچا لکھا نظر آتا۔ لیکن وائے قسمت کہ یہ تو بہت دور ہمیں تو ابھی تک انجن اسٹارٹ کرنے کا بھی موقع نہ ملا تھا۔ ایک دن گھر کے قریب والی مارکیٹ کچھ سامان لینے گئے کہ واپسی پر ایکا ایکی آنکھوں نے عجب منظر دیکھا۔ ایک گھر کے باہر ڈرائیونگ اسکول کا بورڈ لگا ہوا تھا۔ اتنی قریب ڈرائیونگ اسکول۔ بچہ بغل میں اور ڈھونڈورا شہر میں۔ دل کیا کہ فوراً چار پانچ الٹی قلابازیاں لگائیں۔ لیکن اس ڈر سے نہ لگائیں کہ اگر خدانخواستہ کوئی چوٹ لگ گئی تو ہمارا ڈرائیونگ سیکھنے کا کام اور لٹک جائے گا۔ بس فوراً فون نمبر نوٹ کیا اور وہیں کھڑے کھڑے کال ملا دی۔
دوسری طرف سے کسی لڑکے نے فون اٹھایا۔ ہیلو!
ہم نے اس کی سات پشتوں پر احسان کرتے ہوئے کہا۔ کہ وہ جس کی خاطر آپ نے بورڈ لگا رکھا تھا۔ وہ شاگرد خاص وہ خاقان کٹ مار آپ تک آپہنچا ہے۔
جی؟ دوسری طرف سے حیرت زدہ آواز سنائی دی۔
اوہ میاں! گاڑی چلانی سیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے اب سادہ الفاظ میں اس کو بات سمجھائی۔
اوہ اچھا! سر ایسا ہے کہ میں اس وقت تو شہر سے باہر ہوں۔ واپس آتا ہوں تو میں خود آپ کو فون کروں گا۔ اس نے جواب دیا۔
"سر" کہنے پر ہم اس کی آواز شناسی کے قائل ہوگئے۔ دل میں سوچا۔ لڑکا سمجھدار ہے۔ اور صاحب ِسماعت بھی۔
دو دن گزر گئے۔ ہم نے دوبارہ اس کو فون کیا۔ اس نے کہا کہ کل اتوار ہے۔ میں گھر پر ہوں گا۔ تو آپ سے ملاقات بھی ہوجائے گی۔ اور وہیں پر باقی معاملات بھی دیکھ لیں گے۔ لیکن اس کو کیا معلوم تھا کہ وہ ہم جیسی ہستی کے استاد ہونے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ یوں تو ہمیں معلوم تھا کہ کوئی چھوٹا موٹا سیہ بخت ہماری استادی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ لیکن ہم کسی کے حق میں اتنے زہر قاتل ثابت ہوں گے اس کا اندازہ ہمیں اتوار کو ہی ہوا۔
کوئی صبح سویرے 10 بجے کا وقت ہوگا۔ سورج آسمان پر انگڑائیاں لے رہا تھا۔ کبھی بادلوں کی چادر تان کر سو جاتا تو کبھی حالاتِ حاضرہ سے واقفیت کے لئے زمین پر نظر مار لیتا۔ ہم سورج کی اس آنکھ مچولی سے بےنیاز سرد موسم میں نرم نرم دھوپ سینکنے کی نیت سے چھت پر کھڑے تھے۔ نیت کا واضح کرنا اس لئے ضروری سمجھتے ہیں کہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے۔ اور سورج کو ہماری اس نیت کا علم ہو چکا تھا تبھی جب سےہم چھت پر تھے۔ سورج صاحب بادلوں کی چادر تانے محو استراحت تھے۔ البتہ دائیں بائیں کی چھتوں سے کئی چاند دن کو آدھے آدھے نظر آرہے تھے۔ خدا گواہ ہے کہ اگر ہم چاند دیکھنے کی نیت اسی وقت کر لیتے تو اگلے کئی سال تک گرہن لگا رہتا۔ ابھی چھت پر اِدھر اُدھر دھوپ کی آس لئے کسی مناسب کونے کی تلاش میں تھے کہ کیا دیکھتے ہیں کہ سامنے والے میدان میں ہجوم ہے۔ پولیس ہی پولیس۔ گاڑیاں ہی گاڑیاں۔ نظریں دوڑائیں کہ ہجوم کا مرکز معلوم کر سکیں۔ تو مرکز پر اسی اسکول والے گھر کا گماں گزرا۔ دل میں اندیشے جاگنے لگے۔
