اپنا تعارف یا اپنے بارے میں لکھنا بنسبت دوسرے پر لکھنے سے خاصا مشکل ہوتا ہے اور ایک طرح سے آسان بھی ہے کہ آدمی اپنے بارے وہ حقائق بھی جانتا ہوتا ہے جس سے دوسرے بے خبر یا بے سروپائی کا شکار ہوتے ہیں. میرے بارے میں بھی بہت سے دوست احباب تخمینہ لگا چکے ہیں اور میں نے آج تک کسی کو یہ نہیں کہا کہ میرے اوپر انکا قیاس غلط ہے مجھے شروع سے ہی اپنی اصل چھپانے کی عادت ہے دیکھنے کو کچھ ہوں، سننے سننانے کو کچھ ہوں اور حقیقت میں کچھ اور. گھر میں، دوستوں کے ساتھ، رشتہ داروں میں میری مختلف شکلیں ہیں عقلی بھی اور شکلی بھی. شکلی اس طرح سے کہ میں اپنا ظاہری حلیہ بھی بدلتا رہتا ہوں کبھی لمبی داڑھی کبھی بہت چھوٹی کبھی مونچھیں اور اسی طرح سر کے بال. ایسے میں کوئی اپنا تعارف کروائے تو کیا کروائے. یہاں تک کہ سب نے میرا نام بھی میرے بارے میں اپنی اپنی سوچ کے مطابق رکھا ہے.
میرا نام عمر ہے لکھنے میں محمد عمر لکھا جاتا ہے اور والد محترم کا نام رمضان ہے تو میں محمد عمر رمضان لکھنے لگا جب شعور کی دنیا میں قدم رکھا تو معلوم ہوا میں ذات کا آرائیں ہوں چونکہ آرائیں چوہدری کہلاتے ہیں تو میں نے بھی اپنے نام کے ساتھ چوہدری کا اضافہ کرلیا کچھ دوستوں نے مجھے عمر کی بجائے چوہدری کہنا شروع کردیا. تھوڑا سے اور شعور حاصل ہوا تو پتا چلا کہ میرا حقیقی نام عمر شرجیل ہے شرجیل نام رکھنا میرے چچا کی خواہش تھی اور عمر میری پھوپھو کی، تو دونوں کی خوشی کو مدنظر رکھتے ہوئے میرا نام محمد عمر شرجیل چوہدری کہلایا اور اب مجھے ایک دو استاتذہ سمیت دوست الگ سے شرجیل بھی کہنے لگے. دوسرے مزید نام جو دوست احباب نے مخصوص وجوہات کے تحت رکھے ہیں ان کا ذکر کروں تو تعارف لمبا ہو جائے گا.

شعبہ کے اعتبار سے میں سافٹویئر انجینئر ہوں مگر اردو ادب سے محبت مجھے اللہ کی طرف سے ملا ہوا تحفہ ہے جس کی آگاہی مجھے اپنی پہلی محبت کے بعد ہوئی غالباً اس وقت میں نہم جماعت میں تھا. یہاں پہلی محبت پر فراز احمد فراز صاحب کا ایک شعر یاد آگیا.

وہ میری پہلی محبت وہ مری پہلی شکست
پھر تو پیمانِ وفا سو مرتبہ میں نے کیا...!

آج سے سات سال قبل نہم جماعت سے میری محبت کا سفر اور میری شعروں میں دلچسپی آج جانے کتنے ہی شعروں، غزلوں، نظموں اور نثروں کی تخلیق کاری کا موجب بنی. جلد ہی بندہ ناچیز کا لکھا ہوا کلام بصورت کتاب شائع کر دیا جائے گا. اس کے علاوہ نثر اور افسانوی کہانیوں کا مجموعہ بھی ان شاء اللہ جلد آپ سب ذوق رکھنے والوں کی نذر ہوگا.
آپکی محبتوں سے نوازا ہوا بندہ ناچیز "عمر شرجیل چوہدری"
شکریہ
 
آخری تدوین:

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
السلام علیکم
آپ کا تعارف پڑھتے ہوئے کچھ سوال ذہن میں کلبلائے۔۔۔سوچا اجازت لے لیں آپ سے پوچھنے کی۔

بلا اجازت بھی پوچھ سکتے تھےلیکن کھانا ٹھنڈا ہو رہا۔ تناول فرما کے آتے ہیں۔
 
السلام علیکم
آپ کا تعارف پڑھتے ہوئے کچھ سوال ذہن میں کلبلائے۔۔۔سوچا اجازت لے لیں آپ سے پوچھنے کی۔

بلا اجازت بھی پوچھ سکتے تھےلیکن کھانا ٹھنڈا ہو رہا۔ تناول فرما کے آتے ہیں۔
وعلیکم السلام!
جی بالکل بلا اجازت پوچھ سکتے ہیں آپ
آپ کھانا تناول فرمائیں ہم تھوڑی دیر اپنی خوابگاہ کا حق ادا کر لیں اور پھر یہ رات کا تقاضا بھی ہے آپ اپنے سوالات میری غیر موجودگی میں ارسال فرما سکتی ہیں.
 

شمشاد

لائبریرین
چوہدری صاحب اردو محفل میں خوش آمدید۔

چوہدری صاحب آپ کی نگارشات کا انتظار رہے گا۔
 

زیک

مسافر
خوش آمدید عمر

شعبہ کے اعتبار سے میں سافٹویئر انجینئر ہوں مگر اردو ادب سے محبت مجھے اللہ کی طرف سے ملا ہوا تحفہ ہے جس کی آگاہی مجھے اپنی پہلی محبت کے بعد ہوئی غالباً اس وقت میں نہم جماعت میں تھا

نہم جماعت سے میری محبت کا سفر اور میری شعروں میں دلچسپی آج جانے کتنے ہی شعروں، غزلوں، نظموں اور نثروں کی تخلیق کاری کا موجب بنی
دنیا بھر میں سافٹویر انجینیر نرڈ کے طور پر مشہور ہیں جبکہ پاکستان میں تمام شاعری و عشق کے چکر میں!

کچھ تیسری محبت کے بارے میں بھی بتائیں کہ جماعت نہم کو تو عرصہ گزرا
 
Top