سولھویں سالگرہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظرِ فردا ہو!

زیک

مسافر
سوچا کہ اس سے پہلے کہ نبیل کا خطبہ آئے میں ہی کچھ لکھ لوں۔

اردوویب اور اردو محفل سولہ سال پہلے چند دیوانوں کا خواب تھا۔ وہ وقت تھا کہ محبِ نستعلیق محض تصویری اردو کو ترجیح دیتے تھے کہ انہیں وہی خوبصورت دکھتی تھی۔ دوسرے اردو دان رومن اردو کو انٹرنیٹ پر پھیلا رہے تھے۔ لیکن سرچ انجنز اور کمپیوٹنگ کے لحاظ سے ان دونوں کی کوئی حیثیت نہ تھی۔ نسخ فانٹس میں چند ایک اردو ویب سائٹس موجود تھیں۔ ایسے میں کچھ منچلوں نے اپنے اردو بلاگ بنائے۔

ان دنوں انٹرنیٹ پر یونیکوڈ نیا نیا تھا۔ Internationalization اور localization کوئی آسان کام نہ تھا کہ سافٹویر میں اس سب کی سپورٹ کم کم ہی تھی اور جو تھی وہ بھی جگاڑ سٹائل۔

ان مسائل سے نمٹتے ہوئے کچھ اردو بلاگرز میں بات چیت شروع ہوئی اور اپنی مدد آپ کے تحت کچھ ریسورسز اردو کے لئے بنانے کا سوچا گیا۔ ایک وکی جس پر تکنیکی معلومات اکٹھی ہوں۔ ایک بلاگ جس پر اردو کمپیوٹنگ وغیرہ سے متعلق پوسٹس ہوں۔ اور پھر اردو سیارہ جو اردو بلاگز کا aggregator تھا اور اردو بلاگرز کو اکٹھا کرنے اور انہیں بڑی audience دینے میں مددگار ہو سکتا تھا۔

جب یہ سب ہوا تو سوچا کہ اسے ایک ڈومین پر اکٹھا کر دیا جائے۔ یوں اردوویب کا آغاز ہوا۔

جب نبیل نے اردوویب پر محفل فورم سیٹ اپ کیا تو مجھے اس کی اہمیت و افادیت کا کچھ اندازہ نہیں تھا۔ میرے حساب سے ٹیکنیکل ریسورسز زیادہ اہم تھے۔ شاید اسی لئے میں نے کوئی دس دن بعد محفل پر رجسٹر کیا۔

وقت کے ساتھ علم ہوا کہ ایسے معاملات میں کمیونٹی بہت اہم ہوتی ہے اور محفل فورم اس کام کے لئے آئیڈیل تھا۔ یہاں بہت لوگ انٹرنیٹ اور کمپیوٹر پر اردو کے مسائل پر گفتگو اور مدد کو آتے۔

محفل کو اردو زبان کا پہلا فورم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ انٹرنیٹ پر اردو کے استعمال کے لئے بھی مشعل راہ ثابت ہوا۔ بھانت بھانت کے منصوبے یہاں بنائے گئے، اکثر پر کام شروع ہوا، کچھ پر کام مکمل بھی ہوا۔ ان دنوں آپ اسے اردو کمپیوٹنگ کی آئیڈیا فیکٹری بھی کہہ سکتے ہیں۔

وقت گزرتا گیا۔ معلوم ہوا کہ محفل میں فعال ارکان اور لڑیوں کی تعداد اس طرح نہیں بڑھ رہی جیسے شروع کے سالوں میں۔ یعنی ہم کمیونٹی سائز کی ایک لمٹ تک پہنچ گئے۔

پھر نستعلیق فونٹ بھی آ گئے۔ محفل نے بھی نستعلیقی رنگ لیا۔ وہ خط جس کی وجہ سے اردو اتنی پیچھے رہ گئی تھی اسے اختیار کرنا کچھ عجیب سی بات تھی۔

اردوویب اور محفل کی شروع کی لیڈرشپ بھی اتنے سالوں بعد باری باری یہ کام نئے لوگوں کو سونپ دینے کو تیار تھی۔ یوں لیڈرشپ ویسٹ سے پاکستان منتقل ہوئی۔

آج محفل ہمیں momentum کے سہارے چلتی نظر آتی ہے۔ فعالیت یقیناً پہلے سے کم ہے لیکن معاملہ چل رہا ہے۔