تو وہ نوجوان گزر گیا۔
افففف۔۔۔۔۔
دوسرا خیال آیا کہ پہلا خیال جھوٹ ہوگا۔ کچھ اور معاملہ ہوگا۔ اللہ رحم کرے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ ایک جنازہ لا کر میدان کے درمیان رکھا جا رہا ہے۔ فوراً گھر سے نکلے ۔ وہاں تک پہنچتے پہنچتے جنازہ شروع ہونے والا تھا۔ خاموشی سے جنازہ پڑھا۔ اور بعد جنازہ ڈرتے ڈرتے ایک آدمی سے پوچھا۔ کس کا جنازہ ہے۔ اس نے کہا۔ رات سامنے ڈرائیونگ اسکول والوں کا لڑکا قتل ہوگیا ہے ۔وہ تو ہمیں اور بھی معلومات دینا چاہ رہا تھا۔ لیکن دل بجھ گیا تھا۔ خود کو مجرم سمجھتے ہم چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتے میدان سے نکل آئے۔
اس واقعے کا ہم پر بہت اثر ہوا۔ ہم اپنے حق میں تو ہمیشہ ہی منحوس ثابت ہوتے تھے۔ لیکن اب تو ہماری نحوست کا دائرہ کار بہت بڑھتا جا رہا تھا۔ جس کام کا ارادہ کرتے تھے۔ اس سے جڑے لوگ بھی کسی نہ کسی مشکل میں گرفتار ہو جاتے تھے۔ ایک دن واپسی پر ہماری پک اینڈ ڈراپ والے نے ہم سے کہا کہ سر اگر آپ نے کل کہیں جانا ہے تو گاڑی اپنے پاس رکھ لیں۔ کیوں کہ میچ کی وجہ سے میں نہیں آ سکوں گا۔ میں نے کہا یار تم بےفکر رہو۔ میں اپنا بندوبست کر لوں گا۔ مجھے گاڑی چلانی نہیں آتی۔ اس پر اس نے کہا۔ یہ کون سا کام ہے۔ بس آج سے میں آپ کو گاڑی چلانی سکھاؤں گا۔ میں نے اسے ہمدردانہ نظروں سے دیکھا۔ میرے اس سے اچھے تعلقات تھے۔ اور میں واقعی نہیں چاہتا تھا کہ مجھے جلد ہی ایک نیا پک اینڈ ڈراپ والا ڈھونڈنا پڑے۔ لہذا میں نے اسے کہا۔ کہ پریشانی والی بات نہیں۔ میں جلد ہی کسی اسکول سے سیکھ لوں گا۔ لیکن اس نے کہا۔ نہیں۔ بس آج سے آپ کی کلاس شروع۔ اور ہمارے گھر کے باہر والی سڑک پر اتر کر کہنے لگا۔ کہ ڈرائیونگ سیٹ پر آجائیں۔ میں ڈر رہا تھا۔ لیکن پھرسوچا کہ جو بھی ہوگا دیکھا جائے گا۔ ابھی سیٹ پر بیٹھ کر انجن اسٹارٹ کیا۔ اس نے مجھے گاڑی کے گئیر، کلچ اور بریک کے متعلق ایک درس دیا۔ پھر اس نے کہا۔ کہ یہ سامنے والی گاڑیاں گزر جائیں تو ہم آرام آرام سے ڈرائیو کر کے گھر چلے جائیں گے۔ اور میں سوچ رہا تھا کہ برے سے برا کیا ہو سکتا ہے۔ کہ ایسے میں پیچھے سے ایک کار آکر سامنے رکی۔