پیش کرتی ہے عجب حسن کا معیار غزل - شبنم رومانی

فاتح

لائبریرین
پیش کرتی ہے عجب حسن کا معیار غزل
لے اُڑی ہے ترا لہجہ، تری گُفتار غزل

دو دھڑکتے ہوئے دل یوں دھڑک اُٹھّے اک ساتھ
جیسے مِل جُل کے بنا دیتے ہیں اشعار غزل

کوئی شیریں سخن آیا بھی، گیا بھی لیکن
گنگناتے ہیں ابھی تک در و دیوار غزل

میں تو آیا تھا یہاں چَین کی سانسیں لینے
چھیڑ دی کس نے سرِ دامنِ کہسار غزل

مریمِ شعر پہ ہیں اہلِ ہوَس کی نظریں
فتنۂ وقت سے ہے بر سرِ پیکار غزل

تو نے خط میں مجھے "سرکارِ غزل" لکھا ہے
تجھ پہ سو بار نچھاور مری سرکار، غزل

گھر کے بھیدی نے تو ڈھائی ہے قیامت شبنم
کر گئی ہے مجھے رسوا سرِ بازار غزل

"شبنم رومانی" کی کتاب "تہمت" سے ماخوذ
 

محمد وارث

لائبریرین
اچھا انتخاب ہے فاتح۔

ویسے یہ شبنم رومانی صاحب ہیں یا صاحبہ کہ صاحبِ کلام کی جنس کا اگر علم تو شاید کلام کا لطف بڑھ جاتا ہے۔;)

 

فاتح

لائبریرین
اچھا انتخاب ہے فاتح۔
شکریہ جناب!

ویسے یہ شبنم رومانی صاحب ہیں یا صاحبہ کہ صاحبِ کلام کی جنس کا اگر علم تو شاید کلام کا لطف بڑھ جاتا ہے۔;)

ہاہاہاہا۔۔۔ میرے پاس ان کی ایک بلیک اینڈ وہائٹ تصویر پڑی ہے جس سے ان کے صنف کرخت ہونے کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ کہیں تو سکین کر کے بھیج دوں؟;)

شبنم رومانی ان کا قلمی نام ہے جب کہ اصل نام مرزا عظیم احمد بیگ چغتائی ہے۔ 1928ء میں شاہجہاں پور میں پیدا ہوئے تھے اور 1950ء میں کراچی، پاکستان آ گئے تھے۔ کچھ عرصہ ملازمت کی لیکن عرصہ دراز سے "مطبوعات اقدار" کے نام سے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں اور ایک سہ ماہی مجلہ "اقدار" نکالتے ہیں۔

آپ کی شعری تصانیف میں "جزیرہ" اور "تہمت" شامل ہیں جب کہ طنز و مزاح پر مبنی ایک کتاب "مثنوی سیر کراچی" بھی لکھی۔
 

محمد وارث

لائبریرین
معلومات کے لیے بہت شکریہ آپ کا فاتح صاحب۔ تو گویا موصوف کا قلمی نام بھی "انجم رومانی" اور "روحی کنجاہی" کے قبیل میں سے ہے۔
 

فاتح

لائبریرین
:grin:
جی ہاں! ایسا ہی ہے کہ پہلی بار ان کے نام سن کر روح شبنم میں نہاتی محسوس ہوتی ہے لیکن حقیقت کا علم ہونے پر ارمانوں پر اوس پڑ جاتی ہے;)
 

محمداحمد

لائبریرین
کوئی شیریں سخن آیا بھی، گیا بھی لیکن
گنگناتے ہیں ابھی تک در و دیوار غزل

مریمِ شعر پہ ہیں اہلِ ہوَس کی نظریں
فتنۂ وقت سے ہے بر سرِ پیکار غزل

بہت خوب
 
Top