تابش بھائی کا انٹرویو

السلام علیکم! میں ہوں آپ کی میزبان مریم افتخار اور میرے ساتھ ہیں محمد ظہیر، نور سعدیہ شیخ، فہد اشرف اور حمیرا عدنان ۔ ہمارے آج کے مہمان ہیں وہ محفلین کہ جنہیں اگر اردو محفل فورم کی ہر دلعزیز ہستی کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ ان کے تعارف میں کیا کہا جائے کہ وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ ارے آپ ہی بتائیے کہ اور کون ہے کہ جس کا تعلق لاہور کی بجائے اسلام آباد سے ہو مگر وہ 'زندہ دل ' ہو، کون سا ایسا شاعر ہے کہ جو 'آسان' گفتگو کرتا ہو ، کون سا ایسا ایپ ڈویلپر ہے کہ جو' ایسا 'عاجز ہو اور کون سا ایسا محفلین ہے کہ دن ہو یا رات، بیمار ہو یا تندرست ، آندھی آئے یا مینہ برسے جب بھی دیکھو اس کی آخری سرگرمی ہو 'ایک لحظہ قبل' اور فقط یہی نہیں بلکہ یہ وہ ہستی ہیں کہ جن کے اردو محفل انتظامیہ میں ہونے پر ہمیں ناز ہے۔

آپ سب کی بھرپور تالیوں میں تشریف لاتے ہیں محمد تابش صدیقی صاحب!
 
سوال نامہ:

1) اگر 'محمد تابش صدیقی' ایک اصطلاح ہو تو اس کے اصطلاحی معانی کیا ہوں گے؟

2) اپنے تعلیمی اور ملازمتی کیرئیر کے متعلق ہمیں کچھ بتائیں۔

3) آپ جو بننا چاہتے تھے اور آپ جو ہیں اس میں کتنا فرق پاتے ہیں؟ (اس سوال کو محض کیرئیر کے متعلق نہ سمجھا جائے۔)

4) آپ کی زندگی کا اثاثہ کیا ہے؟

5) کہا جاتا ہے کہ کچھ لوگوں کے وقت میں برکت ہوتی ہے، اس حوالے سے آپ کا کیا خیال ہے اور آپ کی رائے میں یہ کیسے حاصل ہوتی ہے؟

6) ہمارے مشاہدے کے مطابق آپ مذہب سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی ایک پختہ رائے رکھتے ہیں مگر اس کے باوجود جہاں کبھی کوئی بحث چلی وہاں آپ کی ایک ریٹنگ تک بھی نہ دیکھی گئی۔ لوگوں کا انٹرنیٹ پر ایسا میچور رویہ تقریبا نہ ہونے کے برابر دیکھنے میں آتا ہے۔ آپ نے اس معاملے میں بہت تجربہ کار اور عمر رسیدہ لوگوں کو بھی مات دے دی ہے۔ اس کا کیا راز ہے؟

7) آپ نے اردو محفل کو زندگی میں ایک ترجیحی حیثیت دے رکھی ہے ۔ اس کی کوئی خاص وجہ؟ نیز اردو محفل کی سب سے خاص اور یونیق بات آپ کو کیا لگتی ہے؟

8 ) اپنی ریکارڈ توڑ سستی اور ریکارڈ توڑ پھرتی کا ایک ایک واقعہ تحریر کیجیے۔

9) اگر آپ کبھی اردو محفل کی نظامت چھوڑنا چاہیں تو اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟ نیز اگر کبھی انتظامیہ آپ سے یہ عہدہ چھوڑنے کا کہے توآپ کے خیال میں اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟

10) آپ کے پاس ٹائم مشین ہے اور آپ 13.7 ارب سال پہلے کائنات کے بننے سے لیکر آج تک کے کسی بھی زمانے میں جا کر کسی ایک تاریخی واقعے کو روکنا یا بدلنا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سے اس زمانے سے لیکر آج تک کی تاریخ بدل جائے گی۔ سو یہ بتائیں کہ آپ کا انتخاب کونسا واقعہ ہو گا اور اس میں کیا تبدیلی ہو گی اور کیوں؟ اور اس سے موجودہ زمانے پر کیا اثر پڑے گا؟

:)
 
بہت شکریہ اس عزت افزائی کا، اور روزے میں مکھن کا مزا یاد دلانے کا۔ :)

تھوڑا آسمانوں پر پہنچ گیا ہوں، نیچے آ کر جواب دیتا ہوں۔
تفنن برطرف، ابھی ذرا ڈاکٹر کے پاس سے آیا ہوں اور کچھ تھکاوٹ ہے۔ اتر جائے تو حاضر ہوتا ہوں۔
 
1) اگر 'محمد تابش صدیقی' ایک اصطلاح ہو تو اس کے اصطلاحی معانی کیا ہوں گے؟

بات کچھ مشکل سی ہے۔
اپنی ذات اور نام کی حیثیت سے ہرگز نہیں، الفاظ کے عمومی مفہوم کی بنا پر اصطلاحی مفہوم کچھ اس طرح دینا چاہوں گا۔
سراج منیر حضرت محمدﷺ کی کرنوں سے صدیق اکبرؓ کی زندگی میں روشنی

