اردو محفل کی فورمز کی فہرست کی تنظیم نو

تبدیلی کسی بھی نظام کے زندہ ہونے کا ثبوت ہے تو وہیں ترقی کے لئے ضروری بھی۔ اس کے برعکس جمود بڑے بڑے مستحکم نظاموں کو وقت کی گرد میں لپٹی کھنڈر بنا دیتا ہے۔ وقت کے ساتھ جوں جوں اردو کمیونٹی ویب پر نئی جہات سے رو شناس ہوئی، نئے آلات و نظام سامنے آئے، تلخ و شیریں تجربات ہوئے، سیاسی، معاشی، معاشرتی و تکنیکی اتھل پتھل نے پچھلے کچھ سالوں میں کافی کچھ بدل کر رکھا دیا۔ اردو محفل بھی ان حالات سے متاثر ہوئے بغیر نہ سکی۔ کبھی ایک سافٹوئیر سے دوسرے پر منتقلی تو کبھی سرور کے مسائل، کبھی اراکین کی گہما گہمی تو کبھی سناٹے کا راج، کبھی جشن اور مبارک سلامت کا سماں تو کبھی کشیدگی کی فضاء۔ غرض کہ کیا کچھ دیکھنے کو نہیں ملا! اردو محفل کا نقطہ آغاز وقت کی لکیر پر وہاں کہیں پایا جاتا ہے جب کہ ویب پر مکمل یونیکوڈ اردو فورم کا تصور مفقود تھا۔ اس کے بعد اردو محفل نے اردو کی بے لوث خدمت کرنے والے مخلص رضاکاروں کے کارواں کے ساتھ چلتے ہوئے ترقی کے جو منازل طے کئے اور ویب پر اردو کی ترویج و ارتقاء کے حوالے سے جو کردار ادا کیا وہ کسی سے مخفی نہیں۔ یہ سلسلہ ابھی نہ تو رکا ہے اور نہ ہی مستقبل قریب میں اس کے امکانات نظر آتے ہیں۔ :)

جوں جوں محفل کی وسعت میں اضافہ ہوا، مواد کو مرتب و منظم کرنے کے لئے وقت کے ساتھ اس میں زمروں اور ذیلی زمروں کا جال بھی پھیلتا چلا گیا۔ کچھ تکنیکی مسائل، کچھ وقت کی قلت اور کچھ بے توجہی اور کچھ دوسری ترجیحات کے چلتے کبھی پلٹ کر دیکھنے کا موقع نہیں ملا کہ جو زمرے وقت کے ساتھ ساتھ بے مصرف ہو چلے ہیں ان کی کاٹ چھانٹ کی جائے یا وقت کے ساتھ زمرہ جات کی ترتیب میں جو تبدیلیاں ہوئیں ان کو ٹھیک سے برتا جائے۔ خیر اس قسم کی کی تبدیلی کا قصد کئی بار کیا گیا لیکن یہ کام اتنا وقت طلب تھا کہ ہر دفعہ ٹال مٹول کا کا شکار ہو گیا۔ الحمد للہ ان دنوں سرور کے مسائل بھی نہیں، سافٹوئیر بھی خاصہ پختہ اور سہولیات سے بھر پور ہے لہٰذا فیصلہ لیا گیا کہ اب اگر ایسے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آنے والے دنوں میں یہ مسئلہ سنگین ترین ہو جائے گا۔ بہر کیف آج چھوٹی سی مشاورت کے بعد محفل فورم کے ڈھانچے میں کچھ جزوی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کا مختصر بیان درج ذیل ہے۔ :)

