آتش یار کو میں نے مجھے یار نے سونے نہ دیا ۔ آتش

فرخ منظور

لائبریرین
غزل

یار کو میں نے مجھے یار نے سونے نہ دیا
رات بھر طالعِ بیدار نے سونے نہ دیا

خاک پر سنگِ درِ یار نے سونے نہ دیا
دھوپ میں سایۂ دیوار نے سونے نہ دیا

شام سے وصل کی شب آنکھ نہ جھپکی تا صبح
شادئ دولتِ دیدار نے سونے نہ دیا

ایک شب بلبلِ بے تاب کے جاگے نہ نصیب
پہلوئے گُل میں کبھی خار نے سونے نہ دیا

جب لگی آنکھ ، کراہا یہ کہ بد خواب کیا
نیند بھر کر دلِ بیمار نے سونے نہ دیا

دردِ سرِ شام سے اس زلف کے سودے میں رہا
صبح تک مجھ کو شبِ تار نے سونے نہ دیا

رات بھر کیں دلِ بے تاب نے باتیں مجھ سے
رنج و محنت کے گرفتار نے سونے نہ دیا

سیلِ گریہ سے مرے نیند اڑی مردم کی
فکرِ بام و در و دیوار نے سونے نہ دیا

باغِ عالم میں رہیں خواب کی مشتاق آنکھیں
گرمیِ آتشِ گلزار نے سونے نہ دیا

سچ ہے غم خواریِ بیمار عذابِ جاں ہے
تا دمِ مرگ دلِ زار نے سونے نہ دیا

تکیہ تک پہلو میں اس گُل نے نہ رکھا آتش
غیر کو ساتھ کبھی یار نے سونے نہ دیا

(خواجہ حیدر علی آتش)
 

فاتح

لائبریرین
خوبصورت انتخاب ہے قبلہ۔
اس غزل سے جان پہچان کا آغاز عرصۂ دراز قبل استاد امانت علی خان کی آواز میں سن کر ہوا تھا۔ ذیل میں وہی ویڈیو شامل کر ہا ہوں:
 

فرخ منظور

لائبریرین
شکریہ فرخ صاحب کچھ حسین یادیں تازہ کرنے کیلیے :)

بہت شکریہ وارث صاحب۔ میں اس غزل کی ویڈیو یا آڈیو کی بھی تلاش میں ہوں جو کسی زمانے میں جگجیت اور چترا سنگھ نے گائی تھی دو غزلوں کو ملا کر ایک تو یہی آتش کی غزل تھی اور دوسرے شاعر کا نام مجھے یاد نہیں آرہا لیکن اس غزل کا ردیف تھا "رونے نہ دیا" وہ غزل ملے تو وہ بھی میں یہاں شئیر کر دوں۔
 
Top