چند اہم اور ضروری باتیں (اردو اور کمپیوٹر)

بلال

محفلین
اگر آپ کمپیوٹر پر اردو کی انسٹالیشن، اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور اردو فونٹس کے بارے میں کچھ خاص نہیں جانتے تو پھر درج ذیل باتوں کو دھیان سے ذہن نشین کر لیں۔

کمپیوٹر پر اردو لکھنے اور بہتر انداز میں دیکھنے کے لئے آپ کو تین چھوٹے چھوٹے کام کرنے پڑتے ہیں۔​

• اردو کی انسٹالیشن یعنی کمپیوٹر پر اردو کو ایکٹیو کرنا۔
• اردو کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن۔
• اردو فونٹس کی انسٹالیشن۔

یہ تینوں مراحل بہت ہی آسان اور بالکل چھوٹے چھوٹے ہیں۔

اردو کی انسٹالیشن
اردو کی انسٹالیشن یعنی اردو کو کمپیوٹر پر ایکٹیو کریں۔ اس کی سپورٹ ونڈوز میں پہلے سے ہی شامل ہوتی ہے۔ ونڈوز ایکس پی میں یہ عمل آپ کو خود کرنا پڑتا ہے اور اس کے لئے آپ کو ونڈوز ایکس پی کی سی ڈی کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ ایک بہت ہی آسان اور چھوٹا سا مرحلہ ہے۔ اس کی تفصیل کے لئے ”ونڈوز ایکس پی میں اردو کی انسٹالیشن“ والا صفحہ دیکھیں۔ اس کے برعکس ونڈوز وسٹا میں اردو پہلے سے ہی ایکٹیو ہوتی ہے اس لئے ونڈوز وسٹا میں اس عمل کی ضرورت نہیں پڑتی۔

اردو کی بورڈ لے آؤٹ
اردو کی انسٹالیشن یعنی اردو ایکٹیو کرنے کے بعد کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے لئے آپ کو اپنی مرضی کا کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کرنا ہوتا ہے تاکہ آپ اپنی مرضی کے مطابق جس کی Key سے جو لکھنا چاہتے/چاہتی ہیں وہ لکھ سکیں۔ مثال کے طور پر آپ A کی Key سے کیا لکھنا چاہتے/چاہتی ہیں اور B کی Key سے کیا لکھنا چاہتے/چاہتی ہیں۔ اردو کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن ایک بہت ہی آسان اور چھوٹا سا مرحلہ ہے جس کو انسٹال کرنے کی تفصیل آپ کو ”ونڈوز وسٹا یا ونڈوز ایکس پی میں اردو کی انسٹالیشن“ والے صفحہ پر ہی پتہ چل جائے گی۔پھر بھی مزید تفصیل درکار ہو تو ”اردو کی بورڈ لے آؤٹ (Urdu Keyboard Layout)“ والا صفحہ دیکھیں۔

اردو فونٹس
جس طرح کمپیوٹر پر باقی لکھائی کے خاص انداز(سٹائل) ہوتے ہیں جنہیں رسم الخط یعنی فونٹس کہتے ہیں جیسے Times New Roman، Arial اور Tahoma وغیرہ وغیرہ اسی طرح اردو لکھائی کو بھی ظاہر کرنے کے مختلف فونٹس ہوتے ہیں جیسے جمیل نوری نستعلیق، نفیس ویب نسخ، علوی لاہوری نستعلیقاور اردو نسخ ایشیا ٹائپ وغیرہ وغیرہ۔ اب آپ اردو لکھائی کو جس انداز میں دیکھنا چاہتے/چاہتی ہیں آپ وہ والے فونٹس اپنے کمپیوٹر پر انسٹال کر لیں۔ یہ بھی ایک بہت آسان اور چھوٹا سا مرحلہ ہے۔ اردو فونٹس کے بارے میں مزید معلومات کے لئے ”رسم الخط یعنی فونٹ(Font) کیا ہے؟“ والا صفحہ دیکھیں۔ اگر آپ کوئی بھی اردو فونٹ انسٹال نہیں کرتے پھر بھی اردو تحریر آپ کو ٹھیک نظر آئے گی لیکن یہ تحریر Times New Roman یا Tahoma وغیرہ فونٹ میں ہو گی جو کہ اردو کے فونٹ نہیں اس لئے بہتر یہی ہوتا ہے کہ آپ اردو تحریر کو بہتر انداز میں دیکھنے کے لئے چند ضروری فونٹس ضرور انسٹال کر لیں۔