ایک چیز جس کی شدید کمی نظر آتی ہے وہ ہے محفل کا تشخص۔ محفل آخر کیا ہے؟ کیا یہ آج اردو کمپیوٹنگ کا فورم ہے؟ ان موضوعات پر تو مجھے کوئی لڑی یا مراسلہ کم ہی دکھتا ہے۔ کیا یہ ادبی فورم ہے؟ کچھ اچھے نثرپارے اور کچھ آسان و مشکل غزلیں ضرور یہاں پوسٹ ہوتی رہتی ہیں لیکن چند سالوں سے سالگرہ کے موقع پر مشاعرہ بھی منعقد نہیں ہو سکا اور معیاری ادب کی شیئرنگ بھی پہلے کی نسبت کم ہے۔ کیا یہ سیاسی فورم ہے؟ سیاسی خبروں کی شدید سپیمنگ کے باوجود یہاں سیاسی موضوعات پر کوئی سنجیدہ بحث دیکھے زمانہ ہوا۔ اردو لائبریری کا اہم کام کبھی خوب چلتا ہے اور کبھی بالکل رک جاتا ہے۔ کیا یہ گپ شپ کا فورم ہے؟ محفل پر گپ شپ ہمیشہ گفتگو کا حصہ رہی ہے اور کبھی کبھی لڑیوں کو موضوع پر رکھنا بھی کافی مشکل رہا لیکن یہاں فعال ارکان کی تعداد اتنی نہیں کہ محص گپ شپ پر فورم چل سکے۔

بات یہ نہیں کہ ماضی حال سے بہتر تھا۔ ماضی کے اور مسائل تھے اور ان چیلنجز کو لے کر ہم نے اردوویب کو کھڑا کیا تھا۔ اب ہم اس دور سے نکل چکے ہیں اور انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا اتنے سالوں میں بہت بدل گیا ہے۔ اب ہمیں یعنی تمام محفلین کو سوچنا ہے کہ اردو محفل کا وژن کیا ہے۔ ہم محفل سے کیا چاہتے ہیں؟ اس کا فوکس کن چیزوں پر ہونا چاہیئے؟

تمام محفلینز کو اردوویب اور محفل کی سولہویں سالگرہ مبارک ہو!
 
آخری تدوین:

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
السلام علیکم
ہماری طرف سے بھی اردو ویب اور اردو محفل کے تمام ممبران کو بہت بہت مبارک ہو۔
دعا ہے کہ جس مقصد کے لئے اس فورم کی بنیاد رکھی گئی، اس میں اسے کامیابی حاصل رہے۔
جن باتوں کی طرف آپ نے اشارہ کیا، وہ سب یقیناً قابلِ توجہ ہیں۔ اور ان کے بارے سوچنا ہم سب پر فرض بھی ہے ۔ ہمیں تو زندگی کی کڑی دھوپ میں یہ محفل ایک ٹھنڈے سائے کی طرح محسوس ہوتی ہے جس میں زیادہ حصہ ہلکی پھلکی گفتگو کا ہے۔ باقی جو بڑوں کی رائے اور حکم، ہم عمل کرنے میں کچھ کمی نہ کریں گے۔ البتہ کچھ سوچ بچار کے بعد ایک آدھ مشورہ ذہن میں ہے جسے جلدی سامنے رکھیں گے۔ قابل عمل جانا گیا تو خوشی ہو گی۔ نہ جانا گیا تو بھی شکوہ نہیں کہ ہم ابھی سیکھنے کے دور میں ہیں، نہ کہ سکھانے میں۔ ہر دو صورت میں ہم محفل کی ترقی میں ساتھ ہیں ان شاء اللہ۔
 
جاسم محمد

محفلین
پھر نستعلیق فونٹ بھی آ گئے۔ محفل نے بھی نستعلیقی رنگ لیا۔ وہ خط جس کی وجہ سے اردو اتنی پیچھے رہ گئی تھی اسے اختیار کرنا کچھ عجیب سی بات تھی۔
سب سے پہلے تو اردو ویب، محفل کی یہ مختصر تاریخ لکھنے پر آپ کا شکر گزار ہوں۔
دوسرا یہ نستعلیق فانٹ والا معاملہ کافی پیچیدہ ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ محفل فورم بننے کے 3 سال بعد بھی 2008 تک کوئی اچھا اردو نستعلیق فانٹ موجود نہیں تھا۔ اور جو نستعلیق فانٹس موجود تھے وہ عوام میں مقبول نہیں تھے۔صارفین کے ہی پرزور اصرار اور دباؤ پر ایسے تحقیقی پراجیکٹ شروع کئے گئے جن کی مدد سے بالآخر محفل کے فانٹ ساز وہ قابل استعمال اردو نستعلیق فانٹ بنانے میں کامیاب ہو گئے جس کا اول دن سے تقاضا کیا گیا تھا۔ آج بھی محفل کے پلیٹ فارم پر تیارکردہ "جمیل نوری نستعلیق" فانٹ نیٹ پر سب سے زیادہ ڈاؤنلوڈ کئے جانے والا اردو فانٹ ہے۔
image.png

