عابدہ پروین خبرِ تحیرِ عشق سن، نہ جنوں رہا، نہ پری رہی ۔ عابدہ پروین

فرخ منظور

لائبریرین
خبرِ تحیرِ عشق سن، نہ جنوں رہا، نہ پری رہی
گلوکارہ: عابدہ پروین


غزل بشکریہ وارث صاحب۔

خبرِ تحیرِ عشق سن، نہ جنوں رہا، نہ پری رہی

نہ تو تُو رہا، نہ تو میں رہا، جو رہی سو بے خبری رہی

شۂ بے خودی نے عطا کیا، مجھے اب لباسِ برہنگی
نہ خرد کی بخیہ گری رہی، نہ جنوں کی پردہ دری رہی

چلی سمتِ غیب سے اک ہوا کہ چمن ظہور کا جل گیا
مگر ایک شاخِ نہالِ غم جسے دل کہیں سو ہری رہی

نظرِ تغافلِ یار کا گلہ کس زباں سے کروں بیاں
کہ شرابِ حسرت و آرزو، خمِ دل میں تھی سو بھری رہی

وہ عجب گھڑی تھی کہ جس گھڑی لیا درس نسخۂ عشق کا
کہ کتاب عقل کی طاق پر جو دھری تھی سو وہ دھری رہی

ترے جوشِ حیرتِ حسن کا اثر اس قدر ہے یہاں ہوا
کہ نہ آئینے میں جِلا رہی، نہ پری میں جلوہ گری رہی

کیا خاک آتشِ عشق نے دلِ بے نوائے سراج کو
نہ خطر رہا، نہ حذر رہا، جو رہی سو بے خطری رہی


(سراج اورنگ آبادی)
 

مغزل

محفلین
بہت بہت شکریہ جناب ، یہ کلام رقصِ بسمل میں شامل ہے اور اس البم کا ٹائٹل ڈیزائن کرنے کا اعزاز ہمیں حاصل ہے ، ایک درجن اعزازی سی ڈی ہمیں دی گئیں تھیں د و ایک بچ گئی ہیں ، کس کو چاہیے ۔؟
 

فاتح

لائبریرین
واہ واہ کیا نگینہ رکھ چھوڑا ہے فرخ صاحب آپ نے محفل میں اور ہم ہیں کہ اسے کوچہ کوچہ قریہ قریہ ڈھونڈتے پھرتے ہیں۔ بہت شکریہ!
مغل صاحب! حیرت ہے چھ ماہ میں کوئی طلبگار نہیں ملا مگر ہم تو آرزا مند ہیں، ہمیں بھجوا دیجیے۔:)
 

فرخ

محفلین
بہت خوبصورت کلام۔
ابھی سننے کی نوبت نہیں آئی اور پڑھتے ہوئے مزا آنے لگ گیا۔
بہت اعلٰی فرخ بھائی۔
 

اشتیاق علی

لائبریرین
کیا خاک آتشِ عشق نے دلِ بے نوائے سراج کو
نہ خطر رہا، نہ حذر رہا، جو رہی سو بے خطری رہی

واہ کیا غزل ہے ۔ شیئرنگ کا شکریہ۔
 

فرخ

محفلین
آج پھر یہ غزل سُنی۔۔
اور بے اختیار داد دی۔ اسکے کمپوز کرنے والے کو، پیش کرنے والے کو اور یہاں‌شئیر کرنے والے کو۔
فرخ بھائی، بہت شکریہ
 

فرخ منظور

لائبریرین
اس غزل کے کمپوزر مظفر علی ہیں۔ یہ وہی مظفر علی ہیں جنہوں نے ریکھا والی فلم امراؤ جان بنائی تھی اور اس کی ہدایات بھی دی تھیں۔
 
Top