احمد ندیم قاسمی ٹوٹتے جاتے ہیں سب آئنہ خانے میرے - احمد ندیم قاسمی

محمد وارث

لائبریرین
ٹوٹتے جاتے ہیں سب آئنہ خانے میرے
وقت کی زد میں ہیں یادوں کے خزانے میرے

زندہ رہنے کی ہو نیّت تو شکایت کیسی
میرے لب پر جو گِلے ہیں وہ بہانے میرے

رخشِ حالات کی باگیں تو مرے ہاتھ میں تھیں
صرف میں نے کبھی احکام نہ مانے میرے

میرے ہر درد کو اس نے اَبَدیّت دے دی
یعنی کیا کچھ نہ دیا مجھ کو خدا نے میرے

میری آنکھوں میں چراغاں سا ہے مستقبل کا
اور ماضی کا ہیولٰی ہے سَرھانے میرے

تُو نے احسان کیا تھا تو جتایا کیوں تھا
اس قدر بوجھ کے لائق نہیں شانے میرے

راستہ دیکھتے رہنے کی بھی لذّت ہے عجیب
زندگی کے سبھی لمحات سہانے میرے

جو بھی چہرہ نظر آیا ترا چہرہ نکلا
تو بصارت ہے مری، یار پرانے میرے

سوچتا ہوں مری مٹّی کہاں اڑتی ہوگی
اِک صدی بعد جب آئیں گے زمانے میرے

صرف اِک حسرتِ اظہار کے پر تو ہیں ندیم
میری غزلیں ہوں کہ نظمیں کہ فسانے میرے

(احمد ندیم قاسمی)


یادش بخیر، یہ خوبصورت غزل کبھی ریڈیو پاکستان سے سلامت علی کی دلکش آواز میں سنی تھی اور تب سے اسکی تلاش میں ہوں اگر کوئی دوست مدد کر سکیں تو سرِ نیاز تا عمر زیرِ بارِ احسان رہے گا۔
 

شمشاد

لائبریرین
آپ کا مطلب آڈیو / ویڈیو کوئی ڈھونڈ دے، تو اس کے لیے قیصرانی صاحب کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
جی شمشاد صاحب میرا یہی مطلب تھا اور اگر قیصرانی صاحب ادھر توجہ کریں تو انکی عین نوازش ہوگی۔
 

ظفری

لائبریرین
بہت خوب وارث بھائی ۔۔۔۔ ہر شعر ہی تقریباِ مالا میں پرویا ہوا موتی ہے ۔ بہت شکریہ احمد ندیم قاسمی مرحوم صاحب کی آپ نے اتنی اچھی غزل یہاں شئیر کی ۔
مجھے تو یہ شعر بیحد پسند آیا ۔
رخشِ حالات کی باگیں تو مرے ہاتھ میں تھیں
صرف میں نے کبھی احکام نہ مانے میرے
 

فاتح

لائبریرین
انتہائی خوبصورت غزل ہے وارث صاحب! بہت شکریہ!
خصوصآ

وقت کی زد میں ہیں یادوں کے خزانے میرے
اور
جو بھی چہرہ نظر آیا ترا چہرہ نکلا
تو بصارت ہے مری، یار پرانے میرے

یادش بخیر، یہ خوبصورت غزل کبھی ریڈیو پاکستان سے سلامت علی کی دلکش آواز میں سنی تھی اور تب سے اسکی تلاش میں ہوں اگر کوئی دوست مدد کر سکیں تو سرِ نیاز تا عمر زیرِ بارِ احسان رہے گا۔

قبلہ! میں کوشش تو کر لوں گا کہ اگر کسی طور مل سکے لیکن آپ کا سرِ تفاخر خوامخواہ زیرِ بار لانے سے ڈرتا ہوں;)
 

محمد وارث

لائبریرین
ظفری بھائی، سارہ خان، فاتح صاحب اور ضبط آپ سب کا بہت شکریہ۔



قبلہ! میں کوشش تو کر لوں گا کہ اگر کسی طور مل سکے لیکن آپ کا سرِ تفاخر خوامخواہ زیرِ بار لانے سے ڈرتا ہوں;)

حضور آپ کی کوشش پر ایسے ہزاروں سرِ تفاخر قربان آپ ہمت تو پکڑیئے۔

لوگ نالے کو رسا باندھتے ہیں ;)
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ وارث صاحب - اچھی غزل ہے اور ریڈیو پاکستان کے پاس بے شمار چیزیں‌ایسی ہیں جس پر وہ سانپ بن کر بیٹھے ہوئے ہیں، نہ ہی خود وہ ان ریکارڈنگز کو استعمال کرتے ہیں‌ اور نہ دوسروں‌ کو اس کا کوئی فائدہ دیتے ہیں -
 

محمد وارث

لائبریرین
شکریہ فرخ صاحب۔

اور آپ نے بالکل صحیح کہا پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کا چلن ایک سا ہی ہے، گو پی ٹی وی مویسقی کی کئی ایک اچھی چیزیں مارکیٹ میں لایا لیکن اب بھی انکے پاس بہت سے اچھے ریکارڈز ہیں جو کہیں نہیں ملتے اور ریڈیو پاکستان کا تو اللہ ہی حافظ ہے، کیا کچھ نہیں ہوگا انکے پاس لیکن اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں کرتا، افسوس صد افسوس۔
 
Top