2) اپنے تعلیمی اور ملازمتی کیرئیر کے متعلق ہمیں کچھ بتائیں۔

تعلیمی حوالے سے مختصراً یہ کہ بی ایس سافٹویر انجینئرنگ کی ہوئی ہے۔ مزید تفصیل اگر کچھ چاہیے ہوئی تو بتا دیجیے گا۔
آخری سمسٹر میں ہی ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت شروع کر دی تھی، جو بعد میں فائنل پراجیکٹ کے سبب چھوڑنی پڑی۔ مگر فائنل پراجیکٹ ہوتے ہی ایک اور پرائیویٹ مگر بڑی فرم میں ملازمت ہو گئی۔ اور اب تقریباً 9 سال ہونے کو ہیں، اسی فرم میں۔ جاب کی نوعیت ڈویلپمنٹ ہے، اور جاوا لینگویج۔ کیریئر کا آغاز پی ایچ پی میں ڈویلپمنٹ سے کیا تھا، مگر جاوا پر سوئچ ہونے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

3) آپ جو بننا چاہتے تھے اور آپ جو ہیں اس میں کتنا فرق پاتے ہیں؟ (اس سوال کو محض کیرئیر کے متعلق نہ سمجھا جائے۔)

اس سوال پر میں اکثر سوچ میں پڑ جاتا ہوں کہ بچپن میں کب کبھی سوچا تھا کہ بڑے ہو کر کیا بننا ہے۔
ہاں البتہ نویں جماعت میں حیاتیات کا مضمون پڑھتے ہی یہ ضرور سوچ لیا تھا کہ ڈاکٹر نہیں بننا۔ :)
ویسے تو ہمارے معاشرے میں یہ ٹھیکہ بچوں سے زیادہ والدین کے پاس ہوتا ہے۔ مگر ہمارے والدین نے کبھی ہمیں کسی خاص فیلڈ کے لیے مجبور نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ بہن بھائیوں میں کوئی بھی ڈاکٹر نہیں ہے اور نہ ہی کوئی ابو کی فیلڈ مکینکل انجینئرنگ کی جانب گیا۔
بہرحال جب 1999 میں سب سے بڑے بھائی نے بی ایس سی کمپیوٹر سائنس شروع کی، اور گھر میں کمپیوٹر آیا۔ تو اسے دیکھ کر پروگرامنگ میں دلچسپی ہوئی، اور پھر زندگی میں کچھ موڑ دیکھنے کے بعد اسی فیلڈ میں آیا۔
اوہ۔ آپ نے کہا تھا کہ صرف کیریئر نہیں۔
اس کے علاوہ زندگی کا ایک بڑا مقصد جو ہمیں بچپن سے ہی سکھا دیا گیا تھا وہ یہ کہ زندگی صرف تعلیمی ادارے جا کر تعلیم حاصل کرنے اور پھر ملازمت میں جت جانے کا نام نہیں، بلکہ بحیثیت انسان اور پھر بحیثیت مسلمان ہماری کچھ اور بھی ذمہ داریاں ہیں۔ لہٰذا اس سسلسلہ میں سوشل ورک کی جانب کافی رجحان رہا بھی اور ہے بھی الحمد للہ۔ یہ بچپن سے ہی شوق کے ساتھ خواہش بھی تھی کہ میں زندگی میں کچھ ایسا ضرور کروں جو کسی دنیاوی غرض سے ماوراء ہو۔ خالص اپنے سکونِ قلب اور رضائے الٰہی کے لیے ہو۔ شعراء کے کلام کی ایپس کو بھی آپ اسی سلسلے کی کڑی سمجھ سکتی ہیں۔ :)

4) آپ کی زندگی کا اثاثہ کیا ہے؟

سب سے پہلے تو ایمان۔ پھر فیملی، خاندان، احباب کی جانب سے ملنے والی محبتیں۔ :)

5) کہا جاتا ہے کہ کچھ لوگوں کے وقت میں برکت ہوتی ہے، اس حوالے سے آپ کا کیا خیال ہے اور آپ کی رائے میں یہ کیسے حاصل ہوتی ہے؟

ضرور ہوتی ہے، میں اس حوالے سے کمزور ہوں۔ میری رائے میں وقت میں برکت وقت کے درست استعمال کے ساتھ ساتھ اپنے روز و شب کو ایک قاعدے کے مطابق گزارنے سے ہوتی ہے۔ صبح خیزی سے ہوتی ہے۔ آج کل ہمارے وقت کا ایک بڑا قاتل سمارٹ فون ہے۔ بظاہر تو ہم یہ کہہ رہے ہوتے ہیں ہم دیگر امور انجام دیتے ہوئے ساتھ ساتھ موبائل استعمال کرتے ہیں، اور دیگر کام متاثر نہیں ہوتے، مگر ایسا نہیں ہے۔ جن لوگوں کے پاس سمارٹ فون نہیں ہے، یا اس کا استعمال محدود ہے، ان کے وقت میں بھی نسبتاً برکت زیادہ ہوتی ہے۔

6) ہمارے مشاہدے کے مطابق آپ مذہب سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی ایک پختہ رائے رکھتے ہیں مگر اس کے باوجود جہاں کبھی کوئی بحث چلی وہاں آپ کی ایک ریٹنگ تک بھی نہ دیکھی گئی۔ لوگوں کا انٹرنیٹ پر ایسا میچور رویہ تقریبا نہ ہونے کے برابر دیکھنے میں آتا ہے۔ آپ نے اس معاملے میں بہت تجربہ کار اور عمر رسیدہ لوگوں کو بھی مات دے دی ہے۔ اس کا کیا راز ہے؟