عمومی سوالات

• کیا ان تینوں مراحل میں سے ایک بھی کر لیا جائے تو اردو لکھی جا سکتی ہے؟
جواب:- نہیں، یاد رہے یہ تینوں مراحل اپنی جداگانہ حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ یوں بھی سمجھ سکتے ہیں کہ پہلے والے دو مراحل یعنی اردو کی انسٹالیشن اور اردو کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن کے بعد آپ کمپیوٹر پر کسی بھی سافٹ ویئر میں اور انٹرنیٹ پر بآسانی اردو لکھ سکیں گے اور پھر اردو کو بہتر انداز میں دیکھنے کے لئے آپ کو اردو فونٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
عام طور پر کئی دفعہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ ان تینوں مراحل میں سے کوئی ایک کر لیتے ہیں خاص طور پر اردو فونٹس انسٹال کر لیتے ہیں اور پھر شکایت کرتے ہیں کہ جناب اردو تو پھر بھی نہیں لکھی جا رہی۔ شاید ان کو سمجھ نہیں آتی یا پھر کوئی انہیں ٹھیک طرح سمجھا نہیں سکتا کہ اردو لکھنے کے لئے یہ تینوں مراحل یا کم از کم پہلے دو مراحل پورے کرنے بہت ضروری ہیں۔ یاد رہے ونڈوز وسٹا میں یہ خصوصیت ہے کہ اس میں اردو پہلے سے ہی ایکٹیو ہوئی ہوتی ہے۔ اس لئے ونڈوز وسٹا میں آپ کو اردو لکھنے کے لئے صرف دوسرا مرحلہ یعنی ”اردو کی بورڈ لے آؤٹ“ کی ہی انسٹالیشن کرنی پڑتی ہے۔

• میں نے کمپیوٹر پر نہ تو اردو ایکٹیو کی ہے اور نہ ہی کوئی اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کیا ہے لیکن پھر بھی کئی ویب سائیٹ پر میں اردو لکھ سکتا/سکتی ہوں؟
جواب:- جن ویب سائیٹس پر بغیر اردو ایکٹیو کیے اور بغیر اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کئے اردو لکھی جاتی ہے ان ویب سائیٹس پر جس جگہ آپ اردو لکھ سکتے/سکتی ہیں اس ٹیکسٹ ایریا کے پیچھے جاوا سکرپٹ یا کسی بھی طرح کچھ ایسے پروگرامنگ کی جاتی ہے کہ جب آپ کوئی Key دباتے/دباتی ہیں تو انگلش کے حرف کی بجائے اردو کا حرف ظاہر ہو جاتا ہے۔ یہ سب اس پروگرامنگ کا کمال ہوتا ہے جبکہ آپ کے کمپیوٹر پر نہ تو اردو ایکٹیو ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال ہوا ہوتا ہے۔

• اکثر اردو ویب سائیٹس پر جہاں اردو میں لکھنا ہوتا ہے وہاں اردو ویسے ہی لکھی جاتی ہے تو پھر اپنے کمپیوٹر پر اردو ایکٹیو کرنے کا کیا فائدہ؟
جواب:- انٹرنیٹ پر اردو ویب سائیٹس کے علاوو بھی کئی جگہ پر آپ کو اردو لکھنا پڑ سکتی ہے مثلاً گوگل میں کچھ اردو میں تلاش کرنا پڑ سکتا، فیس بک پر کچھ اردو میں لکھنا پڑ سکتا ہے اس کے علاوہ بھی کئی ایک ویب سائیٹس پر اردو میں لکھنا پڑ سکتا ہے تو پھر آپ کیا کریں گے/گی؟ اس کا سب سے بہتر اور سٹینڈرڈ حل یہی ہے کہ آپ اپنے کمپیوٹر پر اردو کو ایکٹیو کریں اور اپنی مرضی کا اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کریں جو کہ بہت ہی آسان ہے اور پھر آپ جہاں چاہیں جس سافٹ ویئر میں چاہیں آسانی سے اردو لکھیں اور تو اور آپ ای میل اور چیٹ بھی اردو میں کر سکتے/سکتی ہیں۔