image.png

Most Downloaded Fonts : Urdu Fonts
Best 20 Urdu Font - Free Download
 
جاسم محمد

محفلین
اب ہمیں یعنی تمام محفلین کو سوچنا ہے کہ اردو محفل کا وژن کیا ہے۔ ہم محفل سے کیا چاہتے ہیں؟ اس کا فوکس کن چیزوں پر ہونا چاہیئے؟
جب محفل میں شمولیت اختیار کی تھی تو اس وقت فورم کا مقصد انٹرنیٹ پر اردو کا فروغ ہوا کرتا تھا۔ یہ وہ دور تھا جب نیٹ پر اردو کامواد نہ ہونے کے برابر تھا۔ یوں محفل کے پلیٹ فارم سے پہلا قابل استعمال اردو کیبورڈ، نستعلیق فانٹ جاری کیا گیا جس سے نیٹ پر اردو کے فروغ میں کافی مدد ملی۔ اس کے بعد جب سمارٹ فونز عام ہونے لگے جن کے اندر پہلے سے اردو کیبورڈ اور نستعلیق فانٹ نصب ہوتا ہے ( جیسے آئی فون) تو اس سے اردو اپنے آپ سوشل میڈیا کی زبان بن گئی۔
اب چونکہ نیٹ پر اردو کے فروغ کا مشن پورا ہو چکا ہے تو محفل کو مزید قائم رکھنے کا بظاہر کوئی جواز نظر نہیں آتا۔ البتہ آج بھی مختلف اردو ٹولز ڈویلپمنٹ کی ضرورت بہرحال موجود ہے(جیسے ریختہ ڈاؤنلوڈر) ۔ یوں اس عظیم اردو پلیٹ فارم کو بالکل ختم کردینا بھی مناسب نہیں ہوگا۔ کسی نہ کسی شکل میں اردو محفل کو ہمیشہ آباد رہنا چاہئے۔
 
جاسمن

لائبریرین
سب سے پہلے تو اس لڑی کا موضوع اپنی جانب کھینچتا ہے۔ زیک اور مصرع!!! وہ بھی اقبال کا!! کمال ہے!:)
 
آخری تدوین:

فاخر رضا

محفلین
آپ کا مضمون پڑھ کر محفل کے آغاز سے متعلق معلومات میں اضافہ ہوا. اس تحریر کو تاریخ کا حصہ بننا چاہیے اور اس طرح کی باقی باتیں بھی جمع کی جانی چاہئیں
محفل ایک سوشل میڈیا فورم ہے مگر اس کا کوئی نگران نہیں جو اس کے اصول و ضوابط طے کرکے لوگوں کو اس کے مطابق چلائے. ڈھیلے ڈھالے طریقے سے معاملات چل رہے ہیں
ایک سبب یہ بھی ہے کہ اتنا عرصہ گزر چکا ہے اور یکسانیت سے بنیاد رکھنے والے بھی اکتا جاتے ہیں
دوسرے کسی کا روزگار اس محفل سے نہیں جڑا ہوا (سوائے ٹرولز کے) لہٰذا کوئی بھی اسے اپنی فل انرجی والا وقت دینے کو تیار نہیں ہوگا
خواتین کو اس میں مرکزی کردار نہیں حاصل ورنہ شاید وہ بہت دل لگا کر اسے آگے بڑھاتیں

اس محفل کا کیا کردار ہونا چاہیے

میرے خیال میں اسکے تمام ہی فورمز پر ایک ایک کرکے توجہ دی جائے اور اس میں مسلسل اچھے لکھاریوں سے لکھوا کر مواد ڈالا جائے. اس طرح یہاں ٹریفک بڑھے گی
مذہب، صحت، صحافت، معاشرت، سیاست، ادب، ان سب ہی میں معیاری مواد لکھوا کر شامل کیا جائے.
محفل کی اچھی پرانی لڑیوں کو اوپر لایا جائے اور اس کی مارکیٹنگ کی جائے
مجھ جیسے ٹائم پاس لوگوں کے سہارے تو اس محفل کی تباہی ہی ہوسکتی ہے
اسکے علاوہ ٹرولز پر فوری مکمل پابندی لگائی جائے. اس طرح بہت سے اچھے لوگ واپس محفل کی طرف واپس آئیں گے اور معیاری ادب پڑھنے کو ملے گا
 
