احمد مشتاق دل میں شور برابرہے ۔۔۔۔ احمد مشتاق

نوید صادق

محفلین
غزل

دل میں شور برابر ہے
کون اس گھر کے اندرہے

عشق میں کوئی وقت نہیں
دن اور رات برابر ہے

دل پر کوئ بوجھ نہیں
یعنی آپ ہی پتھر ہے

باہر خوب ہنسو، بولو
رونے دھونے کو گھر ہے

دکھ کی مسلیں چار طرف
دل بھی میرا دفتر ہے

ترکِ عشق سے جی کا حال
پہلے سے کچھ بہتر ہے

ختم ہوا سب کاروبار
یادیں ہیں اور بستر ہے

تم ہو شاد نہ میں غمگیں
یہ موسم کا چکر ہے

ساحل سے پوچھو مشتاق
کتنی دور سمندر ہے

(احمد مشتاق)
 
محمد وارث

لائبریرین
بہت شکریہ نوید صاحب خوبصورت غزل شیئر کرنے کیلیئے!

یہ اشعار بہت اچھے ہیں یا مجھے لگے :)

دل میں شور برابر ہے
کون اس گھر کے اندرہے

عشق میں کوئی وقت نہیں
دن اور رات برابر ہے

ساحل سے پوچھو مشتاق
کتنی دور سمندر ہے
 
نوید صادق

محفلین
غزل

نکلے تھے کسی مکان سے ہم
روٹھے رہے اک جہان سے ہم

بدنامیاں دل سے آنکھ تک تھیں
رسوا نہ ہوئے زبان سے ہم

ہے تنگ جہانِ بود و نابود
اترے ہیں کسی آسمان سے ہم

پھولوں میں بکھر گئے تھے رستے
گزرے نہیں درمیان سے ہم

جو شان تھی ملتے وقت مشتاق
بچھڑے اسی آن بان سے ہم

شاعر: احمد مشتاق
 
نوید صادق

محفلین
غزل

یہ تنہا رات یہ گہری فضائیں
اسے ڈھونڈیں کہ اس کو بھول جائیں

خیالوں کی گھنی خاموشیوں میں
گھلی جاتی ہیں لفظوں کی صدائیں

یہ رستے رہرووں سے بھاگتے ہیں
یہاں چھپ چھپ کے چلتی ہیں ہوائیں

یہ پانی خامشی سے بہہ رہا ہے
اسے دیکھیں کہ اس میں ڈوب جائیں

جو غم جلتے ہیں شعروں کی چتا میں
انہیں پھر اپنے سینے سے لگائیں

چلو ایسا مکاں آباد کر لیں
جہاں لوگوں کی آوازیں نہ آئیں

(احمد مشتاق)
 
نوید صادق

محفلین
غزل

کہاں ڈھونڈیں اسے کیسے بلائیں
یہاں اپنی بھی آوازیں نہ آئیں

پرانا چاند ڈوبا جا رہا ہے
وہ اب کوئی نیا جادو جگائیں

اب ایسا ہی زمانہ آ رہا ہے
عجب کیا وہ تو آئیں، ہم نہ آئیں

ہوا چلتی ہے پچھلے موسموں کی
صدا آتی ہے ان کو بھول جائیں

بس اب لے دے کے ہے ترکِ تعلق
یہ نسخہ بھی کوئی دن آزمائیں

(احمد مشتاق)
 
نوید صادق

محفلین
بہت شکریہ نوید صاحب خوبصورت غزل شیئر کرنے کیلیئے!

یہ اشعار بہت اچھے ہیں یا مجھے لگے :)

دل میں شور برابر ہے
کون اس گھر کے اندرہے

عشق میں کوئی وقت نہیں
دن اور رات برابر ہے

ساحل سے پوچھو مشتاق
کتنی دور سمندر ہے

وارث بھائی

شکریہ۔
لیکن کیا ہی اچھا ہو اگر ہم اس طرح پیش کردہ غزلوں پر تھوڑی بہت گفتگو بھی کر لیا کریں۔

شاعر کااس غزل میں رجحان، وغیرہ وغیرہ
 
محمد وارث

لائبریرین
بالکل بجا کہا آپ نے برادرم، ضرور بات ہونی چاہیئے!