یہ تو راز تھا۔ :cautious:

اس کی مناسبت سے عدم بہزاد کا مشہور شعر میری کیفیت کی عکاسی کرتا ہے۔

ہمارے لہجے میں یہ توازن بڑی صعوبت کے بعد آیا
کئی مزاجوں کے دشت دیکھے کئی رویوں کی خاک چھانی
15 سے 25 سال کی عمر تک میں بہت جذباتی تھا اور عموماً بحث مباحثہ میں شامل رہتا تھا۔ انٹرنیٹ پر اورکٹ کے فورمز پر بڑی مباحث میں شریک رہا۔ مگر پھر وقت کے ساتھ ساتھ یہ احساس ہوا کہ یہ مباحث محض آپ سے دوسرے کو دور کر سکتی ہیں، قریب نہیں۔ آپ کی طبعیت خراب کر سکتی ہیں، پر سکون نہیں۔ اور پھر سب سے بڑھ کر یہ کہ خاص طور پر آنلائن مباحث میں کوئی کسی سے قائل ہو جائے، اس کا امکان بہت ہی معدوم ہے۔
اپنا میسج اور اپنی رائے کا اظہار ضرور کرو، مگر بحث سے دور رہو۔ اور واقعی جیسے جیسے مباحث سے جان چھڑائی ہے، ویسے ویسے اپنے مزاج میں ٹھہراؤ بھی بڑھتے دیکھا ہے۔ اور یہ بھی سیکھا کہ میری رائے میری نظر میں سب سے اچھی بے شک ہو گی، تبھی میری رائے ہے، مگر دوسرے کی رائے بھی اس کی نظر میں یہی مقام رکھتی ہے۔ تو کبھی کسی گفتگو میں شریک ہو بھی جاؤں تو دوسرے کی رائے کا احترام ملحوظِ خاطر رہے۔ دوسرے کی رائے اور پسند کی تضحیک کے شدید خلاف ہوں۔ اور کبھی کر بیٹھوں تو توجہ دلانے یا خود احساس ہونے پر فوراً معذرت کرنے میں دیر نہیں لگاتا۔ :)

7) آپ نے اردو محفل کو زندگی میں ایک ترجیحی حیثیت دے رکھی ہے ۔ اس کی کوئی خاص وجہ؟ نیز اردو محفل کی سب سے خاص اور یونیق بات آپ کو کیا لگتی ہے؟

ترجیحِ اول تو نہیں کہہ سکتے۔ اور یہاں میں اپنی اوپر والی بات دہراؤں گا کہ محفل تو باقی کاموں کے ساتھ ساتھ چلتی رہتی ہے۔ :)
محفل سے جڑنے اور جڑے رہنے کی وجوہات پر پہلے ایک تحریر لکھ چکا ہوں تو وہی وجوہات اب بھی برقرار ہیں۔ :)

8 ) اپنی ریکارڈ توڑ سستی اور ریکارڈ توڑ پھرتی کا ایک ایک واقعہ تحریر کیجیے۔
سستی کا ریکارڈ تو یہ ہے کہ ابھی تک اپنا ڈومیسائل نہیں بنوا سکا۔
اور چستی کا ریکارڈ یہ ہے کہ میرا پرس ناران کاغان کے سفر میں جیپ کے ہچکولوں کی نظر ہو گیا۔ تو واپس آ کر ایک ہفتہ کے اندر شناختی کارڈ، لائسنس، آفس کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ بنوا لیے۔ :)

9) اگر آپ کبھی اردو محفل کی نظامت چھوڑنا چاہیں تو اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟ نیز اگر کبھی انتظامیہ آپ سے یہ عہدہ چھوڑنے کا کہے توآپ کے خیال میں اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟

اگر کبھی متنازعہ ہوا تو چھوڑ دوں گا۔ انتظامیہ جب بھی کہے گی تو یہ سوچے بغیر چھوڈ دوں گا کہ کیا وجہ ہے۔ میں اسے عہدہ سے زیادہ ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ :)

10) آپ کے پاس ٹائم مشین ہے اور آپ 13.7 ارب سال پہلے کائنات کے بننے سے لیکر آج تک کے کسی بھی زمانے میں جا کر کسی ایک تاریخی واقعے کو روکنا یا بدلنا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سے اس زمانے سے لیکر آج تک کی تاریخ بدل جائے گی۔ سو یہ بتائیں کہ آپ کا انتخاب کونسا واقعہ ہو گا اور اس میں کیا تبدیلی ہو گی اور کیوں؟ اور اس سے موجودہ زمانے پر کیا اثر پڑے گا؟

برِ صغیر پر انگریزوں کا قبضہ روکنا چاہوں گا۔ :)
 
محمدظہیر

محفلین
تابش بھائی کے لیے اگلے دس سوالات :)