جس کے اندر کوئی فیملی بیٹھی تھی اور بونٹ میں آگ لگی ہوئی تھی۔ ذرا تصور کیجیئے کہ بونٹ میں آگ۔ میرے لبوں پر ایک مسکراہٹ تیر گئی۔ بالکل ویسی جیسی شکار کو سامنے دیکھ کر شکاری کے ہونٹوں پر نمودار ہوتی ہوگی۔ ڈرائیور اتر کر اس کی طرف بھاگا۔ اور ان سب کو نیچے اترنے کا کہہ کر فوراً آگ بجھانے لگا۔ میں فخریہ انداز میں اس گاڑی کو دیکھ کر یہ سوچ رہا تھا کہ کب سے گاڑی گرم ہوئی ہوگی۔ لیکن اس کو عین میرے سامنے آکر ہی رکنا تھا۔ ابھی اپنے اسی تیس فٹ کے نحوستی دائرہ پر سوچ رہا تھا کہ اس فیملی میں سے ایک لڑکی میرے تک آئی اور کہنے لگی کہ آپ مجھے اپنا فون دیجیے۔ میں گھر فون کر سکوں۔ میں جیب سے فون نکال رہا تھا تو وہ کہنے لگی جلدی کرو۔ غالباً مجھے ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا دیکھ کر اس نے مجھے ڈرائیور ہی سمجھا۔ میں نےبھی اس کے لیجے سے تاثر بھانپ کر مسکرا کے کہا۔ بی بی میں گاڑی ضرور چلاتا ہوں گا کرائے پر لیکن فون نہیں چلاتا۔ صبر کرو۔ فون دیکھ کر اس نے ایسی نظروں سے مجھے دیکھا گویا ابھی ابھی میں کسی کا فون چرا کر لایا ہوں۔ اس کے بعد اس نے جب فون پکڑا تو اس کو آپریٹ کرنا بھی نہیں آتا تھا۔ آخر مجھے اتر کر اس کو نمبر ملا کر دینا پڑا۔ اور نحوست کی انتہا دیکھیے کہ اس نے بھی اپنے باپ کا نمبر ملایا۔ وائے حسرتا!
اس سے پہلے میں آپ کو کوئی اور واقعہ سناؤ ایک دوست کا تعارف کرواتا چلتا ہوں۔ ہمارے ایک بے حد محترم دوست ہیں۔ یہاں میں احباب کو بتاتا چلوں کہ ہمارے دوست بھی نحوست میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔ اور کچھ چھوٹے موٹے کام نہیں کرتے۔ ان کی اس میدان میں گرفت ظاہر کرنے کو ذرا یہ واقعہ سنیے۔
موصوف کا ایک جائز کام اٹکا ہوا تھا۔ اور کام نکالنے کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی تھی۔ آخر ان کو کسی نے مشورہ دیا کہ وہاں پر ایک آدمی ہے۔ جو کوئی عرصہ چالیس سال سے روپے لے کر لوگوں کے جائز و ناجائز کام کر رہا ہے۔ اور آج تک کسی کرپشن کے الزام میں نہیں پکڑ اگیا۔ اب ان کی بدقسمتی سمجھیے یا پھر اس بیچارے کی بدقسمتی۔ کہ یہ بذات خود اس کے پاس جا پہنچے۔ اور رقم اس کے ہاتھ تھما دی۔ اور مطمئن و شاداں گھر کو لوٹ آئے۔ الغرض قصہ مختصر کہ وہ آدمی چند دنوں میں ہی کرپشن کے الزام میں معطل ہوگیا۔ شاید بات یہیں ختم ہوجاتی تو بھی بہتر ہوتا۔ لیکن اس کے بعد پتا چلا کہ وہ پاگل ہوگیا ہے۔ اور را ہ جاتی گاڑیوں کو پتھر مارتا ہے۔ ہنستے ہوئے فرمانے لگے کہ اگر یہ کام ہوجاتا تو میں حیرت سے مر جاتا۔ لہذا اس کی یاد تازہ رکھنے کو آج بھی ہم سڑک کے کنارے کھڑے ہو کر پتھر پھینکتے ہیں اور اس جنتی راشی کے ایصال ثواب کا سامان کرتے ہیں۔
