الوداعی تقریب اردو محفل فورم: ماضی، حال اور مستقبل

سید عاطف علی

لائبریرین
کیا ہی بہتر ہو کہ اردو محفل کی متوقع بندش کے بعد ہر سال جولائی میں اردو محفل کی یاد میں آن لائن یادگاری تقریب رکھ دی جائے جہاں سب ایک بار اکھٹے ہوں اور یادیں تازہ کر لی جائیں، چاہے یہ ایک ماہ کے لیے ہو یا ہفتہ بھر کے لیے۔ رابطوں کا مکمل طور پر انقطاع مناسب معلوم نہیں ہوتا ہے۔ رابطے تو اردو محفل سے ہٹ کر بھی ہو سکتے ہیں مگر اس کا کوئی خاص لطف نہیں۔ اردو محفل تو ہماری زندگیوں کا حصہ بن چکی تھی۔
پیر صاحب تو اپنے مزار میں سو رہے ہوں گے۔اور مزار مقدس مقفل۔
یہ عرس کہیں عقیدتمند مریدوں کے ہاں ہی منعقد ہو سکے گا ۔
 

سید عاطف علی

لائبریرین
کمال!
یاد رہیں گی آپ کی یہ باتیں۔ :)
میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا اس طرح ایک دوسرے کے دلوں میں زندہ رہنا زندگی کا ایک بڑا سرمایہ ہے ۔
اس زمانے مین بے لوث و بے غرض کلام کی طرف شفاف دل ہی متوجہ ہوتے ہیں ۔
اور یہی ہماری محفل کے لیے سب سے بڑھ کر سرمایہء افتخار ہے ۔
شکریہ اے ارباب محفل اور اہل محفل ۔
شکریہ اردو محفل ۔
 

محمداحمد

لائبریرین
میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا اس طرح ایک دوسرے کے دلوں میں زندہ رہنا زندگی کا ایک بڑا سرمایہ ہے ۔
اس زمانے مین بے لوث و بے غرض کلام کی شفاف دل ہی متوجہ ہوتے ہیں ۔
اور یہی ہماری محفل کے لیے سب سے بڑھ کر سرمایہء افتخار سے ۔
شکریہ اے ارباب محفل اور اہل محفل ۔
شکریہ اردو محفل ۔
صد متفق ہیں عاطف بھائی! ❤️

شکر گزار ہیں کہ آپ نے ہمارے جذبات کی ترجمانی کی۔ ❤️❤️❤️
 

ظفری

لائبریرین
پیر صاحب تو اپنے مزار میں سو رہے ہوں گے۔اور مزار مقدس مقفل۔
یہ عرس کہیں عقیدتمند مریدوں کے ہاں ہی منعقد ہو سکے گا ۔
ویسے اگر دیکھا جائے تو یہ سارا سلسلہ عقیدت مند مریدوں کے طفیل ہی انجام پایا کرتا ہے ۔ مُرید نہیں تو پیر بھی نہیں اور نہ مزارِ اقدس ۔
 

سید عاطف علی

لائبریرین
ویسے اگر دیکھا جائے تو یہ سارا سلسلہ عقیدت مند مریدوں کے طفیل ہی انجام پایا کرتا ہے ۔ مُرید نہیں تو پیر بھی نہیں اور نہ مزارِ اقدس ۔
لیکن یہ نہ بھولیے کہ کچھ مرید ملٹیپل آئی ڈیز بنا کر آتے ہیں اور بجائے پیر صاحب سے فیض حاصل کرنے کے ۔۔۔
 

رضوان راز

محفلین
جب ترا حکم ملا ترک محبت کر دی
دل مگر اس پہ وہ دھڑکا کہ قیامت کر دی

تجھ سے کس طرح میں اظہار تمنا کرتا
لفظ سوجھا تو معانی نے بغاوت کر دی

میں تو سمجھا تھا کہ لوٹ آتے ہیں جانے والے
تو نے جا کر تو جدائی مری قسمت کر دی
 

فرحت کیانی

لائبریرین
عزیز محفلین، السلام علیکم،
اردو محفل فورم کے قیام کے بیس سال مکمل ہونے والے ہیں۔ ان بیس سالوں میں اردو ویب اور اردو محفل فورم نے اردو کمپیوٹنگ کے میدان میں ان مٹ نقش چھوڑے ہیں۔ ایک کمیونٹی کے اعتبار سے بھی محفل فورم کا کرداررشک رہا ہے۔ اس فورم پر ادبی اور تنیکی مواد کی اشاعت اس کا امتیاز ہے۔ لیکن اب وقت آ گیا ہے اس کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے۔ ہم نے اس امر کا کئی سال قبل اندازہ لگا لیا تھا کہ محفل فورم کے قیام کا مقصد اب پورا ہو چکا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں اب اردو کی سپورٹ خاطر خواہ طور پر موجو د ہے۔ ویب اور ڈیسکٹاپ پر اردو لکھنے اور پڑھنے کی سپورٹ موجود ہے۔ متعدد اردو اخبارات اپنی ویب سائٹ پر جو نستعلیق فونٹ استعمال کر رہے ہیں وہ اردو ویب کے پلیٹ فارم پر ہی تیار ہوئے ہیں۔ آج کے دور میں اردو کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔

آنے والا دور مصنوعی ذہانت کا ہے۔ اب سوشل میڈیا کے دور میں لوگوں کی توجہ کا دورانیہ کافی کم ہو گیا ہے اور فورمز کا استعمال بھی اسی لیے زوال پذیر ہے۔ایسے میں ہر سال ویب ہوسٹنگ اور سوفٹویر لائسنسز پر آنے والے اخراجات کا اب مصرف نہیں رہا ہے۔ ان حالات میں ہم نے کافی سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا ہے اس مرتبہ فورم کی آنے والی سالگرہ اس کی آخری سالگرہ ہوگی۔ اس کے بعد اس فورم کو ریڈ اونی موڈ میں ڈال دیا جائے گا۔ ہماری مکمل کوشش ہوگی کہ اس پر موجود مواد کو محفوظ طریقے سے آرکائیو کر دیا جائے۔ اس کی تفصیلات فی الحال طے نہیں کی گئی ہیں۔اس سلسلے میں جیسے تفصیلات طے ہوتی جائیں گی، انہیں سامنے لایا جاتا رہے گا۔

ہم جانتے ہیں کہ یہ خبراردو کمیونٹی کے لیے مایوس کن ہوگی، لیکن امید کی جا سکتی ہے کہ نئے پلیٹ فارم اردو ویب اور اردو محفل فورم کی جگہ لیں گے، اور اردو زبان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
والسلام
السلام علیکم
جاسمن اور @ محب علوی نے بریکںگ نیوز دی ورنہ مجھے تو شاید سب کو اللہ حافظ کہنے کا بھی موقع نہ ملتا۔
اداس کرنے والی خبر یے۔ یہ ایک ایسا ٹھکانا تھا کہ چاہے مہینوں یا برسوں بعد بھی آنا ہوا تو ایسا ہی محسوس ہوا گویا کہیں گئے ہی نہیں تھے۔
اللہ تعالیٰ محفل کے برخواست ہونے کے بعد بھی محفلین کی محفلیں آباد رکھے ۔ آمین
 
حسب سابق اردو محفل پر ”آناجانا“ تو ترک نہیں ہوا تھا، لیکن یہ لڑی نہ جانے کیوں اتنے دنوں بعد نظر آئی۔ کچھ روز قبل جاسمن آپا نے ٹیگ کیا تو میں حیران تھا کہ صرف ٹیگ کے لیے اتنی بڑی لڑی کیوں بنائی گئی؟ آج یہ راز کھلا کہ یہاں تو چل چلاؤ کا موسم ہے۔

خیر، کافی دکھ ہوا۔

میرے لیے اردو محفل استاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ دیگر محفلین شاید مختلف مقاصد کے لیے محفل پر شامل ہوئے ہوں گے لیکن میں صرف ”سیکھنے“ کے لیے یہاں آیا تھا۔ جب میں نے کمپیوٹر سیکھنا شروع کیا تھا تب کسی دوست نے مجھے مشورہ دیا کہ ایک ویب سائٹ ہے: آئی ٹی دنیا۔ اسے دیکھتے رہا کرو۔ اس وقت وہاں مواد تصویری انداز میں ہوا کرتا تھا۔ میں نے اسے دیکھنا شروع کیا۔ کافی معلومات ملیں۔ لیکن کئی سوالات تشنہ رہتے تھے۔ پھر مائیکروسافٹ ورڈ سیکھنے کے دوران انٹرنیٹ پر بھٹکتے بھٹکتے اردو محفل دکھائی دی۔ یہاں کچھ الگ ماحول نظر آیا۔ دل نے گواہی دی کہ باقی تو چاہے جو بھی ہے، لیکن ایک بات یہ ہے کہ یہاں بہت سے لوگ اپنے اپنے فن میں ماہر ہیں۔ ایسے میں اور کیا چاہیے۔
اے ذوق کسی ہمدمِ دیرینہ کا ملنا
بہتر ہے ملاقاتِ مسیحا و خضر سے