• میرے پاس ”اردو کی بورڈ“ نہیں ہے یعنی میرے ”کی بورڈ“ پر اردو کے حروف نہیں لکھے ہوئے تو پھر میں کیسے اردو لکھ سکتا/سکتی ہوں؟
جواب:- پہلی بات یہ کہ آپ کے پاس اگر انگلش یا کسی دوسری زبان کا ”کی بورڈ“ ہے تو پھر بھی آپ اردو لکھ سکتے/سکتی ہیں۔ دوسری اور اہم بات یہ کہ ”کی بورڈ“ ایک ہارڈ ویئر ہے جبکہ ”کی بورڈ لے آؤٹ“ ایک سافٹ ویئر ہوتا ہے جوکہ اردو یا کوئی بھی زبان لکھنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔آپ ونڈوز کا جس زبان کا ورژن انسٹال کرتے ہیں اس کا ”کی بورڈ لے آؤٹ“ ونڈوز کی انسٹالیشن کے دوران ہی خود بخود انسٹال ہو جاتا ہے اور پھر ایکٹیو بھی ہو جاتا ہے۔ لیکن ہمیں ونڈوز کا انگلش یا کسی بھی دوسری زبان کا ورژن استعمال کرتے ہوئے اردو لکھنے کے لئے اردو کا ”کی بورڈ لے آؤٹ“ انسٹال یا کم از کم ایکٹیو کرنا پڑتا ہے۔ اس بارے میں مزید تفصیل دیکھنے کے لئے ”اردو کی بورڈ لے آؤٹ(Urdu Keyboard Layout)“ والا صفحہ دیکھیں۔ یہاں ایک بار پھر بتاتے چلیں کہ ”کی بورڈ“ ایک ہارڈ ویئر ہوتا ہے جبکہ کمپیوٹر پر کوئی بھی زبان لکھنے کے لئے ”کی بورڈ لے آؤٹ“ کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ کسی بھی ”کی بورڈ“ ہارڈویئر کے ساتھ کام کر سکتا ہے چاہے اس ”کی بورڈ“ پر انگلش لکھی ہو یا کوئی بھی دوسری زبان۔

• میں نے اپنے کمپیوٹر پر اردو کی انسٹالیشن، کی بورڈ لے آؤٹ کی انسٹالیشن اور اردو فونٹ کی انسٹالیشن یعنی ان تینوں مراحل میں سے کچھ بھی نہیں کیا لیکن پھر بھی میرے کمپیوٹر پر اردو پڑھی جاتی ہے؟
جواب:- اردو تحریر پڑھنے کے لئے آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ونڈوز ایکس پی اور ونڈوز وسٹا میں یہ خصوصیت شامل ہے کہ اردو تحریر بغیر کچھ کیے ٹھیک پڑھی جا سکتی ہے۔ صرف لکھائی کا انداز بہتر دیکھنے کے لئے آپ کو اردو فونٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ جبکہ اردو لکھنے کے لئے آپ کو پہلے دو مراحل پورے کرنے پڑتے ہیں۔

• میں نے کمپیوٹر پر کوئی اردو فونٹ انسٹال نہیں کیا پھر بھی اردو تحریر مجھے نستعلیق فونٹ میں ہی نظر آتی ہے؟
جواب:- آپ جس اردو تحریر کی بات کر رہے/رہی ہیں وہ کمپیوٹر کی اصل اردو نہیں بلکہ وہ اردو تصویری شکل میں موجود ہے جو کہ ایک بہت پرانا طریقہ ہے اور اب وہ دور نہیں رہا کہ اس پرانے طریقہ پر چلا جائے۔ اس بارے میں مزید تفصیل آپ ”کمپیوٹر کی “اردو” اور “تصویری اردو” میں فرق“ والے صفحہ پر دیکھ سکتے/سکتی ہیں۔

