باب چہاردہم: کیے جاؤ کوشش

بہت دوڑے، بہت بھاگے، بگھیرا اور بھالو بھی
مگر ان بندروں کی گرد بھی نہ ہاتھ آنی تھی

بالآخر ہار کر اور تھک کر اک کھاڑی میں آ بیٹھے
بہت پچھتا رہے تھے، موگلی کو یوں گنوا بیٹھے

غموں سے چُور تھے مایوسیوں نے اُن کو گھیرا تھا
مگر اِس حال میں بھی سامنے اُن کے سویرا تھا

ابھی ہمت نہ ہاریں گے، ارادہ اُن کا پکا تھا
ہم اپنی جان واریں گے، یہ اُن دونوں نے سوچا تھا

کبھی جب زندگی میں کوئی بھی ایسا مقام آئے
کوئی حیلہ، کوئی ترکیب جب واں پر نہ کام آئے

مرے بچو کہیں ایسے میں تُم مایوس مت ہونا!
کبھی ناکامیوں کے سامنے ہمت نہیں کھونا!

ہمیشہ ہارنے کے بعد اِک کوشش ضروری ہے
یہ گر ایسا ، بنا جِس کے ہر اِک ترکیب ادھوری ہے

یہی ترکیب بھالو کو، بگھیرا کو بھی بتلائی
خدا کا شُکر ہے دونوں کو اِس گر کی سمجھ آئی

چلو اِک بار پھر سے اپنی قسمت آزمائیں ہم
ہمارے موگلی کو بندروں سے اب چھڑائیں ہم

کبھی اُن ہستیوں نے ہار کی صورت نہیں دیکھی
جنھوں نے ہار کر بھی آج تک بازی نہیں ہاری

نہ مانو ہار اور اک بار پھر کوشش کیے جاؤ
یہی ہے زندگی ، یہ زندگی یونہی جیے جاؤ

یہی کچھ سوچ کر اٹھّے ، بگھیرا اور بھالو جب
دلوں میں اُن کے گھر کرنے لگا پھر اِک نیا کرتب​
 
آخری تدوین:
بڑے دنوں کے بعد قسط لائے ہیں خلیل بھائی ۔ زبر دست۔
آداب عرض ہے سید عاطف علی بھائی!

پچھلے اتوار کے دن ہی فلم کا نیا ورژن دیکھا ہے تو دل چاہتا تھا کہ جلد ہی نئی قسط بھی لاسکیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس قابل ہوئے کہ نئی قسط پیش کر سکیں۔ کہاں تک اس کوشش میں کامیاب ہوئے ہیں ، یہ آپ محفلین کی آرا ٗ پر موقوف ہے۔
 
سید عاطف علی

لائبریرین

میں نے بھی بچوں کے ساتھ دو ایک روز قبل ہی دیکھی اور یہ قسط خوب بر محل اور خوشگوار لگی ۔
 
جناب یہ انس تو قدرتی ٹھہرا! موگلی ہماری زندگی کے دو بڑے پراجیکٹس میں سے ایک کا ہیرو ہے۔ پہلا پراجیکٹ والد صاحب کی محیرالعقل سوانح تھی جسے اللہ کریم نے کامیابی سے ہمکنار فرمایا اور چھپنا نصیب فرمایا۔ دوسرا پراجیکٹ یعنی یہ نظم بھی اللہ کریم کی مہربانی اور آپ سب محفلین کی حوصلہ افزائی کے سبب آدھی سے زیادہ مکمل ہوچکی ہے۔

دعاؤں کے طالب ہیں۔
 
بہت خوب خلیل بھائی بہت اچھی نظم ہے ،اور مزید قسطوں کا بھی انتظار ہے۔
اللہ کرے زورِقلم اور زیادہ۔
آداب عرض ہے یوسف سلطان بھائی۔

دراصل ہمیں آپ جیسے ہی محفلین درکار ہیں جو ہماری ہمت بندھاتے رہیں اور ہماری یہ نظم آگے بڑھتی رہے۔ آپ نے صبح چار بجے ایک ہی نشست میں ہماری اس نظم کو پڑھا اور سراہا، اس پر ہماری جانب سے ہدیہ تبریک قبول فرمائے۔
 
آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
خلیل بھائی ۔ کرنے کا کام تو آپ کررہے ہیں ۔ ایک تو بچوں کے لئے ادب لکھنا بذاتہ بہت بڑا کام ہے ۔ اور پھر منظوم ترجمے کی اہمیت اپنی جگہ ۔ بہت اعلیٰ اور معیاری !! بہت داد و تحسین!!! اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ!
 
آداب عرض ہے جناب @‎‎‎ظہیراحمدظہیر بھائی۔ خوش رہیے
 
جاسمن

لائبریرین
مرے بچو کہیں ایسے میں تُم مایوس مت ہونا!
کبھی ناکامیوں کے سامنے ہمت نہیں کھونا!

ہمیشہ ہارنے کے بعد اِک کوشش ضروری ہے
یہ گر ایسا ، بنا جِس کے ہر اِک ترکیب ادھوری ہے

کبھی اُن ہستیوں نے ہار کی صورت نہیں دیکھی
جنھوں نے ہار کر بھی آج تک بازی نہیں ہاری
بہت خوب!
یہ قسط بھی بہت اچھی ہے۔پڑھ کر خوب ہمت پیدا ہوتی ہے۔اس کے کچھ اشعار تو عمومی ہیں۔
ڈھیروں داد۔
اللہ کرے کہ یہ مکمل ہو اور آپ پھر کوئی تیسرا بڑا پراجیکٹ کریں۔
 
جاسمن

لائبریرین
ہمیشہ کی طرح زبردست
بہت تخلیقی ذہن ہے بھائی آپ کا۔جب بھی پڑھتے ہیں مزہ آجاتا ہے۔
اللہ آسانیاں عطا فرمائے۔ آمین!
 
Top