١. آپ کی محفل کے علاوہ بھی یقینا بہت سی مصروفیات ہوں گی کہ زندگی اسی سے عبارت ہے، پھر محفل کے لیے اتنا وقت کیسے نکال لیتے ہیں؟
٢. آپ ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں (ماشاءاللہ)۔ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ آپ کی شخصیت اور آپ کے تخلیق کردہ ادب میں اس کا کیا کردار ہے اور اگر یہ پس منظر نہ ہوتا تو کیا ہوتا؟
٣. آپ نے اردو کمیونیٹی کے لیے بہترین اینڈرائڈ ایپس تیار کی ہیں ، ایپس تیار کرنے کا یہ خوبصورت خیال کیسے آیا اور اسے عملی جامہ پہناتے ہوئے کیا کیا رکاوٹیں راہ میں حائل ہوئیں ؟
٤. آپ کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں ، مستقبل میں اردو کمیونٹی کو مزید کیا تحفے دینے کی خواہش رکھتے ہیں ؟
٥. آپ نے اتنی قلیل مدت میں محفل میں دس ہزار سے زائد مراسلہ جات کرکے نمایاں مقام حاصل کیا ہے، آخر اس رفتار کا راز کیا ہے ؟
٦. اردو محفل میں آپ کو کن تین ہستیوں سے سب سے زیادہ انسیت ہے اور کیوں؟
٧. اگلے دس سال میں خود کو کہاں پاتے ہیں؟ (مفصل جواب درکار ہے)
٩. کوئی مراسلہ اگر آپ کے مزاج پر بہت ہی گراں گزرے اور بحیثیت مدیر آپ کے پاس کچھ کرنے کا اختیار ہو تو ایسے موقع پر کیسے معتدل رویہ برقرار رکھتے ہیں ؟
١٠. آپ کا passion کیا ہے، کیا کرنے سے قلبی مسرت ہوتی ہے ؟

:)
 
١. آپ کی محفل کے علاوہ بھی یقینا بہت سی مصروفیات ہوں گی کہ زندگی اسی سے عبارت ہے، پھر محفل کے لیے اتنا وقت کیسے نکال لیتے ہیں؟

اس کا جزوی جواب تو اوپر آ چکا ہے۔ باقی یہ کہ میں آج کل تو سو فیصد اور عمومی طور پر تقریباً اسی فیصد محفل موبائل سے استعمال کرتا ہوں، تو وقتاً فوقتاً نظر ڈال لیتا ہوں۔ دفتر میں ہوتے ہوئے محفل کا ایک ٹیب براؤزر پر اوپن رہتا ہے۔ اور اس پر بھی وقتاً فوقتاً نظر پڑتی رہتی ہے۔
گھر میں کبھی کبھار بیگم اس موبائل نوشی سے تنگ آتی ہیں، مگر معاملہ سنبھال لیتا ہوں۔ :)

٢. آپ ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں (ماشاءاللہ)۔ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ آپ کی شخصیت اور آپ کے تخلیق کردہ ادب میں اس کا کیا کردار ہے اور اگر یہ پس منظر نہ ہوتا تو کیا ہوتا؟

اس کا بنیادی کردار تو یہی ہے، کہ ادبی ذوق پروان چڑھا۔ اور دوسرا اثر جو تخلیقی کام میں آ جاتا ہے اور آیا بھی، وہ فکری رجحان کا ہے۔
اگر یہ پس منظر نہ ہوتا، تو جو ہوتا اس کا اثر ہوتا۔ :)

٣. آپ نے اردو کمیونیٹی کے لیے بہترین اینڈرائڈ ایپس تیار کی ہیں ، ایپس تیار کرنے کا یہ خوبصورت خیال کیسے آیا اور اسے عملی جامہ پہناتے ہوئے کیا کیا رکاوٹیں راہ میں حائل ہوئیں ؟

اس سلسلے کی پہلی ایپ بناتے ہوئے یہ خیال ہرگز نہ تھا کہ اور بھی ایپس بناؤں۔
دراصل یہ دو مختلف خیالات کا انضمام تھا جو اس ایپ کی صورت میں سامنے آیا۔ عرصہ دراز سے علامہ اقبالؒ سے منسوب اشعار پر کڑھا کرتا تھا، اور ان پر اعتراض کر کے لوگوں کی ناراضگی مول لیا کرتا تھا۔ کچھ اشعار تو واضح اشارہ کر رہے ہوتے ہیں کہ ہم اقبالؒؒ تو کیا، اقبال مستری کے بھی اشعار نہیں ہیں، مگر جو درست اشعار ہوتے تھے، ان پر شبہ ہونے کے باوجود کوئی آسان ذریعہ ان کی تحقیق کا نہیں تھا۔ لہٰذا یہ خواہش رہتی تھی کہ کوئی ایسی ویب سائٹ ہونی چاہیے، جہاں اقبالؒ کا سارا کلام اکٹھا ہو۔ یعنی یہ خیال بھی نہ تھا کہ یہ کام میں کروں۔
دوسری جانب اینڈرائڈ ڈویلپمنٹ کے بڑھتے ہوئے کام کے سبب ایک خواہش تھی کہ اینڈرائڈ ڈویلپمنٹ سیکھی جائے۔ مگر کیسے سیکھی جائے؟
تو ایک دن اچانک ان دونوں خیالات کا ہنگامی اجتماع ہوا اور یہ طے پایا کہ علامہ اقبالؒ کا کلام سرچ ایبل فارمیٹ میں خود ہی دیا جائے اور اینڈرائڈ ایپلیکیشن کی صورت میں دیا جائے۔ اس میں تین کام اہم تھے۔ ایک تو ٹیکسٹ فارمیٹ میں سارا کلام ملنا، پھر اس کو مناسب طریقہ سے ڈیٹابیس میں محفوظ کرنا، اور اینڈرائڈ ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ سیکھنا۔
اور اسی ترتیب سے کام کیا۔ بہت ڈھونڈنے پر پتہ چلا کہ یہ سارا ٹیکسٹ تو اقبال اکیڈمی کی ویب سائٹ پر ہے۔ اور نہ صرف اردو بلکہ فارسی کلام بھی مکمل موجود ہے۔ مختلف ویب سائٹ ڈاؤنلوڈر ٹرائی کرنے کے بعد غالباً ایچ ٹی ٹریک سے کام ہو گیا۔ اب اگلا کام ویب پیجز میں سے ٹیکسٹ نکالنا تھا۔ اس کے لیے نوٹ پیڈ پلس پلس پر تمام ڈائریکٹری پر 3 مختلف ریجکس کے ذریعے ایچ ٹی ایم ایل ڈیٹا حذف کر کے ٹیکسٹ حاصل کیا۔ اور پھر ایک جاوا پروگرام لکھ کر ان تمام فائلز سے ڈیٹا اٹھا کر ڈیٹابیس میں محفوظ کیا۔ اس کے بعد ایپلیکیشن بنانی شروع کی تو بنتی چلی گئی۔ ایپلیکیشن بنانے کے سلسلہ میں محفل سے بھی مدد حاصل کی، یوں یہ ایپلیکشن تیار ہوئی۔ اگلی دو ایپلیکیشنز کے لیے یہی محفل سے احباب نے تیار کیا۔ :)
چھوٹی کرنے کے باوجود لمبی کہانی ہو گئی۔ یہ بھی میرا مسئلہ ہے۔ :)