بہت خوب زیک بھائی۔
بالآخر آپ نے بھی لکھنے کی ہمت کر ہی ڈالی۔ :)
اردو محفل کی بنیادی اغراض و مقاصد سے لے کر آج تک کے سفر کا مختصر احاطہ اور موجودہ مسائل کا بخوبی احاطہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع کا استعمال اس حد تک ہماری زندگیوں میں داخل ہو چکا ہے، کہ اردو محفل کو اس سے الگ رکھنا کافی مشکل ہو گیا ہے۔
اور بیان کیے گئے تغیر سے محفل کو بچا رکھنا بھی ایک محنت طلب کام ہے۔
ایک بات میں پہلے بھی کر چکا ہوں کہ محفل ایک میدان ہے، جو خالی نہیں رہ سکتا۔ جس طرح کے لوگ فعال ہوں گے، وہی یہاں کا ماحول بن جائے گا۔ جیسے لائبریری پراجیکٹ فعال ہوا تو ہر طرف لائبریری کا کام نظر آنے لگا۔ نو آموز شاعر فعال ہوں تو ہر طرف اصلاحِ سخن نظر آئے گا، سیاسی و مذہبی مباحث کے شوقین فعال ہوں تو ہر طرف سیاسی و مذہبی مباحث نظر آئیں گی۔ اپنی مصروف زندگی سے وقت نکال کر یہاں گپ شپ کرنے آنے والے فعال ہوں گے تو گپ شپ نظر آئے گی۔ اب ہر ایک اپنے طور پر جو دلچسپی رکھتا ہے، اور جتنا وقت نکال سکتا ہے، وہی محفل کو دے سکتا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ اگر ہر طرح کے لوگ فعال ہوں گے، تو ہر طرح کا موضوع دیکھنے کو ملے گا، ورنہ جو گروہ زیادہ فعال ہو گا، اسی کا مواد نظر آئے گا۔ ایک حد سے زیادہ قدغن نہیں لگائی جا سکتی، اور نہ ہی ممکن ہے۔
آج کل ایک ویڈیو یا حکایت بہت چل رہی ہے، جس میں ایک استاد ایک شیشی میں بالترتیب گیندیں، کنکر، ریت اور شراب ڈالتا ہے، سب نے ہی دیکھ رکھی ہو گی۔
وہی مثال محفل پر بھی منطبق ہوتی ہے۔ :)
 
سوچا کہ اس سے پہلے کہ نبیل کا خطبہ آئے میں ہی کچھ لکھ لوں۔

اردوویب اور اردو محفل سولہ سال پہلے چند دیوانوں کا خواب تھا۔ وہ وقت تھا کہ محبِ نستعلیق محض تصویری اردو کو ترجیح دیتے تھے کہ انہیں وہی خوبصورت دکھتی تھی۔ دوسرے اردو دان رومن اردو کو انٹرنیٹ پر پھیلا رہے تھے۔ لیکن سرچ انجنز اور کمپیوٹنگ کے لحاظ سے ان دونوں کی کوئی حیثیت نہ تھی۔ نسخ فانٹس میں چند ایک اردو ویب سائٹس موجود تھیں۔ ایسے میں کچھ منچلوں نے اپنے اردو بلاگ بنائے۔

ان دنوں انٹرنیٹ پر یونیکوڈ نیا نیا تھا۔ Internationalization اور localization کوئی آسان کام نہ تھا کہ سافٹویر میں اس سب کی سپورٹ کم کم ہی تھی اور جو تھی وہ بھی جگاڑ سٹائل۔

ان مسائل سے نمٹتے ہوئے کچھ اردو بلاگرز میں بات چیت شروع ہوئی اور اپنی مدد آپ کے تحت کچھ ریسورسز اردو کے لئے بنانے کا سوچا گیا۔ ایک وکی جس پر تکنیکی معلومات اکٹھی ہوں۔ ایک بلاگ جس پر اردو کمپیوٹنگ وغیرہ سے متعلق پوسٹس ہوں۔ اور پھر اردو سیارہ جو اردو بلاگز کا aggregator تھا اور اردو بلاگرز کو اکٹھا کرنے اور انہیں بڑی audience دینے میں مددگار ہو سکتا تھا۔

جب یہ سب ہوا تو سوچا کہ اسے ایک ڈومین پر اکٹھا کر دیا جائے۔ یوں اردوویب کا آغاز ہوا۔

جب نبیل نے اردوویب پر محفل فورم سیٹ اپ کیا تو مجھے اس کی اہمیت و افادیت کا کچھ اندازہ نہیں تھا۔ میرے حساب سے ٹیکنیکل ریسورسز زیادہ اہم تھے۔ شاید اسی لئے میں نے کوئی دس دن بعد محفل پر رجسٹر کیا۔

وقت کے ساتھ علم ہوا کہ ایسے معاملات میں کمیونٹی بہت اہم ہوتی ہے اور محفل فورم اس کام کے لئے آئیڈیل تھا۔ یہاں بہت لوگ انٹرنیٹ اور کمپیوٹر پر اردو کے مسائل پر گفتگو اور مدد کو آتے۔