• چند ایک ویب سائیٹ پر کمپیوٹر کی اصل اردو میں ہی تحریر موجود ہے اور وہ نستعلیق میں ہی نظر آتی ہے جبکہ میں نے کوئی نستعلیق فونٹ انسٹال نہیں کیا؟
جواب:- اس کی وجہ یہ ہے بعض ویب سائیٹس پر نستعلیق یا کسی بھی فونٹ کو اس طرح رکھا گیا ہوتا ہے کہ جب آپ اس ویب سائیٹ کو کھولتے/کھولتی ہیں تو وہ فونٹ اس ویب سائیٹ کو کھولنے پر آپ کے کمپیوٹر پر عارضی طور پر انسٹال ہو جاتا ہے اور اردو تحریر آپ کو اسی فونٹ میں نظر آتی ہے اور جب آپ وہ ویب سائیٹ بند کرتے ہیں تو وہ فونٹ بھی آپ کے کمپیوٹر سے ختم ہو جاتا ہے۔

• اگر میرے ذہن میں ”اردو اور کمپیوٹر“ کے متعلق کوئی سوال ہو تو مجھے اس کا جواب کہاں سے ملےگا؟
جواب:- اپنے سوال کے جواب کے لئے آپ urduhelpline[at]gmail[dot]com پر رابطہ کریں۔ اردو ہیلپ لائن والے حتی المقدور آپ کی مدد کریں گے۔ اس کے علاوہ ایک بہترین جگہ اردو محفل ہے جہاں آپ کو اردو کے متعلق بے شمار ذخیرہ ملے گا۔ اردو محفل کا لنک درج ذیل ہے۔
http://www.urduweb.org/mehfil/forum.php

• اردو کی بورڈ لے آؤٹ میں کہاں سے حاصل کر سکتا/سکتی ہوں؟
جواب:- درج ذیل لنک سے آپ اردو کی بورڈ لے آؤٹ حاصل کر سکتے/سکتی ہیں۔
http://dl.dropbox.com/u/2580033/urdu-paksign-keyboard.zip

• اردو فونٹس کہاں سے مل سکتے ہیں؟
جواب:- عام طور پر کمپیوٹر پر استعمال ہونے والے اردو فونٹس آپ کو درج ذیل لنک سے مل جائیں گے۔
http://dl.dropbox.com/u/2580033/urdu-font-2.zip
اس کے علاوہ جہانِ قلم ایک ایسی ویب سائیٹ جہاں اردو فونٹس کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ جہانِ قلم کے لئے درج ذیل لنک دیکھیں۔
http://fonts.alqlm.org
 

نبیل

تکنیکی معاون
بہت شکریہ بلال۔ جزاک اللہ خیر۔
کمپیوٹر پر اردو لکھنے اور پڑھنے کے بارے میں معلومات کو مستقل اپڈیٹ کیے جاتے رہنا چاہیے۔ آپریٹنگ سسٹمز اور اپلیکیشن سوفٹویر میں اس حوالے سے کافی تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ ایک گزارش جو میں کرنا چاہوں گا وہ یہ ہے کہ ضروری ڈاؤنلوڈ کے لیے ڈراپ باکس کی بجائے کوئی مستقل روابط فراہم کرنا بہتر رہتا ہے۔ آپ چاہیں تو یہ سوفٹویر یہاں کے ڈاؤنلوڈ سیکشن میں اپلوڈ کر سکتے ہیں۔
 

سویدا

محفلین
بہت بہترین ! زبردست
اردو اور کمپیوٹڑ سے متعلق بلال بھائی کے گذشتہ مضمون سے بھی بہت فائدہ ہوا تھا
جزاک اللہ خیرا
 

arifkarim

معطل
شکریہ بلال۔ ایک اردو سائٹ جو کہ میں یہاں شیئر بھی کر چکا ہوں، وہ میں اکثر نئے اردو صارفین کو دیتا ہوں:
www.urdu.ca
یہاں کیبورڈ، انسٹلر، فانٹس وغیرہ سب ایک ہی جگہ موجود ہیں۔ اور نبیل بھائی ڈراپ باکس کے تمام لنکس مستقل ہوتے ہیں۔ یہ باقی ہوسٹنگ سروسز کی طرح نہیں ہے!
 

