شفیق خلش :::::: نہیں کہ پیار و محبّت میں کاربند نہیں ! :::::: Shafiq Khalish

طارق شاہ

محفلین




غزل
نہیں کہ پیار ، محبّت میں کاربند نہیں
بس اُس کی باتوں میں پہلے جو تھی وہ قند نہیں

نظر میں میری ہو خاطر سے کیوں گزند نہیں
خیال و فکر تک اُس کے ذرا بُلند نہیں

کب اپنے خواب و تمنّا میں کامیاب رہے
ہم ایک وہ جو کسی مد میں بہرہ مند نہیں

تمام زیور و پازیب ہم دِلا تو چکے!
ملال پِھر بھی ،کہ بازو میں بازو بند نہیں

دَر و درِیچے جہاں بھر کے بند ہوں، لیکن!
دَرِ حَبِیب تو ہم پر کبھی بھی بند نہیں

نہیں وہ جِیت کی اُمّید تک رہی ہے،کہ اب
مُقابل ایک زمانہ ہے میرے چند نہیں

مزہ وہ لیتے ہیں تکلیف سے ہماری ،خلؔش
گِلہ ہمارا اُنھیں کب بَھلا پسند نہیں

شفیق خلؔش
 
آخری تدوین:
قبلہ، چند معروضات آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ امید ہے برا نہ مانیں گے۔
آپ کا شامل کردہ مواد اکثر معیاری پایا ہے مگر آج ان صاحب کے کلام پر نظر پڑی تو نہایت افسوس ہوا۔ ان کا نام سن رکھا ہے مگر معلوم نہ تھا کہ یہ حال ہو گا۔ یا ممکن ہے مجھے غلط فہمی ہوئی ہو۔ میں تحفظات لکھتا ہوں:
نہیں کہ پیار و محبّت میں کاربند نہیں
پیار و محبت کیا شے ہے؟ اردو میں ثانوی سطح ہی پر یہ سبق پڑھا دیا جاتا ہے کہ فارسی اضافت ہندی الاصل الفاظ کے ساتھ جائز نہیں۔ پیار کو محبت کے ساتھ یوں مرکب کرنا بڑی فاش غلطی ہے۔
بس اُس کی باتوں میں پہلے جو تھی وہ قند نہیں
غالباً شاعر نے قند کا مطلب مٹھاس لیا ہے۔ حالانکہ اس کا مطلب مٹھائی ہے۔ گویا محبوب کی باتوں میں مٹھائی کی کمی ہو گئی ہے۔ واقعی؟
دَر و درِیچے جہاں بھر کے بند ہوں، لیکن!
در و دریچے؟
دریچے کا امالہ فارسی ترکیب میں کھپانا بڑا نامناسب ہے۔ موصوف ظفر اقبال کے شاگرد تو نہیں؟
مُقابل ایک زمانہ ہے میرے چند نہیں
ترتیبِ نحوی سے جو معانی متبادر ہوتے ہیں وہ یہ ہیں کہ چند زمانے نہیں ایک زمانہ میرے مقابل ہے۔ حالانکہ کہنا یہ چاہ رہے ہیں کہ چند لوگ نہیں ایک زمانہ میرے مقابل ہے۔ کیا یہ واقعی اتنے بڑے شاعر ہیں کہ ان کے نام کا سابقہ محفل پر موجود ہے؟
میں اپنی دریدہ دہنی کے لیے ایک بار پھر معذرت خواہ ہوں۔ یہ معائب انتہائی بنیادی نوعیت کے ہیں اس لیے حیرت ہوئی۔ ورنہ محلِ نظر تو اور بھی بہت سی چیزیں ہیں۔
اگر یہ صاحب جدت کے علم برداروں میں شمار ہوتے ہیں تو بے شک زحمتِ توجیہ نہ اٹھائیے۔ بس بتا دیجیے تاکہ میں اپنے لب سی لوں!
 

طارق شاہ

محفلین
تشکّر میری ٹائپو کی نشاندہی کے لئے :)
پیار، محبّت درست کردیا ہے
دریچہ ، صوت میں دریچے ہی ہے ہوسکتا ہے یوں ہی ہو

اب
منتظمین سرِ فہرست 'و' کو '،' سے بدل کر درست کردیں تو وہاں بھی درست ہو جائے
شکریہ
:)
بہرا بَنے پہ کم نہیں شِیرِیں سُخن کی داد
ہو طبع میری قندِ مکرّر سے خُوب شاد
 
آخری تدوین:
Top