محفل کو اردو زبان کا پہلا فورم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ انٹرنیٹ پر اردو کے استعمال کے لئے بھی مشعل راہ ثابت ہوا۔ بھانت بھانت کے منصوبے یہاں بنائے گئے، اکثر پر کام شروع ہوا، کچھ پر کام مکمل بھی ہوا۔ ان دنوں آپ اسے اردو کمپیوٹنگ کی آئیڈیا فیکٹری بھی کہہ سکتے ہیں۔

وقت گزرتا گیا۔ معلوم ہوا کہ محفل میں فعال ارکان اور لڑیوں کی تعداد اس طرح نہیں بڑھ رہی جیسے شروع کے سالوں میں۔ یعنی ہم کمیونٹی سائز کی ایک لمٹ تک پہنچ گئے۔

پھر نستعلیق فونٹ بھی آ گئے۔ محفل نے بھی نستعلیقی رنگ لیا۔ وہ خط جس کی وجہ سے اردو اتنی پیچھے رہ گئی تھی اسے اختیار کرنا کچھ عجیب سی بات تھی۔

اردوویب اور محفل کی شروع کی لیڈرشپ بھی اتنے سالوں بعد باری باری یہ کام نئے لوگوں کو سونپ دینے کو تیار تھی۔ یوں لیڈرشپ ویسٹ سے پاکستان منتقل ہوئی۔

آج محفل ہمیں momentum کے سہارے چلتی نظر آتی ہے۔ فعالیت یقیناً پہلے سے کم ہے لیکن معاملہ چل رہا ہے۔

ایک چیز جس کی شدید کمی نظر آتی ہے وہ ہے محفل کا تشخص۔ محفل آخر کیا ہے؟ کیا یہ آج اردو کمپیوٹنگ کا فورم ہے؟ ان موضوعات پر تو مجھے کوئی لڑی یا مراسلہ کم ہی دکھتا ہے۔ کیا یہ ادبی فورم ہے؟ کچھ اچھے نثرپارے اور کچھ آسان و مشکل غزلیں ضرور یہاں پوسٹ ہوتی رہتی ہیں لیکن چند سالوں سے سالگرہ کے موقع پر مشاعرہ بھی منعقد نہیں ہو سکا اور معیاری ادب کی شیئرنگ بھی پہلے کی نسبت کم ہے۔ کیا یہ سیاسی فورم ہے؟ سیاسی خبروں کی شدید سپیمنگ کے باوجود یہاں سیاسی موضوعات پر کوئی سنجیدہ بحث دیکھے زمانہ ہوا۔ اردو لائبریری کا اہم کام کبھی خوب چلتا ہے اور کبھی بالکل رک جاتا ہے۔ کیا یہ گپ شپ کا فورم ہے؟ محفل پر گپ شپ ہمیشہ گفتگو کا حصہ رہی ہے اور کبھی کبھی لڑیوں کو موضوع پر رکھنا بھی کافی مشکل رہا لیکن یہاں فعال ارکان کی تعداد اتنی نہیں کہ محص گپ شپ پر فورم چل سکے۔

بات یہ نہیں کہ ماضی حال سے بہتر تھا۔ ماضی کے اور مسائل تھے اور ان چیلنجز کو لے کر ہم نے اردوویب کو کھڑا کیا تھا۔ اب ہم اس دور سے نکل چکے ہیں اور انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا اتنے سالوں میں بہت بدل گیا ہے۔ اب ہمیں یعنی تمام محفلین کو سوچنا ہے کہ اردو محفل کا وژن کیا ہے۔ ہم محفل سے کیا چاہتے ہیں؟ اس کا فوکس کن چیزوں پر ہونا چاہیئے؟

تمام محفلینز کو اردوویب اور محفل کی سولہویں سالگرہ مبارک ہو!
آپ کے اسی مضمون کا انتظار تھا۔ اب ہم محفل کے رسالے کے دوسرے شمارے کا اعلان کردیتے ہیں۔
 
بہت خوب اور بہترین خطبہ صدارت ،
آپ نے بہت بہترین انداز میں بہت اہم باتوں کا ذکر کیا۔
اردو محفل فورم اردو زبان کا عوامی پلیٹ فورم ہے۔یہاں قابل شخصیات کے ساتھ ساتھ ہم جیسے نکمے بھی کچھ نا کچھ سیکھنے کی جستجو میں آتے ہیں۔
آپ نے کہا کہ اردو محفل کا وژن کیا ہے۔
ہم محفل سے کیا چاہتے ہیں؟
اس کا فوکس کن چیزوں پر ہونا چاہیئے؟
سابقہ اور موجودہ ناظمین کی جانب سے یہ بات بلکل واضح بیان کردی گئی ہے کہ یہ فورم نہ تو مذہبی ہے اور نہ ہی سیاسی ۔
محفلین کی تفریح اور طبع کو مدنظر رکھتے ہیں یہ زمرہ جات ترتیب دئیے گئے تھے۔
اس فورم کا قیام اردو ادب اور اردو زبان کی خدمات کے لیے کیا گیا۔
آپ کی گفتگو سے یہ بات بلکل عیاں ہے کہ فورم کا وژن کیا ہے۔
موجودہ دور کو مدنظر رکھتے ہوئے فورم انتظامیہ اور بانیان فورم کو دوبارہ سے فورم پالیسی اور دیگر اہم تنظیمی معاملات پر غور فکر کرتے ہوئے انھیں از سرنو ترتیب دینا چاہیے۔
 
