میں پلٹ کر وار کرتا ، حوصلہ میرا بھی تھا

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
میں پلٹ کر وار کرتا ، حوصلہ میرا بھی تھا
کیا کہوں میں ، دشمنوں میں آشنا میرا بھی تھا

اجنبی بیگانہ تیری آشنائی کر گئی
اک زمانہ تھا ، زمانہ آشنا میرا بھی تھا

ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا

ریزہ ہائے خوابِ الفت چننے والے دیکھنا!
اِن شکستہ آئنوں میں آئنہ میرا بھی تھا

لو لگائے جل رہا تھا ایک طاقِ درد پر
آپ کے جشنِ چراغاں میں دیا میرا بھی تھا

ویب گاہِ زندگی کو غور سے دیکھا جو آج
ربط اُس کے نام سے ٹوٹا ہوا میرا بھی تھا

زندگی کو دیجئے الزام اتنا بھی نہ آپ
زندگی تو عمر بھر اک مسئلہ میرا بھی تھا

قرض میرا مان لیجے سایۂ دیوار پر
اب جہاں دیوار ہے وہ راستہ میرا بھی تھا

کچھ تو نیرنگی پہ مائل تھا تماشا بھی ظہیرؔ
اور سب سے مختلف کچھ زاویہ میرا بھی تھا

ظہیر احمد ۔۔۔۔۔ ۲۰۱۷

 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
حاصلِ مطالعہء ویب گاہ۔ بہت داد قبول فرمائیے۔ اتنی خوبصورت غزل پڑھ کر ہمارا آج بہترین گزرے گا۔
آداب خلیل بھائی ! نوازش! مجھے بہت خوشی ہے کہ غزل آپ کو پسند آئی ۔
اللہ آپ کا ہر روز روزِ عید اور ہر شب شبِ برأت بنائے ! آمین :):):)
 
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا
واہ،واہ کیا بات ہے لاجواب
کچھ تو نیرنگی پہ مائل تھا تماشا بھی ظہیرؔ
اور سب سے مختلف کچھ زاویہ میرا بھی تھا
زبردست ۔بہت بہت عمدہ
اللہ کریم سلامتی کےساتھ سخن میں اور زیادہ برکتیں عطا فرمائے۔آمین
 

فہد اشرف

محفلین
بہت خوب ظہیر بھائی
میرے خیال سے ’ ویب گاہ‘ کی اصطلاح شعر میں استعمال کرنے والے آپ پہلے شاعر ہیں۔
ڈھیروں داد
 

یوسف سلطان

محفلین
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا

زندگی کو دیجئے الزام اتنا بھی نہ آپ
زندگی تو عمر بھر اک مسئلہ میرا بھی تھا
پوری غزل ہی ماشاء اللہ واہ واہ ہے خاص طور پر یہ دو اشعار :)
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب سر،

یہ بہت اچھا لگا
ایک خوبی یہ رہی کہ سارے اشعار کی باآسانی سمجھ آگئی :)
بہت بہت شکریہ لئیق بھائی! نوازش ہے آپ کی ۔ شعر فہمی کے بارے میں آپ انکسار سے کام لے رہے ہیں ۔ ایسی بھی کوئی بات نہیں ۔ ہم جانتے ہیں آپ کو۔ ماشاء اللہ آپ سخن فہم بھی ہیں اور سخن گو بھی ہیں ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب ظہیر بھائی
میرے خیال سے ’ ویب گاہ‘ کی اصطلاح شعر میں استعمال کرنے والے آپ پہلے شاعر ہیں۔
ڈھیروں داد
بہت شکریہ فہد ! بہت بوازش!
ویب گاہ کے بارے میں شاید آپ ٹھیک کہہ رہے ہوں ۔ اب جو چیزیں ہماری زندگی کا جزو لاینفک بن گئی ہیں ان کا تذکرہ شاعری میں بھی ضرور نظر آئے گا ۔ بس یہی بات ہے ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا

زندگی کو دیجئے الزام اتنا بھی نہ آپ
زندگی تو عمر بھر اک مسئلہ میرا بھی تھا
پوری غزل ہی ماشاء اللہ واہ واہ ہے خاص طور پر یہ دو اشعار :)

شکریہ فرحان بھائی! بہت نوازش ہے ! محبت ہے آپ کی!
اللہ آپ کو سلامت رکھے!
 
Top