غزل ۔۔۔ اشک ہو، آنکھیں بھگونا ہو تو پھر ۔۔۔ محمد احمدؔ

محمداحمد

لائبریرین
غزل

اشک ہو، آنکھیں بھگونا ہو تو پھر
آنکھ میں سپنا سلونا ہو تو پھر

کب تلک بخیہ گری کا شوق بھی
عمر بھر سینا پرونا ہو تو پھر

دوست! انٹرنیٹ پر؟ اچھا، چلو !
اور گلے جو لگ کےرونا ہو تو پھر

وہ مری دلجوئی کو حاضر مگر
اُس کا ہونا بھی نہ ہونا ہو تو پھر

اُس کو پانے کی طلب!پر سوچ لو
اُس کو پا نا ، اُس کوکھونا ہو تو پھر؟

نازُکی تو سیکھی اُس نے پھو ل سے
تتلیوں کا بوجھ ڈھونا ہو تو پھر؟

یوں جو خوش ہو اُس کو ہنستا دیکھ کر
اُس کا ہنسنا ،اُس کا رونا ہو تو پھر؟

یوں تو گجروں سے کلائی سج گئی
چاہ اُس کی چاندی سونا ہو تو پھر؟

لوگ کہتے ہیں کہ دُنیا گول ہے
مفلسی کونہ بہ کونہ ہو تو پھر

احمدؔ اپنے دل کو خوش کرنے چلے
اور غم دل کا کھلونا ہو تو پھر؟

محمد احمدؔ
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
دوست! انٹرنیٹ پر؟ اچھا، چلو !
اور گلے جو لگ کےرونا ہو تو پھر

یوں جو خوش ہو اُس کو ہنستا دیکھ کر
اُس کا ہنسنا ،اُس کا رونا ہو تو پھر؟

لوگ کہتے ہیں کہ دُنیا گول ہے
مفلسی کونہ بہ کونہ ہو تو پھر

واہ واہ۔۔۔ احمد بھائی شاندار۔۔۔ حسب روایت بہت ہی اعلیٰ کلام۔۔۔ زبردست ۔۔۔۔ لطف آگیا۔۔۔ شاد رہیں سرکار۔۔۔۔ اللہ کرے زورِ سخن اور زیادہ
 

شیزان

لائبریرین
دوست! انٹرنیٹ پر؟ اچھا، چلو !
اور گلے جو لگ کےرونا ہو تو پھر

وہ مری دلجوئی کو حاضر مگر
اُس کا ہونا بھی نہ ہونا ہو تو پھر

اُس کو پانے کی طلب!پر سوچ لو
اُس کو پا نا ، اُس کوکھونا ہو تو پھر؟


اعلیٰ احمد بھائی
داد قبول فرمایئے
 

محمداحمد

لائبریرین
دوست! انٹرنیٹ پر؟ اچھا، چلو !
اور گلے جو لگ کےرونا ہو تو پھر

یوں جو خوش ہو اُس کو ہنستا دیکھ کر
اُس کا ہنسنا ،اُس کا رونا ہو تو پھر؟

لوگ کہتے ہیں کہ دُنیا گول ہے
مفلسی کونہ بہ کونہ ہو تو پھر

واہ واہ۔۔۔ احمد بھائی شاندار۔۔۔ حسب روایت بہت ہی اعلیٰ کلام۔۔۔ زبردست ۔۔۔ ۔ لطف آگیا۔۔۔ شاد رہیں سرکار۔۔۔ ۔ اللہ کرے زورِ سخن اور زیادہ

شکریہ ذوالقرنین بھائی ۔۔۔۔!

خوش رہیے۔ :)
 

محمداحمد

لائبریرین
دوست! انٹرنیٹ پر؟ اچھا، چلو !
اور گلے جو لگ کےرونا ہو تو پھر

وہ مری دلجوئی کو حاضر مگر
اُس کا ہونا بھی نہ ہونا ہو تو پھر

اُس کو پانے کی طلب!پر سوچ لو
اُس کو پا نا ، اُس کوکھونا ہو تو پھر؟


اعلیٰ احمد بھائی
داد قبول فرمایئے

بہت شکریہ شیزان بھائی ۔۔۔۔!

ممنون ہوں۔
 

فلک شیر

محفلین
ایسے شعر نکالنے والا بندہ محفل میں محمداحمد ہی ہو سکتا ہے ۔۔
بہت خوب احمد بھائی :)
دل تو چاہ رہا ہے، کہ آپ کے گلے ملا جائے جلد ہی ۔۔ رونا تو بعد کی بات ہے ۔۔
 

فلک شیر

محفلین
رشک آ رہا ہے شاعر کی قسمت پہ ، کہ لفظ گری سے لے کر معانی آفرینی سب منازل سےگزرتا ہے۔ اللہم یبارک فیک اخی الکریم
 

محمداحمد

لائبریرین
ایسے شعر نکالنے والا بندہ محفل میں محمداحمد ہی ہو سکتا ہے ۔۔
بہت خوب احمد بھائی :)
دل تو چاہ رہا ہے، کہ آپ کے گلے ملا جائے جلد ہی ۔۔ رونا تو بعد کی بات ہے ۔۔

بہت شکریہ فلک شیر بھائی ۔۔۔!

آپ ایسے دوستوں کی محبت ہی تو ہے کہ جس سے زندگی کے مختلف مراحل میں ڈھارس ملتی رہتی ہے۔

رشک آ رہا ہے شاعر کی قسمت پہ ، کہ لفظ گری سے لے کر معانی آفرینی سب منازل سےگزرتا ہے۔ اللہم یبارک فیک اخی الکریم

شکریہ ۔۔۔! :)

شعر کہنے کا عمل سوچ اور الفاظ کی مدد سے تصاویر بنانے کا عمل ہے اور یہ واقعی بہت ہی دل فریب شے ہے۔
 

محمداحمد

لائبریرین
ہمیں بھی وہ مقام بتایا جائے جہاں سے آپ ایسے شعر نکالتے ہیں :)

:)

ہم نے فکر کے بینک میں شاعری کے نام سے ایک اکاؤنٹ کھولا ہے اس اکاؤنٹ سے منسلک خیال آفرینی کے غیر مقفل لاکر میں یہ اور ایسے بہت سارے اشعار پائے جاتے ہیں۔ :)

آپ بھی اگر اس طرح کے اشعار نکالنا چاہیں تو نکال سکتے ہیں۔ ;) بس یہ کہ ہمارے اکاؤنٹ سے نہیں نکال سکیں گے۔ :p آپ کو اپنا الگ اکاؤنٹ کھولنا ہوگا۔ :D
 

الف عین

لائبریرین
بہت خوب۔
کونہ بہ کونہ۔۔۔ کبھی دیکھا نہیں، کو بہ کو ہی سنا ہے۔ یہ استعمال اچھا نہیں لگا۔
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب۔
کونہ بہ کونہ۔۔۔ کبھی دیکھا نہیں، کو بہ کو ہی سنا ہے۔ یہ استعمال اچھا نہیں لگا۔

بہت شکریہ اعجاز عبید صاحب،

"کونہ بہ کونہ " شاید اس لئے برا لگ رہا ہو کہ "کونہ" ہندی کا اور "بہ" فارسی کا ہے۔ لیکن یہ تو پورا کا پورا شعر ہی دنیا کی گولائی اور کونوں پر منحصر ہے سو تبدیلی تو ممکن نہیں ہے۔ شعر ہی غزل سے نکالا جا سکتا ہے۔
 
Top