جگر جگر مراد آبادی کے کلام سے اقتباس

سیفی

محفلین
نہ راہزن، نہ کسی رہنما نے لوٹ لیا
ادائے عشق کو رسمِ وفا نے لوٹ لیا

نہ پوچھو شومئی تقدیرِ خانہ بربادی
جمالِ یار کہاں نقشِ پا نے لوٹ لیا

دل تباہ کی روداد، اور کیا کہئے
خود اپنے شہر کو فرماں روا نے لوٹ لیا

زباں خموش، نظر بیقرار، چہرہ فق
تجھے بھی کیا تری کافر ادا نے لوٹ لیا

نہ اب خودی کا پتہ ہے نہ بیخودی کا جگر
ہر ایک لطف کو لطفِ خدا نے لوٹ لیا​

۔۔۔۔۔۔۔۔جگر مراد آبادی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

فرذوق احمد

محفلین
نہ اب خودی کا پتہ ہے نہ بیخودی کا جگر
ہر ایک لطف کو لطفِ خدا نے لوٹ لیا


سر بہت اچھی غزل ہیں ،اور آپ کی پسند بھی بہت اچھی ہیں ۔خدا اپ کی پسند کو لمبی زندگی دے :lol:
 

خرم شہزاد خرم

لائبریرین
بہت خوب کیا کمال کی غزل ہے
جناب وارث صاحب اس شعر میں

نہ پوچھو شومئی تقدیرِ خانہ بربادی
جمالِ یار کہاں نقشِ پا نے لوٹ لیا

شومئی تقدیرِ لکھا ہوا ہے میں نے کہی اور اس کو شومئی قسمت پڑھا ہے کیا یہ دونوں طرح استعمال ہو سکتا ہے اور شو مئی کا مطلب کیا ہے
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت خوب کیا کمال کی غزل ہے
جناب وارث صاحب اس شعر میں

نہ پوچھو شومئی تقدیرِ خانہ بربادی
جمالِ یار کہاں نقشِ پا نے لوٹ لیا

شومئی تقدیرِ لکھا ہوا ہے میں نے کہی اور اس کو شومئی قسمت پڑھا ہے کیا یہ دونوں طرح استعمال ہو سکتا ہے اور شو مئی کا مطلب کیا ہے

شومئی، شُوم سے ہے جو عربی کا لفظ ہے اور جس کا مطلب منحوس، کنجوس، بخیل وغیرہ ہوتے ہیں۔

شومئیِ تقدیر/قسمت/بخت/طالع سبھی مستعمل ہیں اور یہ عربی فارسی تراکیب ہیں، مطلب سب کا بدبختی اور نحوست ہے۔ شعر میں بحر اور وزن کے مطابق 'شومئی تقدیر' ہی درست ہے۔

بحر 'مجتث مثمن مخبون محذوف مقطوع' ہے اور وزن 'مفاعلن فعلاتن مفاعلن فعلن' ہے۔ اس بحر کے متعلق تفصیل سے آپ نے 'براہِ کرم تقطیع کر دیں' میں پڑھا ہوگا، نظامی صاحب کا ایک سوال تھا۔

اور ہاں، غزل واقعی بہت اچھی ہے، شکریہ سیفی صاحب کا بھی اور آپ کا بھی اس کو دوبارہ زندہ کرنے کیلیئے :)
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
اللہ والو!!!
جگر کی ایک غزل مجھے پسند ہے مگر اب صرف اس کے یہی اشعار ذہن میں ہیں

سراپا حقیقت ، مجسم فسانہ
محبت کا عالم ، جنوں کا زمانہ

وہ پہلے پہل دونوں جانب یہ عالم
ادا بے تعلق، نظر محرمانہ

طبیعت شگفتہ ، مگر کھوئی کھوئی
ہر انداز دلکش، مگر دلبرانہ

اگر کسی دوست کے کے پاس یہ مکمل غزل ہو تو شیئر فرما کر ثوابِ دارین حاصل کریں
 
Top