میر کیا کہوں تم سے میں کہ کیا ہے عشق ۔ میر تقی میر

فرخ منظور

لائبریرین
کیا کہوں تم سے میں کہ کیا ہے عشق
جان کا روگ ہے بلا ہے عشق

درد ہی خود ہے خود دوا ہے عشق
شیخ کیا جانے تُو کہ کیا ہے عشق

عشق ہی عشق ہے جہاں دیکھو
سارے عالم میں بھر رہا ہے عشق

عشق معشوق، عشق عاشق ہے
یعنی اپنا ہی مبتلا ہے عشق

عشق ہے طرز و طور، عشق کے تئیں
کہیں بندہ کہیں خدا ہے عشق

کون مقصد کو عشق بن پہنچا
آرزو عشق و مدّعا ہے عشق

کوئی خواہاں نہیں محبت کا
تو کہے جنسِ ناروا ہے عشق

تو نہ ہووے تو نظمِ کُل اٹھ جائے
سچے ہیں شاعراں خدا ہے عشق

میر جی زرد ہوتے جاتے ہیں
کیا کہیں تُم نے بھی کیا ہے عشق؟

(میر تقی میر)
 
کاشفی

محفلین
عمدہ و لاجواب سخنور صاحب۔۔ہمیشہ کی طرح خوبصورت انتخاب ۔۔شکریہ بہت بہت شریک محفل کرنے کے لیئے۔۔
 
محمد وارث

لائبریرین
واہ کیا خوبصورت غزل ہے، لاجواب۔ بہت شکریہ فرخ صاحب شیئر کرنے کیلیے۔

عشق ہے طرز و طور، عشق کے تئیں
کہیں بندہ کہیں خدا ہے عشق

کون مقصود کو عشق بن پہنچا
آرزو عشق و مدّعا ہے عشق

ان دونوں اشعار کے پہلے مصرعوں میں کچھ گڑبڑ لگ رہی ہے، پلیز پھر دیکھ لیں۔

درد ہی خود ہے خود دوا ہے عشق
شیخ کیا جانے تُو کہ کیا ہے عشق

یہ مطلعِ ثانی ہے سو اصولاً اسے شعر نمبر دو ہونا چاہیئے۔
 
فرخ منظور

لائبریرین
واہ کیا خوبصورت غزل ہے، لاجواب۔ بہت شکریہ فرخ صاحب شیئر کرنے کیلیے۔

ان دونوں اشعار کے پہلے مصرعوں میں کچھ گڑبڑ لگ رہی ہے، پلیز پھر دیکھ لیں۔

یہ مطلعِ ثانی ہے سو اصولاً اسے شعر نمبر دو ہونا چاہیئے۔

بہت شکریہ وارث صاحب۔ ایک مصرع کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا لیکن دوسرا درست کر دیا ہے اور مطلع ثانی کو بھی درست کر دیا ہے۔ یہ غزل فرزانہ صاحبہ نے رومن میں فیس بک پر پوسٹ کی تھی وہی سے یونی کوڈ میں بدل کر ٹائپ کی ہے۔
 
محمد وارث

لائبریرین
بہت شکریہ فرخ صاحب۔

ممکن ہے 'تئیں' کا وزن صرف 'تیں' بھی بندھتا ہو، اور یہیں مجھے مسئلہ محسوس ہو رہا تھا۔ بہرحال ایک بار پھر شکریہ۔
 
فاتح

لائبریرین
فرخ صاحب! واہ واہ واہ۔ خوبصورت انتخاب پر آپ کا شکریہ!
وارث صاحب! تئیں کے تئیں آپ کی دوسری رائے قریں از قیاس ہے کہ یہ ہر دو طرح مستعمل ہے۔ مثلا میر درد کا یہ شعر
طریقِ‌ ذکر تو ہے دردؔ یاد عالم کو
طرح بتائیے کچھ اپنے تئیں بھلانے کی
 
فرخ منظور

لائبریرین
فرخ صاحب! واہ واہ واہ۔ خوبصورت انتخاب پر آپ کا شکریہ!
وارث صاحب! تئیں کے تئیں آپ کی دوسری رائے قریں از قیاس ہے کہ یہ ہر دو طرح مستعمل ہے۔ مثلا میر درد کا یہ شعر
طریقِ‌ ذکر تو ہے درد یادِ عالم کو
طرح بتائیے کچھ اپنے تئیں بھلانے کی

بہت شکریہ فاتح صاحب اور مسئلہ حل کرنے کا بھی شکریہ! :)
 
Top