علی وقار

محفلین
زیک کی تحریر جاندار ہے اور سوچ کے کئی در وا کرتی ہے۔ عصر حاضر میں اردو محفل کا تشخص برقرار رکھنا مشکل تر ہو چکا ہے مگر عمومی فورم کی حیثیت سے اس کو چلائے رکھنا ہی مناسب حکمت عملی ہے۔ گو کہ اس طرح اس کی افادیت کم رہے گی کیونکہ سوشل میڈیا (یہاں اس سے میری مراد بالخصوص فیس بک اور ٹویٹر ہے) پر اردو کے استعمال اور وہاں قریب قریب ہر ایک کا اکاؤنٹ ہونے کے باعث اردو محفل کو انٹرنیٹ کی وسیع و عریض دنیا میں اپنی جگہ بنانے اور زیادہ افراد تک رسائی کے حوالے سے بے پناہ مشکلات کا سامنا رہے گا۔ بہتر یہی ہے کہ کم از کم اس کی انفرادیت برقرار رکھی جائے اور جس طور اس کا انتظام چلایا جا رہا ہے، کم از کم مجھے اس سے بہتر صورت دکھائی نہیں دیتی ہے اور میں اسے غنیمت تصور کرتا ہوں۔ اردو محفل ایک گوشہء عافیت ہے اور اس کی انفرادیت کہیں نہ کہیں قائم ہے اور فیس بک اور سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز کے مقابلے میں یہ دیکھنے میں بھی کہیں زیادہ خوبصورت اور جاذب نظر ہے اور جو کمیونٹی یہاں موجود ہے، اور بالخصوص، جو یہاں اول وقت سے موجود رہے، وہ ادب دوست ہیں اور تھے، اور انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے انٹرنیٹ پر اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اولین کاوشیں کیں اور یہ مقام و مرتبہ بہرصورت انہیں حاصل رہے گا۔ اردو محفل کے بانیان، منتظمین و دیگر عملہ اور محفلین کو سالگرہ مبارک۔
 
خیر مبارکاں!
 
گُلِ یاسمیں

لائبریرین
اردو محفل ایک گوشہء عافیت ہے اور اس کی انفرادیت کہیں نہ کہیں قائم ہے اور فیس بک اور سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز کے مقابلے میں یہ دیکھنے میں بھی کہیں زیادہ خوبصورت اور جاذب نظر ہے
وقار بھائی کی اس بات سے سو فیصد متفق ہیں کہ یہ محفل ایک گوشہء عافیت ہے۔ اس محفل سے مزید لطف اندوز ہونے کے لئے سال بھر مختلف قسم کے مقابلے کروا کر اس میں مزید رنگ بھرے جا سکتے ہیں۔ اب یہ مقابلے کس طرح کے ہوں۔ان پر الگ سے بحث کی جا سکتی ہے۔ دلچسپی بھی برقرار رہے گی اور کچھ نہ کچھ معلومات میں بھی اضافہ ہوتا رہے گا۔
نثر نگاری، اچھا معیاری مواد، شعر و شاعری اب ہر کوئی تو نہیں کر سکتا۔ ساتھ ساتھ کچھ تفریحی پروگرام باقاعدگی سے چلتے رہنے چاہئیں۔ البتہ اصول و ضوابط پر نظر رکھنا اور ان کی پابندی کروانا ایک توجہ طلب امر ہے جو یقیناً منتظمین کی کڑی نگرانی چاہتا ہے۔
اردو محفل فورم اردو زبان کا عوامی پلیٹ فورم ہے۔یہاں قابل شخصیات کے ساتھ ساتھ ہم جیسے نکمے بھی کچھ نا کچھ سیکھنے کی جستجو میں آتے ہیں۔
بالکل عدنان بھائی۔ بہت کچھ ہم جیسی نکمی کو سیکھنے کے لئے بھی ملا ہے۔ ہم ہمیشہ السلام و علیکم لکھا کرتے تھے، اس کی تصحیح ہو گئی اور محسوس بھی نہ ہوا۔ بہت قابل لوگ یہاں موجود ہیں اور محفل کی موجودگی میں ان کی قابلیت سے استفادہ نہ کرنا بہت گھاٹے کی بات ہے۔ مل جل کر سوچ بچار کر کے موجودہ وقت کی ضروریات کے مطابق کچھ اس طرح کرنا چاہئیے کہ کمرہء جماعت کا تاثر نہ ملے لیکن انسان سیکھتا بھی رہے۔
جب محفل کا آغاز ہوا تھا، اس وقت کی ضروریات کے مطابق اس نے بہت اچھے سے کام کیا اور کر رہی ہے۔ اگر موجودہ ترجیحات کے مطابق اس میں تھوڑا بہت ردو بدل کیا جائے تو بہت بہتر رہے گا۔ سولہ سالوں میں ایک نسل جوان ہو جاتی ہے اور جوان بڑھاپے کی طرف جانے لگتے ہیں۔ وہ شروع جیسا ولولہ تو ہمیشہ رہنے والا نہیں کہ وقت کے ساتھ ساتھ ذمہ داریوں کا بوجھ بھی کاندھوں پر آ جاتا ہے۔ مصروفیات بڑھ جاتی ہیں۔ غمِ روزگار سے فراغت پانے کے بعد یا جب بھی کسی کو محفل پہ وقت گزارنے کا موقعہ ملتا ہے، محفلین آ جاتے ہیں۔ اور اس مختصر سے وقت میں کچھ ہلکا پھلکا ہی چاہتے ہیں۔ کچھ اپنا لکھنے کا شوق پورا کرتے ہیں اور کچھ شعر وشاعری میں مصروف ہوتے ہیں۔ ہر ایک اپنی جگہ اپنا کام اچھے سے انجام دے رہا ہے۔ بس کچھ تفریحات کو ایک ہلکا سا نیا ٹچ دے دیا جائے تو مزہ رہے گا۔
 