٤. آپ کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں ، مستقبل میں اردو کمیونٹی کو مزید کیا تحفے دینے کی خواہش رکھتے ہیں ؟

اردو کمیونٹی کے لیے کرنے کے جو زیادہ اہم کام ہیں وہ ایک فرد کے بجائے ادارہ کے کرنے کے ہیں، یا ایسا فرد جو کلی طور پر ان کاموں کو وقت دے سکے۔
میرا اپنا خیال کبھی وقت نکلنے پر اپنی تمام ایپس اور مزید شعراء کے کلام کو ایک ویب سائٹ کی شکل میں لانے کا بھی ہے۔ اس میں بھی آئیڈیا یہی ہے کہ صرف مکمل کلام اور کاپی رائٹ سے آزاد کلام اکٹھا کیا جائے۔ مگر یہ ابھی صرف آئیڈیا تک ہی ہے، مصروفیات و مسائل سے وقت ملے تو عملی جامہ کی طرف بڑھا جائے۔ :)

٥. آپ نے اتنی قلیل مدت میں محفل میں دس ہزار سے زائد مراسلہ جات کرکے نمایاں مقام حاصل کیا ہے، آخر اس رفتار کا راز کیا ہے ؟

اس کا جواب ایک تو پہلے سوال کے جواب میں مضمر ہے، دوسرا یہ کہ میں نے اپنے آپ کو گنے چنے زمرہ جات تک محدود نہیں کیا، جہاں کوئی ان پٹ دے سکتا تھا وہ دی، چاہے کوئی چول ہی کیوں نہ ماری ہو۔ :)
اور ایک وجہ دادا مرحوم کا کلام بڑی تعداد میں پیش کرنا بھی رہی۔

٦. اردو محفل میں آپ کو کن تین ہستیوں سے سب سے زیادہ انسیت ہے اور کیوں؟

یہ مشکل ترین سوال ہے۔ وہ اس لیے کہ سب سے زیادہ میں ہی کئی احباب آ جاتے ہیں۔ اور اپنی عادت کے سبب اس طرح ذکر کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتا ہوں۔ :)

مگر جواب دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ :)

ایک شخصیت جو نمایاں طور پر الگ نظر آتی ہے وہ استادِ محترم اعجاز عبید صاحب کی ہے۔ جن سے نہ صرف یہ کہ میں نے سیکھا، بلکہ سکھانے کا شوق بھی انھی کی حوصلہ افزائی کے سبب پروان چڑھا۔ ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی دادا مرحوم کے کلام کو برقیانے میں ممد و معاون ثابت ہوئی۔

محمد وارث بھائی کے علم کی وسعت اور کثیر الجہت ہونے سے بہت متاثر ہوں۔

ابن سعید بھائی کی اپنے کام سے لگن اور ذہانت کی سبب بہت متاثر ہوں۔

ان کے علاوہ بھی کچھ شعراء محفلین سے، کچھ نثر نگار محفلین سے، کچھ منظر نگار محفلین سے کافی متاثر ہوں، اور ان میں سے کچھ سے کافی انسیت محسوس کرتا ہوں۔ :)
اور انھیں اس فہرست کا حصہ سمجھا جائے۔ :)

٧. اگلے دس سال میں خود کو کہاں پاتے ہیں؟ (مفصل جواب درکار ہے)

