طارق شاہ

محفلین
شامِ رنگیں
xj0y.jpg

حفیظ جالندھری

پچّھم کے در پہ سُورج بِستر جما رہا ہے
رنگین بادلے میں چہرہ چُھپا رہا ہے

کِرنوں نے رنگ ڈالا بادل کی دھارِیوں کو
پھیلا دِیا فلک پر گوٹے کِناریوں کو

عکسِ شَفَق نے کی ہے اِس طرح زرفشانی
گُھل مِل کے بہ رہے ہیں ندی میں آگ پانی

اوڑھے سِیہ دوپٹّے سرسبز وادِیوں نے
زیور اُتار ڈالے گُلزار زادِیوں نے

چھایا ہے تھوڑا تھوڑا پیروں تلے انْدھیرا
چڑیوں نے کھیت چھوڑا لینے چلیں بَسیرا

کلیوں کے قہقہوں سے معمُور ہیں ہَوائیں
پریوں کی لورِیاں ہیں یہ رس بھری صدائیں


لپٹی ہُوئی ہے نیندیں کیف آفرِیں ہَوا میں
خاموشِیوں کی لہریں اُٹھنے لگیں فِضا میں

گُم ہو چلی ہے دُنیا بِکھرے ہُوئے سکوُں میں
دِن غرق ہو رہا ہے چُپ چاپ کے فسُوں میں

کھیتوں میں کام کرکے لوٹے ہیں کام والے
چادر سَروں پہ ڈالے، کندھوں پہ ہل سنْبھالے

اب شام آگئی ہے جاگے ہیں بھاگ اِن کے
ہر سِمت گونْجتے ہے رستوں پہ راگ اِن کے

لے لے کے ڈور ڈنگر چروَاہے آ رہے ہیں
سِیٹی بجا رہے ہیں، اور گِیت گا رہے ہیں

کم سِن سہیلیوں کا پنگھٹ پہ جمگھٹا ہے
جانے اکیلیوں کا دِن کِس طرح کٹا ہے

یہ بار بار باتیں، یہ بار بار ہنسنا
یہ بے شُمار باتیں، یہ بے شُمار ہنسنا

اِک گُد گُدا رہی ہے، چِھینٹے اُڑا رہی ہے
اک بھر چُکی ہے پانی، گاگر اُٹھا رہی ہے

شرما کے اِک نے اوڑھے، منہ پر ہنسی کے مارے
رنگیں اوڑھنی کے بِھیگے ہُوئے کِنارے

شرم و حَیا کی سُرخی چہرے پہ چھا رہی ہے
شام اُس کو دیکھتی ہے اور مُسکرا رہی ہے

ابوالاثرحفیظ جالندھری
 
Top