یہ ہمارے لڑکپن کا دور تھا کہ ایک تپتی دوپہر میں مال ڈنگر کو نہلا کھلا کر ہمیں شوق چرایا کہ شہر کی طرف کھسکتے ہیں اور وہاں کا رونق میلہ دیکھ کر مغرب کی آذان کے قریب قریب واپس گاؤں نازل ہو جائیں گے بالکل ایسے جیسے کہ اندھیرا پھیلتے شیاطین کا نزول ہوتا ہے۔ پروگرام پر عملی جامہ پہنانے سے قبل زادِ...