آغاز اسقدر شاندار اور انجام اتنا مایوس کُن۔ ۔۔
مانا کہ “ ثبات ایک تغیر کو ہے زمانے میں” ، لیکن جو عزم، بصیرت ،مقصدیت اور دور اندیشی اردو محفل کا خاصہ رہی ہے وہ اس فیصلے میں عنقا ہے۔ ہم تو ہمیشہ یہی گمان کرتے رہے ہیں کہ
“ہے مگر اس نقش ميں رنگِ ثباتِ دوام
جس کو کيا ہو کسی مردِ خدا نے تمام”
کسی لق و دق صحرا میں، جب برسوں کی محنت سے کوئی بیج تناور درخت بن جائے تو یہ سوچ کو اسکو اکھاڑ پھینکنا کہ اب کوئی راہی نہیں رہا جو اسکی چھاؤں سے مستفید ہو سکے، درست طرزِ فکر نہیں ۔ کسے کیا خبر کتنے ہی کارواں ابھی راہ میں ہوں، اور کتنے ہی ایسے ہوں جنہیں کوئی راستہ نہ سجھائی دے رہا ہو اور کسی راہبر کے منتظر ہوں۔ سو انتظامی سطح پر ایسے اقدامات کیے جانے چاہیے کہ شائقینِ اردو ادب اس فورم کی طرف بھی متوجہ ہوں ۔
یقیناً فورم کی بنیاد رکھتے وقت، اردو رسم الخط اور اردو کمپیوٹنگ کے پس منظر میں، اردو زبان کی ترویج و ترقی ہی پیشِ نظر رہی ہوگی۔ ابھی تو محفل کے قیام کے کچھ سنگِ میل عبور ہوئے ہیں اور واپسی کے لیے رختِ سفر باندھ لیا گیا ہے۔
جو چیز اردو ویب کو سب سے زیادہ ممتاز کرتی ہے ، وہ یہاں کی اعلیٰ اخلاقی اقدار اور صاف ستھرا ماحول ہے۔ اس تہذیب اور شائستگی کو برقرار رکھنے کا کریڈٹ یقیناً منتظمین کو جاتا ہے۔ دوسرے پلیٹ فارمز، جدیدیت سے ہم آہنگ ضرور ہیں لیکن آزادئ اظہارِ رائے کے نام پر اخلاق کی تنزلی کا وہ عالم ہے کہ الامان الحفیظ!! ان حالات میں زیادہ ضروری ہو جاتا ہے کہ اردو ویب جیسے فورمز جیسے تیسے اپنا وجود برقرار رکھیں۔
ایسے میں ہر سال ویب ہوسٹنگ اور سوفٹویر لائسنسز پر آنے والے اخراجات کا اب مصرف نہیں رہا ہے
اس ایشو کو اپنی مدد آپ کے تحت بھی حل کیا جا سکتا ہے۔ انتظامیہ فورم پر ہی کوئی ایسی پالیسی وضع کرے کہ مقررہ مدت میں اخراجات کا مذکورہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔ مجھے نہیں لگتا کہ پورے سال کے دورانیے میں اتنی رقم اکٹھی کرنا کوئی ایسا محال ہے۔
اس شمع کو، چاہے اسکی لو مدہم سہی، یونہی جلتے رہنا چاہیے۔ کیونکہ ایک چراغ سے کئی چراغ جلائے جا سکتے ہیں۔ اس سے پہلے کہ یہ شمع ہمیشہ کے لیے بجھ جائے ، تجرباتی بنیادوں پر ہی سہی، اسکو ایندھن ضرور فراہم کرنا چاہیے۔