اپنی حد تک تو یہی عرض کر سکتا ہوں کہ میں اس کام کا نہ ماہر ہوں اور نہ اہل، بس جو اشعار اچھے لگتے ہیں ان پر داد ضرور دیتا ہوں :)
 
آصف شفیع

محفلین
نوید صاحب! ہر غزل علیحدہ علیحدہ پوسٹ کریں تو ہر غزل پر احباب بات کر سکے ہیں۔ اور اعجاز صاحب کی تجویز بہت مناسب ہے کہ احمد مشاق کا بھی انتخاب کریں۔ امید ہے آپ اس پر غور کریں گے۔
 
نوید صادق

محفلین
نوید صاحب! ہر غزل علیحدہ علیحدہ پوسٹ کریں تو ہر غزل پر احباب بات کر سکے ہیں۔ اور اعجاز صاحب کی تجویز بہت مناسب ہے کہ احمد مشاق کا بھی انتخاب کریں۔ امید ہے آپ اس پر غور کریں گے۔

آصف! میں نے یہ غزلیں الگ سے بھی پوسٹ کر دیں ہیں۔
انتخاب بھی آئے گا۔
لیکن یہاں ایک مشکل ہے کہ احمد مشتاق کا کلیات ایک انتخاب ہی تو ہے۔
ویسے میں کسی دن فون پر ان سے بات کروں گا۔ اگر انہوں نے اجازت دے دی تو پورا کلیات ہی اپلوڈ کر دیں گے۔
 
الف عین

لائبریرین
واہ واہ۔ یہ ہوئی نہ بات۔۔۔ لیکن نوید اگر احمد مشتاق اجازت دے دیں تو کلیات کے ناشر سےفائل ہی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے نا۔۔۔ اس میں کام جلدی ہو جاتا ہے، بلکہ خواہ مخواہ ارکان کی محنت بچتی ہے۔ ممکن ہے کہ فائل انہیں کے پاس ہو۔
 
اعجاز بھائی۔
احمد مشتاق کی کلیات کی اشاعت الہ آباد سے شمس الرحمٰن فاروقی نی کی تھی۔ 90 کی دہائی میں ناصر کاظمی کے بیٹے نے بھی اس کو شائع کیا تھا۔ اب دونوں نسخے ناپید ہیں۔
 
الف عین

لائبریرین
شب خون کتاب گھر کا نسخہ یہاں مل تو سکتا ہے، لیکن بہت ممکن ہے کہ اس کی سی ڈی احمد مشتاق کے پاس ہی ہو۔ وہ آسان ہے۔ فاروقی کو میں لکھ چکا ہوں لیکن وہ اس دنیا میں نہیں۔۔ ان کے بھانجے نور فاروقی سے پوچھتا ہوں۔ بہر حال معلوم کرنے میں کیا حرج ہے۔
 
میرا نہیں خیال کہ سی ڈی موجود ہو ۔ نوید صاحب کو خود ہی یہ کام کرنا پڑے گا۔ نوید صاحب! کیا آپ کے پاس کتابی شکل میں نسخہ موجود ہے؟ اگر نہیں تو میں اشرف سلیم سے کہوں گا وہ یہ نسخہ مہیا کر دے گا۔ وہاں سے انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ سافٹ کاپی تو مشکل سے ملے گی۔
 
محمداحمد

آصف شفیع بھائی بھی اب محفل میں نہیں آتے، نہ جانے کیا بات ہے؟
 
مغزل

محفلین
لاجواب لاجواب نوید بھائی مزا آگیا روح سرشار کردی پیارے بھائی ۔۔ واہ ۔۔ ویسے آپ ہیں کہاں غائب ؟؟؟ خدا خیر کرے ۔۔
 
Top