خیر ان کو ایک دن خیال آیا کہ گبرئیل گارشیا مارکیزکا آٹو گراف لینا چاہیے۔ میں نے ان سے عرض کی۔ یہ کون سا کام ہے۔ اس کے پرستار پوری دنیا میں ہیں۔ آخر بیرون ممالک والوں کے آٹو گراف کے لئے کوئی طریقہ تو ضرور وضع کیا ہوگا یار لوگوں نے۔ گوگل کا سہار لیا۔ اور اس پبلشر تک پہنچ گئے جس نے پورا طریقہ بتایا ہوا تھا۔ کہ کس طرح آٹو گراف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اور اس میں کتنی دیر لگ سکتی ہے۔ بس جناب۔ ہمارے دوست جذباتی ہوگئے۔ اور کہنے لگے کہ بس ایک دو دن میں ہی میں یہ کام کرتا ہوں۔ یہاں ہم دونوں یہ بات بھول گئے کہ ہم تو اکیلے اکیلے ہی بہت بھاری ہیں۔ کجا یہ کہ دونوں ملکر کسی کام کو نبٹانے جائیں۔ الغرض قصہ مختصرکہ دو ہی دن بعد کہنے لگے کل انشاءاللہ یہ کام لازماً کر گزرنا ہے۔ اسی شام کو اکیلا بیٹھا تھا۔ یونہی ٹی وی پر مختلف چینل گھما رہا تھا کہ کیا دیکھتا ہوں کہ گبرئیل گارشیا کی خبر چل رہی ہے۔ کہ کچھ دن سے علیل تھے۔ اور آج چل بسے۔ چند ثانیے تو افسوس سے خبر سنی اور اس کے بعد جب یہ خیال آیا شاید تب سے علیل ہیں۔ جب سے ہم نے آٹو گراف لینے کا طریقہ ڈھونڈا ہے۔ دوست نے کہا کہ یار آدمی ستاسی برس جیا۔ بس آٹو گراف کا سوچا تو دارِ فانی سے رخصت ہوگیا۔ اس کے بعد جو افسوس اور ہنسی کا ملاجلا دورہ پڑا ہے تو بس۔
اب احباب خود ہی بتائیں کہ ہم کو سست اور کام کو حیلے بہانوں سے ٹالنے والا کہنے والوں کو ہم کیا جواب دیں سوائے اس کے کہ اس نحوست کی دیوی کے چرنوں میں ہم نےاپنے کتنے ہی ارادوں کا بلیدان دیا ہے۔ اب تو ادارہ ترقی منحوساں کا سنگ ِ بنیاد رکھے بنا چارہ نہیں۔
بڑی دور تک جاتی ہے آپ کی نظر۔ مجھے کب سے جانتے تھے آپ؟
آج صبح کو میری نحوست کی ایک اور خبر ملی۔ ستم دیکھئیے کہ آج ہی اپنی کہانی آپ کی زبانی سنی۔ اور لکھیے۔ جی بھر کر۔
 

جاسمن

لائبریرین
اب تو ادارہ ترقی منحوساں کا سنگ ِ بنیاد رکھے بنا چارہ نہیں۔

جناب ہم جب انجمن تحفظ منحوساں بنائیں گے تو آپ دیکھیے گا کہ لوگ جوق در جوق اس میں شریک ہوں گے :)
آپ نے آخر کتنے ادارے بنانے ہیں محفل میں؟
اور سب کے سب
منحوس۔۔۔
سست۔۔۔۔
اور شاپر۔۔۔۔
قسم کے۔۔۔
 

جاسمن

لائبریرین
پھر سے یہ تحریر پڑھی۔
ایسے لگا جیسے پہلی بار پڑھ رہی ہوں۔
بہت مزے کی تحریر ہے۔
خوب لکھا ہے۔ بات سے بات نکالنا۔۔۔غیر اہم سے اہم بنانا۔ ایک چھوٹی سی بات کو زیبِ داستاں بنا دینا فن ہے اور نیرنگ اس فن میں ماہر۔
 
Top