خرم شہزاد خرم

لائبریرین
ماشاءاللہ بہت خوب بلال بھائی جزاک اللہ کسی نے مجھ سے پوچھا تھا یہ ایم بلال کون ہے تو میں نے کہہ دیا تھا یہ ایک پاگل ہے
اور مجھے یقین ہے کہ آپ پاگل ہی ہیں
 

بلال

محفلین
بہت شکریہ بلال۔ جزاک اللہ خیر۔
کمپیوٹر پر اردو لکھنے اور پڑھنے کے بارے میں معلومات کو مستقل اپڈیٹ کیے جاتے رہنا چاہیے۔ آپریٹنگ سسٹمز اور اپلیکیشن سوفٹویر میں اس حوالے سے کافی تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ ایک گزارش جو میں کرنا چاہوں گا وہ یہ ہے کہ ضروری ڈاؤنلوڈ کے لیے ڈراپ باکس کی بجائے کوئی مستقل روابط فراہم کرنا بہتر رہتا ہے۔ آپ چاہیں تو یہ سوفٹویر یہاں کے ڈاؤنلوڈ سیکشن میں اپلوڈ کر سکتے ہیں۔

آپ کا بہت شکریہ کہ نے میری تحریر کو پسند کیا۔
میں نے جتنا لکھا ہے اس میں جن آپریٹنگ سسٹمز یا سافٹویرز کا ذکر ہے ان میں جب بھی کوئی تبدیلی ہوتی ہے تو میری کوشش ہوتی ہے کہ میں بھی جلد از جلد تبدیلی کر دوں۔ باقی سنا ہے ڈراپ باکس کا لنک بھی مستقل ہوتا ہے۔ لیکن یہی چیزیں محفل کے ڈاؤن لوڈ سیکشن میں اپلوڈ کرنے پر مجھے خوشی ہو گی۔ بس ایک بات پوچھنی تھی کہ کبھی کبھی میں ان میں کچھ تبدیلیاں کرتا رہتا ہوں۔ تو کیا یہاں بھی اس فائل میں تبدیلی کرنے سے لنک تبدیل نہیں‌ہو گا۔
 

بلال

محفلین
شکریہ بلال۔ ایک اردو سائٹ جو کہ میں یہاں شیئر بھی کر چکا ہوں، وہ میں اکثر نئے اردو صارفین کو دیتا ہوں:
www.urdu.ca
یہاں کیبورڈ، انسٹلر، فانٹس وغیرہ سب ایک ہی جگہ موجود ہیں۔ اور نبیل بھائی ڈراپ باکس کے تمام لنکس مستقل ہوتے ہیں۔ یہ باقی ہوسٹنگ سروسز کی طرح نہیں ہے!

آپ کا بہت شکریہ۔ اس ویب سائیٹ کے بارے میں میں جانتا ہوں۔ کافی اچھی ہے لیکن اردو ٹیکسٹ ایڈیٹر کو بہت بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ آپس کی بات بتاؤں تو اب میں اس سائیٹ کے آس پاس بھی نہیں جاتا۔ :notlistening: ایک بار میں ایسا کمپیوٹر استعمال کر رہا تھا جس میں اردو انسٹال نہیں تھی تو محفل کے ٹیکسٹ ایڈیٹر کو استعمال کرنے کی بجائے میں اس ویب سائیٹ پر گیا۔ بہت کچھ لکھ کر جب جلدی میں Ctrl+a کیا اور پھر Ctrl+c کیا تو سب غائب اور پھر Ctrl+z کر کے سب واپس لانا چاہا تو۔۔۔ خیر میری تھوڑی سی محنت ضائع اور میں خوشی خوشی اس ویب سائیٹ کو بند کر کے محفل پر پہنچ گیا۔
 

بلال

محفلین
ماشاءاللہ بہت خوب بلال بھائی جزاک اللہ کسی نے مجھ سے پوچھا تھا یہ ایم بلال کون ہے تو میں نے کہہ دیا تھا یہ ایک پاگل ہے
اور مجھے یقین ہے کہ آپ پاگل ہی ہیں

