چین سے وہ بھی تو ظالم نہ رہا میرے بعد ۔ فاتح الدین بشیر

فاتح

لائبریرین
خاکسار کی ایک تازہ غزل آپ احباب کی بصارتوں کی نذر:​
چین سے وہ بھی تو ظالم نہ رہا میرے بعد​
منفعِل قطرۂ یک اشک ہُوا میرے بعد​
چشمِ یزداں میں کھٹکتا ہے یہ آشوبِ وجود​
راحت و چین سے سوئے گا خدا میرے بعد​
جلوۂ دہر ہے ہنگامۂ ہستی اپنا​
چَین ہی چَین لکھے راوی سدا میرے بعد​
چشمۂ چشم مِرا تجھ کو تھا زم زم آگے​
ما حصَل خاک رہی سعیِ صفا میرے بعد​
جب کفَن جامہ کیا، ہیچ ہوئے خلعت سب​
جبّہ، دستار، عبا ہو یا قبا، میرے بعد​
سر پٹک دشت کی ویرانی سے مر جائے بشیر​
کون لکھّے گا غزل تجھ پہ، بتا، میرے بعد​
فاتح الدین بشیر​
 

الف عین

لائبریرین
بہت خوب
چشمۂ چشم مِرا تجھ کو تھا زم زم آگے
ما حصَل خاک رہی سعیِ صفا میرے بعد
واہ
لیکن مطلع میں ذرا ’ظالم‘ کھٹک رہا ہے، کوئی مختلف معنی بھی نکال سکتا ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
کیا خوبصورت غزل ہے فاتح صاحب، کیا برتا ہے اساتذہ کی زمین کو، واہ واہ واہ

چشمۂ چشم مِرا تجھ کو تھا زم زم آگے
ما حصَل خاک رہی سعیِ صفا میرے بعد

سر پٹک دشت کی ویرانی سے مر جائے بشیر
کون لکھّے گا غزل تجھ پہ، بتا، میرے بعد

لاجواب!
 

محمداحمد

لائبریرین
سبحان اللہ! سبحان اللہ، بہت خوبصورت غزل کہی ہے فاتح بھائی۔

پڑھ کر دل خوش ہوگیا۔ خاص طور پر یہ شعر تو بہت ہی لاجواب ہے۔

چشمۂ چشم مِرا تجھ کو تھا زم زم آگے
ما حصَل خاک رہی سعیِ صفا میرے بعد


بہت سی داد حاضرِ خدمت ہے۔ قبول کیجے۔
 

جیہ

لائبریرین
واہ جی واہ کیا استادانہ غزل ہے۔ بہت خوب

مگر یہ شعر قطعی پسند نہیں آیا


چشمِ یزداں میں کھٹکتا ہے یہ آشوبِ وجود
راحت و جشن میں سوئے گا خدا میرے بعد
 

فرخ منظور

لائبریرین
واہ واہ! کیا ہی خوبصورت غزل ہے فاتح صاحب۔ بہت عمدہ ۔ ایک ایک شعر قابلِ داد ہے لیکن اس شعر پر تو میری سٹی ہی گم ہو گئی۔ :)
چشمِ یزداں میں کھٹکتا ہے یہ آشوبِ وجود
راحت و جشن میں سوئے گا خدا میرے بعد

واہ واہ! کیا الہامی شعر ہے۔
 

فاتح

لائبریرین
بہت خوب
چشمۂ چشم مِرا تجھ کو تھا زم زم آگے
ما حصَل خاک رہی سعیِ صفا میرے بعد
واہ
لیکن مطلع میں ذرا ’ظالم‘ کھٹک رہا ہے، کوئی مختلف معنی بھی نکال سکتا ہے۔
پسند فرمانے پر بہت شکریہ اعجاز صاحب۔
میں سمجھا نہیں کہ "ظالم" کیا مختلف معنی نکال سکتا ہے۔ کچھ وضاحت فرما دیجیے۔
 

فاتح

لائبریرین
کیا خوبصورت غزل ہے فاتح صاحب، کیا برتا ہے اساتذہ کی زمین کو، واہ واہ واہ

چشمۂ چشم مِرا تجھ کو تھا زم زم آگے
ما حصَل خاک رہی سعیِ صفا میرے بعد

سر پٹک دشت کی ویرانی سے مر جائے بشیر
کون لکھّے گا غزل تجھ پہ، بتا، میرے بعد

لاجواب!
حضور! آپ کی محبتوں کے زیرِ بار ہوں۔
 

فاتح

لائبریرین
سبحان اللہ! سبحان اللہ، بہت خوبصورت غزل کہی ہے فاتح بھائی۔

پڑھ کر دل خوش ہوگیا۔ خاص طور پر یہ شعر تو بہت ہی لاجواب ہے۔

چشمۂ چشم مِرا تجھ کو تھا زم زم آگے
ما حصَل خاک رہی سعیِ صفا میرے بعد


بہت سی داد حاضرِ خدمت ہے۔ قبول کیجے۔
بہت شکریہ محمد احمد صاحب۔ پذیرائی پر ممنون ہوں۔
 

فاتح

لائبریرین
واہ جی واہ کیا استادانہ غزل ہے۔ بہت خوب

مگر یہ شعر قطعی پسند نہیں آیا

چشمِ یزداں میں کھٹکتا ہے یہ آشوبِ وجود
راحت و جشن میں سوئے گا خدا میرے بعد
اس ایک شعر کے علاوہ باقی غزل پسند فرمانے پر آپ کا شکریہ جیہ صاحبہ۔ :)
 

فاتح

لائبریرین
واہ واہ! کیا ہی خوبصورت غزل ہے فاتح صاحب۔ بہت عمدہ ۔ ایک ایک شعر قابلِ داد ہے لیکن اس شعر پر تو میری سٹی ہی گم ہو گئی۔ :)
چشمِ یزداں میں کھٹکتا ہے یہ آشوبِ وجود
راحت و جشن میں سوئے گا خدا میرے بعد

واہ واہ! کیا الہامی شعر ہے۔
حضور! آپ کی مثبت تنقید اور داد ہی ہمارے لیے مہمیز ہے۔ بے حد ممنون ہوں قبلہ۔
 

الف عین

لائبریرین
فاتح
چین سے وہ بھی تو ظالم نہ رہا میرے بعد
کی نثر اس طرح بھی کی جا سکتی ہے کہ ’میرے بعد وہ بھی چین سے ظالم نہ رہا‘ یعنی اس نے ظلم چھوڑ دیا،
بجائے اس کے کہ
’میرے بعد وہ (ظالم) چین سے نہ رہا‘
 

جیہ

لائبریرین
اس ایک شعر کے علاوہ باقی غزل پسند فرمانے پر آپ کا شکریہ جیہ صاحبہ۔ :)

تو ایسے شعروں کو فی الفور صفحۂ قرطاس سے مٹا دینا چاہیئے جو ہم جیسے صاحبان و صاحباتِ ذوق کو پسند نہ آئے اور فرخ جیسے سخنوروں او سخن فہموں کی سٹی گم کر دے:grin:
 
Top