شفیق خلش :::::: مِسمار کرنے آئی مِری راحتوں کے خواب:::::: Shafiq Khalish

طارق شاہ

محفلین

غزل

مِسمار کرنے آئی مِری راحتوں کے خواب
تعبیر وسوَسے لئے سب چاہتوں کے خواب

دِل کے یقینِ وصل کو پُختہ کریں کُچھ اور
ہرشب ہی ولوَلوں سے بھرے ہمّتوں کے خواب

پَژمُردہ دِل تُلا ہے مِٹانے کو ذہن سے
اچّھی بُری سبھی وہ تِری عادتوں کے خواب

کیسے کریں کنارا، کہ پیشِ نظر رہیں
تکمیلِ آرزُو سے جُڑے عظمتوں کے خواب

ہجرت سِتم نہ لوگوں کے ہم سے چُھڑا سکی
آئیں یہاں اب اُن کی اُنہی تہمتوں کے خواب

یادش بخیر! اُس نے ہی دِکھلائے تھے ہمیں
رنگوں بھرے گُلوں سے لدے پربتوں کے خواب

دل کو لُبھائے رکھتے ہیں پردیس میں خلؔش
نِسبت سے اُن کی یاد ہَمَیں، مُدّتوں کے خواب

شفیق خلؔش
چراغِ دل تو ہو روشن ۔۔۔ شفیق خلشؔ، جمع و ترتیب: طارق شاہ - بزم اردو لائبریری
 
Top