حسب سابق اردو محفل پر ”آناجانا“ تو ترک نہیں ہوا تھا، لیکن یہ لڑی نہ جانے کیوں اتنے دنوں بعد نظر آئی۔ کچھ روز قبل
جاسمن آپا نے ٹیگ کیا تو میں حیران تھا کہ صرف ٹیگ کے لیے اتنی بڑی لڑی کیوں بنائی گئی؟ آج یہ راز کھلا کہ یہاں تو چل چلاؤ کا موسم ہے۔
خیر، کافی دکھ ہوا۔
میرے لیے اردو محفل استاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ دیگر محفلین شاید مختلف مقاصد کے لیے محفل پر شامل ہوئے ہوں گے لیکن میں صرف ”سیکھنے“ کے لیے یہاں آیا تھا۔ جب میں نے کمپیوٹر سیکھنا شروع کیا تھا تب کسی دوست نے مجھے مشورہ دیا کہ ایک ویب سائٹ ہے: آئی ٹی دنیا۔ اسے دیکھتے رہا کرو۔ اس وقت وہاں مواد تصویری انداز میں ہوا کرتا تھا۔ میں نے اسے دیکھنا شروع کیا۔ کافی معلومات ملیں۔ لیکن کئی سوالات تشنہ رہتے تھے۔ پھر مائیکروسافٹ ورڈ سیکھنے کے دوران انٹرنیٹ پر بھٹکتے بھٹکتے اردو محفل دکھائی دی۔ یہاں کچھ الگ ماحول نظر آیا۔ دل نے گواہی دی کہ باقی تو چاہے جو بھی ہے، لیکن ایک بات یہ ہے کہ یہاں بہت سے لوگ اپنے اپنے فن میں ماہر ہیں۔ ایسے میں اور کیا چاہیے۔
اے ذوق کسی ہمدمِ دیرینہ کا ملنا
بہتر ہے ملاقاتِ مسیحا و خضر سے
مجھے یاد ہے کہ جب میں نے یہاں پہلا سوال کیا تو مجھے امید نہیں تھی کہ کوئی جواب دے گا لیکن جلد ہی جواب مل گیا اور پوری تسلی ہوئی۔ پھر تو میں نے:
مائیکرو سافٹ ورڈ
اردو کمپیوٹنگ
اردو پروفنگ
یونیکوڈ
او سی آر
وائس ٹائپنگ
کے متعلق اردو محفل پر بکھرا ہوا مواد نہایت شوق سے پڑھا۔ بہت سی فائلیں اپنے لیے مرتب کیں۔ بہت سے اشکالات حل کیے۔ بہت سے محفلین سے مراسلات میں استفادہ کیا۔ غرض مجھے جس چیز کا شوق تھا اس کی تسکین کا سامان یہاں بھرا پڑا تھا اور ۔۔۔۔ یہاں کے علاوہ شاید کہیں نہیں تھا۔ آج الحمد للہ گوجرانوالاجیسے ”کھانے پینے والے “ شہر کے اندر اردو کمپیوٹنگ سے متعلق معلومات میں مجھے بےشمار پڑھے لکھے لوگوں پر امتیاز حاصل ہے اور یہ سو فیصد اردو محفل ہی مرہونِ منت ہے۔ اور مجھے یہ اعتراف کرنے میں کوئی عار نہیں کہ اسی سے میرے پرسکون اور باعزت روزگار کے سلسلہ کی بنیاد پڑی ہے۔
کئی مواقع پر جب یوٹیوب وغیرہ سے مسئلہ کا حل نہ ہوا تو سیدھا اردو محفل کا رخ کیا اور بغیر مشقت ذرا سی دیر میں مسئلہ حل ہوگیا۔
اردو محفل پر جن حضرات سے سیکھا ان میں:
محمد وارث
الف عین
ناصر محمود
سروش
علی وقار
ظہیراحمدظہیر
کو میرا سلامِ عقیدت۔ وارث بھائی کو اللہ تعالیٰ کروٹ کروٹ رحمتوں سے نوازے۔
میری درخواست یہ ہے کہ اردو محفل کے مستقبل کے متعلق منتظمین جس فیصلہ پر پہنچے ہیں وہ اسے بےشک عمل میں لائیں، ظاہر ہے کہ دل چسپی رکھنے والوں کی اتنی تھوڑی تعداد کے لیےاتنا بڑا فورم مینیج کرنا کوئی حوصلہ افزا عمل نہیں ہے لیکن میری درخواست ہے کہ متبادل کے طور پر کہیں نہ کہیں محفلین کو ضرور شامل کیا جائے جہاں مجھ جیسے طالب علم اپنے مسائل کا حل پوچھ سکیں چاہے وہ فیس بک ہی کیوں نہ ہو۔ لکھنے کو تو بہت کچھ ہے لیکن منتظمین کے شکریہ کے ساتھ اردو محفل کو ان الفاظ میں سلام پیش کرکے اجازت چاہوں گا:
تعيرنا انا قليل عديدنا
فقلت لها إن الكرام قليل۔
ترجمہ: طعنہ دینے والی مجھے طعنہ دیتی ہے کہ تم تو تعداد میں تھوڑے سے ہو۔ میں نے اسے کہا معزز لوگ تو تھوڑے ہی ہوتے ہیں
یہاں آپ معزز کو اردو محفل کے فعال اراکین سے بدل سکتے ہیں