آپ مفصل کی بات کرتے ہیں، میں تو اس سوال کا مختصر جواب بھی نہ دے پاؤں۔
پچھلے کچھ سالوں میں زندگی نے جس طرح قلابازیاں کھائی ہیں، تو کافی حقیقت پسند ہو گیا ہوں۔ شاید ضرورت سے زیادہ۔ مستقبل سے زیادہ حال میں جیتا ہوں۔ انسان کچھ سوچ رہا ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ نے کچھ اور پلان کیا ہوتا ہے، تو بہتر ہے کہ چھوٹے اہداف طے کیے جائیں، ان کی کوشش کی جائے اور معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا جائے۔
وقت کا زیادہ حصہ خیالی پلاؤ بنانے میں صرف کرنے کے بجائے جو اہداف طے شدہ ہیں، ان کے حصول کی کوشش میں صرف کیا جائے۔
بلاشبہ بہت سے لوگ اس طرزِ فکر سے اختلاف رکھیں گے، مگر میں اس میں مطمئن ہوں۔ :)
اس کا ہرگز یہ مطلب نہ لیا جائے کہ خواہشات نہیں ہیں، مگر یہ کہ ان میں سے اکثر کے لیے کوئی روڈ میپ ابھی سے تیار نہیں کیا ہوا۔ :)

٩. کوئی مراسلہ اگر آپ کے مزاج پر بہت ہی گراں گزرے اور بحیثیت مدیر آپ کے پاس کچھ کرنے کا اختیار ہو تو ایسے موقع پر کیسے معتدل رویہ برقرار رکھتے ہیں ؟

اختیار کا استعمال وہیں ہو گا، جہاں مراسلہ محفل کے قواعد و ضوابط یا ماحول پر غلط طور سے اثر انداز ہوگا۔ چاہے وہ مراسلہ مجھے بہت پسند آئے، یا مجھے ناگوار ہو۔
معتدل رویہ برقرار رکھنے کی وجہ پہلے ذکر کر چکا ہوں کہ مخالف نظریہ رکھنے والوں کی رائے کو بھی احترام دیتا ہوں، اور جواب دینا بہت ناگزیر نہ ہو تو اس بات کو اگنور کرتا ہوں۔

١٠. آپ کا passion کیا ہے، کیا کرنے سے قلبی مسرت ہوتی ہے ؟

پروگرامنگ، سوشل ورک
 
فہد اشرف

محفلین
السلام علیکم تابش بھائی۔
آپ کے لیے سوالوں کی اگلی کھیپ تیار ہے۔
۔۔۔۔
1۔ تابش بھائی آپ کا روزمرہ کا معمول کیا ہے؟
2۔ محفل تک آپ کی رسائی کیسے ہوئی؟ اور شروعاتی تجربات کیسے رہے؟
3۔ مدیر بننے سے پہلے اور بعد کے محمد تابش میں کیا فرق پاتے ہیں؟
4۔ محفلین کے لیے کوئی پیغام۔
5۔آپ کے دادا مرحوم ہندوستان سے ہجرت کر کے گئے تھے۔ کیا ہجرت کے بعد آپ کے فیملی سے کسی نے ہندوستان وزٹ کیا یا اس کی خواہش کی؟
6۔ ہندوستانی رشتے داروں سے اب بھی روابط ہیں؟
7۔آپ کرکٹ کے دلدادہ ہیں۔ اگر آپ کو پی سی بی کا چیئرمین بنا دیا جائے تو کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے سب سے پہلا کام کیا کریں گے؟ دوسرا تیسرا چوتھا بھی بتا سکتے ہیں :)
8۔شدت سے بور ہو رہے ہوں تو کیا کرتے ہیں؟
9۔پسندیدہ شاعر اور مصنف؟
10۔کون کون سی زبانیں جانتے ہیں اور کون سی زبان سیکھنے کی خواہش ہے اور کیوں؟
۔۔۔
شکریہ :)
 
1۔ تابش بھائی آپ کا روزمرہ کا معمول کیا ہے؟

اگر آج کل کا پوچھ رہے ہیں تو کوئی خاص معمول نہیں ہے، بیڈ ریسٹ کے سبب۔
عمومی طور پر صبح دفتر جانا، شام دفتر سے واپسی، دفتر دور ہونے کے سبب رات کو گھر پہنچتا ہوں۔ اگر کوئی مارکیٹ جانے والا کام نہ ہو تو گھر میں بچوں کے ساتھ وقت گزاری۔ ابو امی کے پاس جا کر بھی کچھ دیر بیٹھنا۔
عمومی طور پر ہفتہ میں ایک دفعہ قریبی منعقدہ قرآن کلاس، سٹڈی سرکل میں شرکت
ویک اینڈز پر گھر کے کام، مارکیٹ کے چکر، رشتہ داروں کی طرف آنا جانا، سسرال کا چکر
ہر ویک نہیں۔ :)

2۔ محفل تک آپ کی رسائی کیسے ہوئی؟ اور شروعاتی تجربات کیسے رہے؟

رسائی تو جوائن کرنے سے کچھ عرصہ پہلے ہی ہو گئی تھی، عموماً شاعری یا شاعر ڈھونڈنے کے چکر میں آنا ہوتا تھا، بلکہ آنا کیا ہوتا تھا، گوگل لے آتا تھا۔ :)
جب آیا تو کسی سبب محفل کچھ خاموش تھی، تو آغاز بھی خاموش ہی رہا۔ محفل کے زمرہ جات پہلے سمجھ چکا تھا۔ مجھے شاید ہی اکا دکا چیزوں کو سمجھنے کے لیے کسی سے مدد لینے کی ضرورت پڑی ہو۔
شروع میں مختلف لڑیوں میں ہلکے پھلکے انداز سے ڈرتے ڈرتے شرکت کی، مگر حوصلہ افزاء ردِ عمل کے سبب پھیلتا گیا۔ :)

