فرخ منظور

لائبریرین
غزل

تیرِ قاتل کا یہ احساں رہ گیا
جائے دل سینہ میں پیکاں رہ گیا

کی ذرا دستِ جنوں نے کوتہی
چاک آ کر تا بداماں رہ گیا

دو قدم چل کر ترے وحشی کے ساتھ
جادۂ راہِ بیاباں رہ گیا

قتل ہو کر بھی سبکدوشی کہاں
تیغ کا گردن پہ احساں رہ گیا

ہم تو پہنچے بزمِ جاناں تک مگر
شکوۂ بیدادِ درماں رہ گیا

کیا قیامت ہے کہ کوئے یار سے
ہم تو نکلے اور ارماں رہ گیا

دوسروں پر کیا کھلے رازِ دہن
جبکہ خود صانع سے پنہاں رہ گیا

جذبۂ دل کا ذرا دیکھو اثر
تیر نکلا بھی تو پیکاں رہ گیا

جامۂ ہستی بھی اب تن پر نہیں
دیکھ وحشی تیرا عریاں رہ گیا

ضعف مرنے بھی نہیں دیتا مجھے
میں اجل سے بھی تو پنہاں رہ گیا

اے جنوں تجھ سے سمجھ لوں گا اگر
ایک بھی تارِ گریباں رہ گیا

حسن چمکا یار کا، اب آفتاب
اک چراغ زیرِ داماں رہ گیا

لوگ پہنچے منزلِ مقصود تک
میں جرس کی طرح نالاں رہ گیا

بزم میں ہر سادہ رو تیرے حضور
صورتِ آئینہ حیراں رہ گیا

یاد رکھنا دوستو اس بزم میں
آ کے شبلی بھی غزل خواں رہ گیا

(علامہ شبلی نعمانی)
 

فاتح

لائبریرین
قتل ہو کر بھی سبکدوشی کہاں
تیغ کا گردن پہ احساں رہ گیا

کیا قیامت ہے کہ کوئے یار سے
ہم تو نکلے اور ارماں رہ گیا

جامۂ ہستی بھی اب تن پر نہیں
دیکھ وحشی تیرا عریاں رہ گیا

اے جنوں تجھ سے سمجھ لوں گا اگر
ایک بھی تارِ گریباں رہ گیا
سبحان اللہ! کیا انتخاب لائے ہیں قبلہ۔ شاید شبلی کی شعری قامت سیرت النبی ﷺ کے پیچھے چھپ گئی ہے ورنہ کیا کامل اشعار ہیں۔ بہت شکریہ حضور۔

ذیل کے مصرع میں کی کو کے کر دیجیے:
دو قدم چل کر ترے وحشی کی ساتھ
 

فرخ منظور

لائبریرین
قتل ہو کر بھی سبکدوشی کہاں
تیغ کا گردن پہ احساں رہ گیا

کیا قیامت ہے کہ کوئے یار سے
ہم تو نکلے اور ارماں رہ گیا

جامۂ ہستی بھی اب تن پر نہیں
دیکھ وحشی تیرا عریاں رہ گیا

اے جنوں تجھ سے سمجھ لوں گا اگر
ایک بھی تارِ گریباں رہ گیا
سبحان اللہ! کیا انتخاب لائے ہیں قبلہ۔ شاید شبلی کی شعری قامت سیرت النبی ﷺ کے پیچھے چھپ گئی ہے ورنہ کیا کامل اشعار ہیں۔ بہت شکریہ حضور۔

ذیل کے مصرع میں کی کو کے کر دیجیے:
دو قدم چل کر ترے وحشی کی ساتھ

شکریہ فاتح صاحب! بالکل درست فرمایا۔ سیرت النبی کے بعد کسی نے علامہ کو مزید جاننے کی کوشش نہیں کی۔
 
Top