ہم ترا ذکرِ طرحدار لکھا کرتے تھے

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ہم ترا ذکرِ طرحدار لکھا کرتے تھے
کوئی روکے تو بتکرار لکھا کرتے تھے

پندِ ناصح جو کہیں لکھا نظر آ جائے
نام تیرا وہیں سو بار لکھا کرتے تھے

محضرِ جرمِ وفا پر بخطِ رسم ِ جلی
برملا کلمۂ اقرار لکھا کرتے تھے

فردِ تکفیر ہمیں ملتی تھی جس کاغذ پر
ہم اُسی پر ترے اشعار لکھا کرتے تھے

ہم نے دیکھا ہی نہ تھا کچھ لب و عارض کے سوا
دل کے زخموں کو بھی گلنار لکھا کرتے تھے

چشمِ سادہ کو بہم آئی تھی وہ خوش نظری
ہم تو صحرا کو بھی گلزار لکھا کرتے تھے

شبِ تیرہ کے اُلجھتے ہوئے پیچ و خم کو
سایہ ٔ گیسوئے خم دار لکھا کرتے تھے

طفلِ مکتب تھے ، دوانے تھے کہ ہم فرزانے
دل کی باتیں سر دیوار لکھا کرتے تھے

مختصر یہ کہ جو لکھتے تھے لہو سے اپنے
لوگ کہتے ہیں کہ بیکار لکھا کرتے تھے

معتبر ٹھہرے وہی حرفِ ضرورت کہ جنہیں
لکھنے والے سرِ دربار لکھا کرتے تھے

۔

جانے کس شہرِ خموشی میں ہوئے خوابیدہ
جو سخن خامہء بیدار لکھا کرتے تھے

مر گئے کب کے وہ دل میں لئے امید ِ جواب
خط مسیحا کو جو بیمار لکھا کرتے تھے

ڈر رہے ہیں اب اُسی عہدِ ترقی سے ظہیرؔ
جس کی آمد کے ہم آثار لکھا کرتے تھے


ظہیر احمد ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۲۰۰۹​
 
محضرِ جرمِ وفا پر بخطِ رسم ِ جلی
برملا کلمۂ اقرار لکھا کرتے تھے

چشمِ سادہ کو بہم آئی تھی وہ خوش نظری
ہم تو صحرا کو بھی گلزار لکھا کرتے تھے

ڈر رہے ہیں اب اُسی عہدِ ترقی سے ظہیرؔ
جس کی آمد کے ہم آثار لکھا کرتے تھے
بہت عمدہ ظہیر بھائی۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
کمال است ولاجواب است


جب کبھی آپ یہ اشعار لکھا کرتے تھے
بہترین اور مزیدار لکھا کرتے تھے
:)
صحیح کہا بھائی آپ نے ۔ اب تو میں صرف سودا سلف کی لمبی لمبی فہرستیں لکھتا ہوں جو فون پر لکھوائی جاتی ہیں ۔ :):):)
 

فلک شیر

محفلین
طفلِ مکتب تھے ، دوانے تھے کہ ہم فرزانے
دل کی باتیں سر دیوار لکھا کرتے تھے
مختصر یہ کہ جو لکھتے تھے لہو سے اپنے
لوگ کہتے ہیں کہ بیکار لکھا کرتے تھے

ہائے ہائے
محمداحمد بھائی! اب تک یہ چیزیں سامنے کیوں نہ آئیں !
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
عمدہ لاجواب غزل حضور ،اللہ کریم آپ کو سلامت رکھے ۔ آمین
ہم آپ کے سخن سے ایسے ہی فیض یاب ہوتے رہیں۔آمین
بہت شکریہ معان بھائی ! نوازش !

بہت بہت شکریہ عبداللہ !

واہ واہ بہت خوب! کیا شاندار غزل ہے
بہت شکریہ فہد ! بہت خوشی ہوتی ہے آپ کی داد سے !
میں اکثر دور ہی دور سے دیکھتا رہتا ہوں کہ آپ کو مطالعہ کا بہت ذوق و شوق ہے اور اس کم عمری میں بھی آپ کا مطالعہ وسیع ہے ۔ اللہ کریم کے فضل سے امید ہے کہ ایک دن آپ ضرور کامیاب اور بڑے انسان بنیں گے ۔

طفلِ مکتب تھے ، دوانے تھے کہ ہم فرزانے
دل کی باتیں سر دیوار لکھا کرتے تھے
مختصر یہ کہ جو لکھتے تھے لہو سے اپنے
لوگ کہتے ہیں کہ بیکار لکھا کرتے تھے

ہائے ہائے
محمداحمد بھائی! اب تک یہ چیزیں سامنے کیوں نہ آئیں !
بہت بہت شکریہ فلک شیر بھائی ! بہت خوشی ہے کہ یہ ٹوٹے پھوٹے لفظ آپ کو پسند آئے ۔ آپ نے دل بڑھادیا ۔ اللہ کریم آپ کو سلامت رکھے !
 
اعلیٰ، عمدہ، خوب صورت، پھڑکتی ہوئی غزل۔ کیاب ب بات ہے!

نِت نئی ردیفیں ڈھونڈ لانے میں تو آپ کو یدِ طولیٰ حاصل ہے صاحب!

بہت سی داد قبول فرمائیے۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اعلیٰ، عمدہ، خوب صورت، پھڑکتی ہوئی غزل۔ کیاب ب بات ہے!

نِت نئی ردیفیں ڈھونڈ لانے میں تو آپ کو یدِ طولیٰ حاصل ہے صاحب!

بہت سی داد قبول فرمائیے۔

آداب خلیل بھائی ! نوازش!! آپ کی محبت ہے کہ ان کاوشوں کو پسند کرتے ہیں ۔
اور اس بات پر بھی آپ کا بہت شکریہ کہ ہماری شوخی اور شرارت کا برا نہیں مانتے ۔ اللہ آپ کا سایہ سلامت رکھے ! ترقی و کمال میں اضافہ فرمائے ! آمین ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ واہ کیا عمدہ غزل ہے:redheart::redheart::redheart:
نوازش ، بہت شکریہ ، عباد اللہ بھائی ! اس قدر افزائی پر بہت ممنون ہوں ۔ سخنوروں کی طرف سے ملنے والا حرفِ تحسین بہت قیمتی ہوتا ہے ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے !
بہت معذرت کہ شکریہ ادا کرنے میں اتنی تاخیر ہوئی ۔ ان دنوں کئی کئی ہفتے محفل پر آنا نہیں ہوتا تھا ۔ ویسے آج کل آپ محفل سے دور ہیں ۔ آتے رہا کیجئے ۔ کچھ تازہ کلام عطا کیجئے ۔
 
Top