3۔ مدیر بننے سے پہلے اور بعد کے محمد تابش میں کیا فرق پاتے ہیں؟

کچھ زیادہ نہیں، مراسلہ پوسٹ کرنے میں ایک مدیر کو جتنا محتاط رہنے کی ضرورت ہے، اتنا شاید پہلے ہی تھا۔ :)

4۔ محفلین کے لیے کوئی پیغام۔

اس دنیا میں کسی بھی فورم پر، چاہے وہ انٹرنیٹ پر ہو یا حقیقی دنیا میں ہو۔ یہ توقع رکھنا کہ سب ایک ہی مزاج یا ایک ہی سوچ کے افراد سے پالا پڑے گا، غیر فطری ہے۔
جب ہم کسی موضوع پر کچھ پوسٹ کرتے ہیں یا گفتگو میں حصہ لیتے ہیں، تو اس بات کے لیے تیار رہنا چاہیے کہ مخالف رائے بھی آ سکتی ہے اور شدت کے ساتھ بھی آ سکتی ہے۔
ویسے بھی زیادہ میٹھا صحت کے لیے اچھا نہیں ہوتا۔ :)

5۔آپ کے دادا مرحوم ہندوستان سے ہجرت کر کے گئے تھے۔ کیا ہجرت کے بعد آپ کے فیملی سے کسی نے ہندوستان وزٹ کیا یا اس کی خواہش کی؟

شروع میں ہی دادا ایک آدھ دفعہ گئے تھے، ابو کے بچپن میں۔ البتہ ننھیالی خاندان سے کچھ افراد مستقل جاتے آتے رہے۔ ابو کی کافی خواہش رہی، خاص طور پر اپنی سگی خالہ سے ملاقات کے لیے۔ میرے دل میں بھی خواہش تو موجود ہے۔ :)

6۔ ہندوستانی رشتے داروں سے اب بھی روابط ہیں؟

روابط بہت پہلے ہی منقطع ہو گئے تھے۔ درمیان میں پابندیاں وغیرہ لگنے کی وجہ سے، جس دوران ایڈریس وغیرہ بدل گئے۔
95،96 میں ایک رشتہ دار کا انڈیا جانا ہوا، جن سے ایڈریس اور فون نمبر ملا، تو رابطہ بحال ہوا۔خط و کتابت بھی ہوئی، ہم جو خط لکھتے تھے وہ وہاں کچھ لوگ ہی پڑھ سکتے تھے، اور انھی سے پڑھوائے جاتے تھے، البتہ وہاں سے جوابی خطوط رومن اردو میں آتے تھے۔ :)
فون پر مشکل سے چند منٹ کے لیے بات ہوتی تھی، جو عموماً بزرگوں کے رونے میں گزر جاتی تھی۔ اب انٹرنیٹ کے ذریعے فیملی کے کافی افراد سے رابطہ ہے، اور خبریں باآسانی ادھر ادھر پہنچ جاتی ہیں۔
ابو کے چار ماموؤں کی فیملیز ہیں، جن سے رابطہ ہے۔
ایک معروف ہندوستانی سکالر ڈاکٹر فضل الرحمٰن فریدی مرحوم ہماری امی کے سگے پھوپھا تھے۔ مگر ان کی فیملی سے ابھی رابطہ نہیں ہے۔

7۔آپ کرکٹ کے دلدادہ ہیں۔ اگر آپ کو پی سی بی کا چیئرمین بنا دیا جائے تو کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے سب سے پہلا کام کیا کریں گے؟ دوسرا تیسرا چوتھا بھی بتا سکتے ہیں :)

میں تماشائی ہی رہنا پسند کروں گا۔ تبصرے کرنا آسان کام ہے، عملی کام کرنا مشکل۔ بہرحال ایک کام جو کرنا چاہوں گا وہ ہے اقربا پروری کا مکمل خاتمہ۔ :)

8۔شدت سے بور ہو رہے ہوں تو کیا کرتے ہیں؟

ویسے تو ایسی نوعیت کم ہی آتی ہے۔ اگر بالفرض آ بھی جائے تو کوئی طے شدہ ایکٹویٹی نہیں ہے۔ بک ریڈنگ، نیٹ گردی، وغیرہ وغیرہ۔

9۔پسندیدہ شاعر اور مصنف؟

مشکل سوال، خاص طور پر شاعر مختلف وجوہات پر مختلف پسند ہیں۔ عمومی طور پر جو سینئر شعراء پسند ہیں ان کو چھوڑ کر قابلؔ اجمیری نے بہت متاثر کیا۔
مصنف مختار مسعود

10۔کون کون سی زبانیں جانتے ہیں اور کون سی زبان سیکھنے کی خواہش ہے اور کیوں؟

اردو مکمل، انگریزی ضرورت کے مطابق، پنجابی سمجھ لیتا ہوں اور ٹانگیں بھی توڑ لیتا ہوں۔
فارسی اور عربی سیکھنے کی خواہش ہے، مگر ابھی تک کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہے۔ :)
 
یہاں انٹرویو ٹیم کی طرف سے سوالات کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا اور اب یہ لڑی محفلین کی طرف سے سوالات کو خوش آمدید کہتی ہے۔ :)
 