سیما علی

لائبریرین
یہاں قابل شخصیات کے ساتھ ساتھ ہم جیسے نکمے بھی کچھ نا کچھ سیکھنے کی جستجو میں آتے ہیں۔
آپ نے کہا کہ اردو محفل کا وژن کیا ہے۔
بھیا ماشاء اللّہ آپ بہت خوب لکھتے ہیں اور ہمیں بہت اچھی طرح یاد ہے ہم نے آپ کی تحریر
پندرہویں سالگرہ - اردو محفل کی پندرہویں سالگرہ اور ہماری فلسفیانہ سوچ
پڑھ کے ہی کچھ آڑا ٹیڑھا لکھنے کی جرُات کی تھی ۔۔۔۔۔۔ورنہ پہلے صرف تھوڑا بہت اُردو محفل پہ آ کے پڑھ لیا کرتے تھے سلامت رہئے آپ سب لوگ جو اس محفل کی شان بڑھاتے ہیں۔۔۔۔۔
 
محترم زیک، اردو محفل کے دیگر بانیان، لائبریری پراجیکٹ کے رضاکاروں اور اساتذۂ محفل کو ہمارا خراجِ تحسین ۔۔۔ اردو کی ایسی خدمت، جو اردو کو قومی زبان قرار دینے والی ریاست کی ذمہ داری تھی، کرنے پر آپ سب کی جتنی تعریف اور پذیرائی کی جائے وہ کم ہے۔ ان تمام احباب کا بالخصوص شکریہ جنہوں نے اس پلیٹ فارم کو نہ صرف اپنا قیمتی وقت عطا کیا، بلکہ اپنی محنت کی کمائی سے بنا کسی غرض کے اپنا مال بھی اس کے لیے خرچ کیا۔ اردو زبان اس عظیم کاوش کے لیے آپ کی ہمیشہ مقروض اور احسان مند رہے گی، بھلے ہی اہلِ اردو اپنی روایتی بے حسی کے کارن ہوں نہ ہوں!

رہا سوال اس محفل کی شناخت کا، سو میرے خیال میں تو اس کی شناخت کا کسی ایک مخصوص زمرے میں محددود ہونا اس کے شایانِ شان نہیں ۔۔۔ میرے لیے تو یہ ایک بیش بہا خزینہ ہے جہان تقریبا ہر موضوع پر ہی اردو زبان میں کچھ نہ کچھ مواد موجود ہے۔