مجھے یاد ہے کہ جب میں نے یہاں پہلا سوال کیا تو مجھے امید نہیں تھی کہ کوئی جواب دے گا لیکن جلد ہی جواب مل گیا اور پوری تسلی ہوئی۔ پھر تو میں نے:
مائیکرو سافٹ ورڈ
اردو کمپیوٹنگ
اردو پروفنگ
یونیکوڈ
او سی آر
وائس ٹائپنگ
کے متعلق اردو محفل پر بکھرا ہوا مواد نہایت شوق سے پڑھا۔ بہت سی فائلیں اپنے لیے مرتب کیں۔ بہت سے اشکالات حل کیے۔ بہت سے محفلین سے مراسلات میں استفادہ کیا۔ غرض مجھے جس چیز کا شوق تھا اس کی تسکین کا سامان یہاں بھرا پڑا تھا اور ۔۔۔۔ یہاں کے علاوہ شاید کہیں نہیں تھا۔ آج الحمد للہ گوجرانوالاجیسے ”کھانے پینے والے “ شہر کے اندر اردو کمپیوٹنگ سے متعلق معلومات میں مجھے بےشمار پڑھے لکھے لوگوں پر امتیاز حاصل ہے اور یہ سو فیصد اردو محفل ہی مرہونِ منت ہے۔ اور مجھے یہ اعتراف کرنے میں کوئی عار نہیں کہ اسی سے میرے پرسکون اور باعزت روزگار کے سلسلہ کی بنیاد پڑی ہے۔
کئی مواقع پر جب یوٹیوب وغیرہ سے مسئلہ کا حل نہ ہوا تو سیدھا اردو محفل کا رخ کیا اور بغیر مشقت ذرا سی دیر میں مسئلہ حل ہوگیا۔
اردو محفل پر جن حضرات سے سیکھا ان میں:
محمد وارث
الف عین
ناصر محمود
سروش
علی وقار
ظہیراحمدظہیر
کو میرا سلامِ عقیدت۔ وارث بھائی کو اللہ تعالیٰ کروٹ کروٹ رحمتوں سے نوازے۔
میری درخواست یہ ہے کہ اردو محفل کے مستقبل کے متعلق منتظمین جس فیصلہ پر پہنچے ہیں وہ اسے بےشک عمل میں لائیں، ظاہر ہے کہ دل چسپی رکھنے والوں کی اتنی تھوڑی تعداد کے لیےاتنا بڑا فورم مینیج کرنا کوئی حوصلہ افزا عمل نہیں ہے لیکن میری درخواست ہے کہ متبادل کے طور پر کہیں نہ کہیں محفلین کو ضرور شامل کیا جائے جہاں مجھ جیسے طالب علم اپنے مسائل کا حل پوچھ سکیں چاہے وہ فیس بک ہی کیوں نہ ہو۔ لکھنے کو تو بہت کچھ ہے لیکن منتظمین کے شکریہ کے ساتھ اردو محفل کو ان الفاظ میں سلام پیش کرکے اجازت چاہوں گا:
تعيرنا انا قليل عديدنا
فقلت لها إن الكرام قليل۔
ترجمہ: طعنہ دینے والی مجھے طعنہ دیتی ہے کہ تم تو تعداد میں تھوڑے سے ہو۔ میں نے اسے کہا معزز لوگ تو تھوڑے ہی ہوتے ہیں
یہاں آپ معزز کو اردو محفل کے فعال اراکین سے بدل سکتے ہیں
 
آخری تدوین:

محمد عمر

لائبریرین
اس خبر نے افسردہ کر دیا تھا لیکن یہ تو نوشتۂ دیوار تھا۔
محفل کا ڈیٹا تو اپنی جگہ مفید ہے لیکن محفل کے اراکین اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ محفل بے شک نہ رہے لیکن ربط تو رہے۔ ربط کا کوئی ذریعہ ہونا چاہیے۔
محفل کے دھاگوں پر نظر ثانی کی جائے تو اس کی طرز پر زیادہ تر مکالمے اور دھاگے تو فیس بُک یا ریڈاِٹ جیسے پلیٹ فارم پر بنائے جا سکتے ہیں۔ چونکہ میں صرف ریڈاِٹ استعمال کرتا ہو ں اس لیے بقیہ پلیٹ فارم کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ بے شک اردو کا انٹرفیس نہیں لیکن ابتدا تو کر سکتے ہیں۔ اس طرح رابطے کا ذریعہ تو رہے گا۔ مستقبل میں نئے خیالات ، تجربات اور گپ شپ تو جاری رہ سکتی ہے۔
 

رضوان راز

محفلین
گو کہ گردشِ ایام نے جدائیوں کا خوگر بنا دیا ہے لیکن اس بے مثل فورم کی بندش کی خبر نے افسردہ کر دیا۔
اس فورم کی رکنیت سے پہلے بھی میں اس سے استفادہ کرتا رہا ہو ں۔
مجھ ایسے نہ جانے کتنے خاموش علم کے متلاشی یہاں سے فیض یاب ہوئے ہیں۔
 
Top