- محفل اور محفلین کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے اور زمرہ جات کو ترتیب دیتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ :)
- کوشش کی گئی ہے کہ نئے آنے والوں کے بیشتر سوالات پوچھنے سے قبل از خود حل ہو جائیں۔ مثلاً تعارف وغیرہ کے زمرے ایسی نمایاں جگہ رکھے گئے ہیں کہ پہلی ہی نظر میں سامنے آ جائیں۔ :)
- پوسٹ کی ریٹنگ کا موڈ نصب کرتے ہوئے پوری محفل کے پرمیشن سسٹم میں ایسی پیچیدگی شامل ہو گئی تھی جو نا قابل قبول تھی اسے درست کیا گیا ہے۔ :)
- محفل اسٹاف سے متعلقہ زمرے کچھ غیر متعلقہ زمروں کے تحت تھے ان کو نیا گھر عطا کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں پرمیشن سسٹم میں بہتری آئی ہے اور پیچیدگیاں کم ہوئی ہیں۔ :)
- کچھ بے مصرف زمروں کو آرکایو کر کے ناقابل رسائی کر دیا گیا ہے۔ اور ابھی مزید کئی زمرے اس قربان گاہ پر آنے کو منتظر ہیں۔ :)
- تعارف اور انٹرویو کے زمرے ضم کر دیئے گئے ہیں لیکن ان کے لئے مناسب تھریڈ پریفکس کا نظام شامل کر دیا گیا ہے۔ :)
- تہنیتی پیغامات اور دعائیہ کلمات کے زمروں کو بھی ضم کر کے ان میں مناسب تھریڈ پریفکس ملحق کیئے گئے ہیں۔ :)
- "آپ کی تجاویز، آرا اور شکایات" زمرے کو دو حصوں میں منقسم کر دیا گیا ہے۔ جن میں سے پہلا زمرہ "تجاویز، آراء و مسائل" کے نام سے ہے جس میں محفل کی بہتری کے لئے اپنے قیمتی مشورے یا در پیش مسائل لکھ سکتے ہیں جبکہ دوسرا زمرہ ایسی شکایات کے لئے مخصوص ہے جو محفلین خود تک اور محفل اسٹاف تک محدود رکھنا چاہیں۔ وہاں شروع کیئے دھاگوں تک صاحب دھاگہ اور محفل اسٹاف جس میں سبھی ناظمین و مدیران شامل ہیں، کے علاوہ کسی اور کو رسائی نہیں ہوگی۔ یہ زمرہ انتظامیہ سے ان کے نظم و نسق میں سقم کے حوالے سے یا پھر پریشان کن محفلین کے حوالے سے شکایات کے لئے موزوں ترین ہے۔ بعض احباب کسی بات پر بغیر شور شرابے کے مصلحانہ احتجاج کے لئے بھی اس زمرے کو مناسب پائیں گے۔:)
- محفل کی سالگرہ کے زمرے کو نمایاں جگہ دی گئی ہے اور اس کے داخلی دھاگوں کے لئے ہر سال کی مناسبت سے تھریڈ پریفکس بنائے گئے ہیں۔ :)
- آن لائن کورسیز کا زمرہ ایک عرصہ سے غیر فعال پڑا تھا اس لئے اس کو فہرست میں بالکل نیچے رکھا گیا ہے۔ :)
- لائبریری کا زمرہ عموماً لائبریری ٹیم کے استعمال میں رہتا ہے نیز اس میں ذیلی زمرہ جات بھی بہت زیادہ ہیں اس لئے اس کو بھی نیچے کر دیا گیا ہے جبکہ ان تبدیلیوں کے باعث محفل ادب کا زمرہ کافی اوپر آ گیا ہے۔ :)
- کچھ زمرہ جات کے نام تبدیل کیئے گئے ہیں اور مناسب وضاحتیں شامل کی گئی ہیں۔ :)

ابھی تو یہ ابتداء ہے، بے شمار تبدیلیاں ابھی باقی ہیں۔ فی الحال محفل میں تین سو سے زائد زمرے و ذیلی زمرے پائے جاتے ہیں جبکہ ذیلی زمرہ جات کی گہرائی چار یا پانچ لیویل تک ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ ان دونوں چیزوں کو تھریڈ پریفکسیز اور ری آرگنائزیشن کی مدد سے کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں ہر سیکشن کو اس کے متعلقہ ذمہ داران سے گفت شنید کرکے ہلکا پھلکا کرنے اور سہل الاستعمال ترتیب دینے کی کوشش کی جائے گی۔ :)

احباب سے ایک عدد تعاون کی اپیل ہے کہ نئے زمرہ جات کو ذہن نشین کر لیں اور جہاں کہیں بھی کوئی دھاگہ دیکھیں جو مناسب زمرے میں نہ ہو تو اس کو فوری رپورٹ کر دیں تاکہ صارفین کے لئے محفل میں براؤزنگ خوشگوار تجربہ ہو۔ :)

امید ہے کہ احباب اس کوشش پر اپنی ناقدانہ رائے سے نوازیں گے اور ہمیں محفل کو منظم کرنے میں مزید تعاون فرمائیں گے۔ :) :) :)
 

میر انیس

لائبریرین
سعود آٖپ کی محنت واقعی قابل ستائش ہے۔ اور شمشاد ہم سب اراکین تو ہمہ وقت آپ ناظمین حضرات سے تعاون کے لئے دستیاب ہیں
 

الف عین

لائبریرین
’’احباب سے ایک عدد تعاون کی اپیل ہے کہ نئے زمرہ جات کو ذہن نشین کر لیں اور جہاں کہیں بھی کوئی دھاگہ دیکھیں جو مناسب زمرے میں نہ ہو تو اس کو فوری رپورٹ کر دیں تاکہ صارفین کے لئے محفل میں براؤزنگ خوشگوار تجربہ ہو۔ :)‘‘
میں تو متعدد تعاون دینے کو تیار ہوں۔
تفنن بر طرف۔ اچھی کوشش ہے۔
 

مہ جبین

محفلین
ماشاءاللہ کافی جانفشانی سے اتنے سارے کام درست سمت میں کردیئے سعود ، اللہ تمہارے کام میں اور نکھار عطا فرمائے آمین
 

ساجد

محفلین
سعود بھیا ، سچ میں آپ نے بڑی جاں فشانی سے کام کیا ہے۔ اللہ کریم ، آپ کو جزائے خیر سے نوازے۔
محفل کو رواں رکھنے میں آپ کی خدمات لازوال ہیں۔ چونکہ ہمیں روحوں سے بہت ڈر لگتا ہےاس لئے رات کے ڈھلتے دوپہر کی ساعتوں میں ڈرتے ڈرتے لکھ رہے ہیں کہ آپ محفل "کی"روحِ رواں ہیں:skull:۔
 
Top