ماشاء اللہ بہت خوب۔
تابش بھائی آپ سے گذارش ہے کہ اپنی پانچ پسندیدہ کتابوں کے نام بتائیے۔
کبھی کوئی فہرست مرتب نہیں کی۔ بہت سی کتابیں اس فہرست میں آ جاتی ہیں۔
بناؤ اور بگاڑ مولانا مودودیؒ کا چھوٹا سا کتابچہ ہے، جس سے انسانی زندگی میں بناؤ اور بگاڑ کی وجوہات اور اس کے قوموں پر اثرات کو سمجھنے میں مدد ملی۔
مولانا کی تحاریر سے نہ صرف یہ کہ فکری طور پر متاثر ہوں، بلکہ ان کا اسلوبِ تحریر بھی کمال ہے۔

مختار مسعود مرحوم کی کتب

مزاح میں پطرس کے مضامین اور کرنل محمد خان کی بجنگ آمد

پانچ سے تو زیادہ ہی ہو گئیں۔
اس کے علاوہ بھی ایک لمبی لائن ہے، جو کبھی باضابطہ ضبطِ تحریر میں نہیں لایا۔
اور نہ ہی اس کی رینکنگ کر سکتا ہوں۔ :)
 
فاخر رضا

محفلین
سلام
انشاءاللہ قابل اجمیری کا کلام مکمل کرلوں کا تو آپ اس کی بھی ایپ بنا دیجیے گا
میرا سوال یہ ہے کہ آپ اپنے سوشل ورک کے بارے میں بتائیے
کیا آپ اسے کہیں شیئر کرتے ہیں تو لنک دیجیے
شکریہ
 
سلام
انشاءاللہ قابل اجمیری کا کلام مکمل کرلوں کا تو آپ اس کی بھی ایپ بنا دیجیے گا
میرا سوال یہ ہے کہ آپ اپنے سوشل ورک کے بارے میں بتائیے
کیا آپ اسے کہیں شیئر کرتے ہیں تو لنک دیجیے
شکریہ
ضرور ان شاء اللہ

سوشل ورک کے لیے انفرادی طور پر کرنے کے بجائے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ منسلک ہوں۔ اور مختلف ہنگامی اور روٹین کی ایکٹوٹیز میں رضاکارانہ شرکت رہتی ہے۔
 
عرفان سعید

محفلین
بناؤ اور بگاڑ مولانا مودودیؒ کا چھوٹا سا کتابچہ ہے، جس سے انسانی زندگی میں بناؤ اور بگاڑ کی وجوہات اور اس کے قوموں پر اثرات کو سمجھنے میں مدد ملی۔
مولانا کی تحاریر سے نہ صرف یہ کہ فکری طور پر متاثر ہوں، بلکہ ان کا اسلوبِ تحریر بھی کمال ہے۔
بہت خوشی ہوئی یہ جان کر۔ میرے بچپن کے ۱۵ سال منصورہ لاہور میں گزرے ہیں۔
میرے نانا (چوہدری عبد الغنی گہلن مرحوم) جماعتِ اسلامی کے پہلے ۷۵ تاسیسی ارکان میں شامل تھے۔اور مولانا مودودی کے قریبی رفقا میں سے تھے۔
مولانا کے اندازِ نگارش کے کیا کہنے۔ امام غزالی اور برٹینڈ رسل کے اسالیبِ تحریر کو اردو میں دیکھنا ہو تو سید مودودی کی نگارشات دیکھی جا سکتی ہیں۔
 
ماشاءاللہ بھیا ،
آپ کے حالات زندگی سے کافی تفصیلی معلومات ملی ، آپ بہت کمال کی شخصیت ہیں ،اپنی ذات کو آپ نے اتنی جگہ تقسیم کیا ہواہے اور ہر جگہ آپ منصفانہ انداز رویہ رکھا ہوا ہے ،
میرا سوال یہ ہے کہ آپ کی اتنی ہنگامہ خیززندگی میں کبھی ایسا موقع بھی آیا ہے کہ بھابی محترمہ نے آپ سے یہ شکایت کی کہ آپ مجھے وقت نہیں دیتے ہیں ؟
 
نور وجدان

لائبریرین
میں وقتاً فوقتاً سوالات آپ کی خدمت میں ارسال کرتی رہوں گی. ابھی کے لیے اتنے ہی:) :) :)

۱. قران مجید کو بطور خط پڑھتے ہیں یا بطور کتاب؟ اگر بطور خط، تو کیا احساسات وارد ہوتے ہیں؟

۲. آپ ماشاء اللہ حج کی سعادت حاصل کرچکے ہیں،شاعر لوگ تو جذبات کی داستانیں منظوم کرتے ..ہم نے ڈھونڈا ایسا کلام مگر ہماری کوتاہی دیکھیے کہ ایسا دھاگہ ملا نہیں
اسی مناسبت سے گرہ لگائیے،

کعبے پر پڑی جب پہلی نظر کیا چیز ہے دنیا بھول گیا

۳.ایسے کون سے لمحے تھے جنہوں نے زندگی بدل دی؟

۴.حضرت ابو بکر صدیق رض کی کس بات سے اتنا متاثر ہیں کہ اس کو عملی طور پر لاگو کیا ہوا ہے؟
 
آخری تدوین:
Top