خدا اردو محفل کو ہمیشہ شاد و آباد رکھے۔
 
سید عاطف علی

لائبریرین

فہد اشرف

محفلین
سب سے پہلے تو زیک، نبیل بھائی اور دوسرے بانیان محفل اور موجودہ و سابق منتظمین و مدیران کا تہِ دل سے شکریہ، اردو اور اردو کمیونٹی پر آپ لوگوں کے احسانات ناقابلِ فراموش ہیں۔
زیک کا یہ سوال کافی اہم ہے کہ اردو محفل کا تشخص کیا ہے؟ یہ بات صحیح ہے کہ محفل کو یک رنگ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ایسا کرنا اچھا ہوگا پھر بھی محفل کی ایک سمت متعین کرنی ہو گی تا کہ ہم دائیں بائیں چلتے ہوئے بھی اسی سمت میں آگے بڑھیں۔ میری رائے میں محفل کا تشخص اردو کمپیوٹنگ ہی ہونی چاہیے کیونکہ شعر و ادب کی تدریس اور اس پہ تحقیق و تنقید تو مدارس اور جامعیات میں ہو ہی رہی ہے لیکن اردو کمپیوٹنگ اس معاملے میں قریب قریب یتیم ہے اس لیے محفل کی انتظامیہ اور سنجیدہ محفلین کو اس کی طرف دھیان دینا چاہیے۔ متعلقہ لڑیوں اور موضوعات کو فروغ دینا چاہیے، چھوٹے موٹے پروجیکٹ شروع کرنے چاہیے اور لوگوں سے جڑنے کی اپیل اور جڑنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
لائبریری کے ممبران ماشاء اللہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں میری خواہش کہ کسی دن محفل کی لائبریری کی ایک خوبصورت ریڈنگ ایپ بھی ہو۔
 
آخری تدوین:
وقار بھائی کی اس بات سے سو فیصد متفق ہیں کہ یہ محفل ایک گوشہء عافیت ہے۔ اس محفل سے مزید لطف اندوز ہونے کے لئے سال بھر مختلف قسم کے مقابلے کروا کر اس میں مزید رنگ بھرے جا سکتے ہیں۔ اب یہ مقابلے کس طرح کے ہوں۔ان پر الگ سے بحث کی جا سکتی ہے۔ دلچسپی بھی برقرار رہے گی اور کچھ نہ کچھ معلومات میں بھی اضافہ ہوتا رہے گا۔
نثر نگاری، اچھا معیاری مواد، شعر و شاعری اب ہر کوئی تو نہیں کر سکتا۔ ساتھ ساتھ کچھ تفریحی پروگرام باقاعدگی سے چلتے رہنے چاہئیں۔ البتہ اصول و ضوابط پر نظر رکھنا اور ان کی پابندی کروانا ایک توجہ طلب امر ہے جو یقیناً منتظمین کی کڑی نگرانی چاہتا ہے۔

بالکل عدنان بھائی۔ بہت کچھ ہم جیسی نکمی کو سیکھنے کے لئے بھی ملا ہے۔ ہم ہمیشہ السلام و علیکم لکھا کرتے تھے، اس کی تصحیح ہو گئی اور محسوس بھی نہ ہوا۔ بہت قابل لوگ یہاں موجود ہیں اور محفل کی موجودگی میں ان کی قابلیت سے استفادہ نہ کرنا بہت گھاٹے کی بات ہے۔ مل جل کر سوچ بچار کر کے موجودہ وقت کی ضروریات کے مطابق کچھ اس طرح کرنا چاہئیے کہ کمرہء جماعت کا تاثر نہ ملے لیکن انسان سیکھتا بھی رہے۔
جب محفل کا آغاز ہوا تھا، اس وقت کی ضروریات کے مطابق اس نے بہت اچھے سے کام کیا اور کر رہی ہے۔ اگر موجودہ ترجیحات کے مطابق اس میں تھوڑا بہت ردو بدل کیا جائے تو بہت بہتر رہے گا۔ سولہ سالوں میں ایک نسل جوان ہو جاتی ہے اور جوان بڑھاپے کی طرف جانے لگتے ہیں۔ وہ شروع جیسا ولولہ تو ہمیشہ رہنے والا نہیں کہ وقت کے ساتھ ساتھ ذمہ داریوں کا بوجھ بھی کاندھوں پر آ جاتا ہے۔ مصروفیات بڑھ جاتی ہیں۔ غمِ روزگار سے فراغت پانے کے بعد یا جب بھی کسی کو محفل پہ وقت گزارنے کا موقعہ ملتا ہے، محفلین آ جاتے ہیں۔ اور اس مختصر سے وقت میں کچھ ہلکا پھلکا ہی چاہتے ہیں۔ کچھ اپنا لکھنے کا شوق پورا کرتے ہیں اور کچھ شعر وشاعری میں مصروف ہوتے ہیں۔ ہر ایک اپنی جگہ اپنا کام اچھے سے انجام دے رہا ہے۔ بس کچھ تفریحات کو ایک ہلکا سا نیا ٹچ دے دیا جائے تو مزہ رہے گا۔
عدنان اکبری صاحب بہت اچھے سے تفریح کا کام انجام دے سکتے ہیں پر وہ آج ہی بول رہے تھے کہ میں بس دیکھ رہا ہوں تحریر نہیں کرونگا
 
Top