خرم بھائی چھوٹی سی کاوش پسند کرنے کا بہت شکریہ۔۔۔ اور خاص طور پر میرا تعارف کروانے کا بہت شکریہ۔ :rollingonthefloor: :rollingonthefloor: :rollingonthefloor: بس جناب کبھی غرور نہیں کیا۔ :biggrin: :biggrin: :biggrin: وہ کیا ہے کہ دوستوں کی صحبت کا اثر ہے ورنہ یہ ناچیز اس قابل کہاں۔:wasntme: :wasntme: :wasntme: باقی "ہم بھی پاگل تم بھی ۔۔۔۔" (Company Matter) :rollingonthefloor: :rollingonthefloor: :rollingonthefloor:
 

بلال

محفلین
بہت بہت شکریہ۔ بہت ہی کارآمد۔ جزاک اللہ۔

پسند کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے کا بہت بہت شکریہ۔۔۔

بہت بہترین ! زبردست
اردو اور کمپیوٹڑ سے متعلق بلال بھائی کے گذشتہ مضمون سے بھی بہت فائدہ ہوا تھا
جزاک اللہ خیرا

بہت شکریہ۔ یہ تو اچھی بات ہے کہ میری وجہ سے کسی کو تو کچھ فائدہ ہوا۔ خیر اگر ہو سکے تو دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔۔۔

واقعی، صارفین کے اس قسم کے شکوک کو دور کرنا ضروری تھا۔

جی بالکل۔ میں نے اکثر کسی کو سمجھاتے ہوئے جن مسائل کا سامنا کیا تو ان کو یہاں بھی لکھ دیا ہے۔ ویسے ان میں سے اکثر سوالات کا مجھے واقعی سامنا کرنا پڑا تھا۔ کئی تو ایسے لوگ ہیں جو اردو محفل پر بڑے متحرک ممبر تھے/ہیں اور تو اور بلاگنگ بھی کرتے ہیں لیکن وہ یہ نہیں‌جانتے تھے کہ فونٹس اور باقی چیزیں کیا ہیں۔ اس لئے سوچا کہ بنیادی سوالات کے جوابات لکھ دیئے جائیں۔۔۔
 

خرم شہزاد خرم

لائبریرین
خرم بھائی چھوٹی سی کاوش پسند کرنے کا بہت شکریہ۔۔۔ اور خاص طور پر میرا تعارف کروانے کا بہت شکریہ۔ :rollingonthefloor: :rollingonthefloor: :rollingonthefloor: بس جناب کبھی غرور نہیں کیا۔ :biggrin: :biggrin: :biggrin: وہ کیا ہے کہ دوستوں کی صحبت کا اثر ہے ورنہ یہ ناچیز اس قابل کہاں۔:wasntme: :wasntme: :wasntme: باقی "ہم بھی پاگل تم بھی ۔۔۔۔" (company matter) :rollingonthefloor: :rollingonthefloor: :rollingonthefloor:



آپ اس کو مذاق سمجھ رہے ہونگے لیکن میں تو سنجیدہ ہوں۔ اس مطلب پرستی کے دور میں، جہاں کسی کے پاس اپنوں کے لیے وقت نہیں ہے وہاں اتنے مخلص لوگوں پاگل ہی ہو سکتے ہیں کوئی سمجھدار نہیں ہو سکتا۔ اردو محفل پر بہت سے اراکین ہیں جن کو میں خوشی سے پاگل کہہ سکتا ہوں
 
بہت خوب اور بہت مفید۔ کیا ہی اچھا ہو کہ اردو انسٹالیشن وغیرہ کے لئے ایک مستقل ویب سائٹ مختص کر دی جائے اور اس میں اس طرح کی تمام معلومات کو اکٹھا کر دیا جائے تاکہ نئے لوگوں کو ایک ہی جگہ پر تمام معلومات مل جایا کرے۔ اس ویب سائٹ میں اس معلومات کو تصویری اور تحریری دونوں اقسام میں پیش کر دیا جائے۔ عارف بھائی نے جو ویب سائٹ بتائی ہے وہ اچھی کاوش ہے مگر اس میں FAQ، ویڈیو ٹیوٹوریل اور PDF وغیرہ بھی شامل کر دیے جائیں تو مجھ ایسے Idiot بھی اردو انسٹالیشن کے تینوں مراحل با آسانی سمجھ سکیں گے۔ ان معلومات کو اپڈیٹ بھی کیا جاتا رہے۔ تاکہ Urdu Installation for Dummies قسم کی ایک آسان فہم ویب سائٹ تشکیل پا سکے۔
 
Top