مری آنکھوں سے جانے کیوں یہ ویرانی نہیں جاتی
نظر کے سامنے دنیا ہے پہچانی نہیں جاتی

بھری محفل میں تنہائی نصیب اپنا ازل سے ہے
مجھے تنہا ہی رہنا ہے یہ دربانی نہیں جاتی

ہزاروں اٹھتی ہیں لہریں مرے دل کے سمندر میں
اماوس کی بھی راتوں میں جو تغیانی نہیں جاتی

ازل سے پیٹ پر پتھر یہ ہم نے باندھ رکھے ہیں
مگر جو خوں میں شامل ہے وہ سلطانی نہیں جاتی

مری تربت پہ جب آکر دیوانے رقص کرتے ہیں
میں خود بھی جھوم اٹھتا ہوں یہ جولانی نہیں جاتی

کنارے پر کھڑے یہ لوگ کیا جانیں تری وسعت
چھپے ہیں کیا گہر دریا میں حیرانی نہیں جاتی

بڑا پردرد ہے منظر مرے دل کے سنبھلنے کا
غزل میں آج بھی یہ خون افشانی نہیں جاتی​
 
جناب واہ۔ بہت خوب۔ اس پائے کے شاعر ہماری محفل میں موجود ہیں اور ہم بے خبر رہے! اشعار مناسب اور خوبصورت ہیں۔
گر جسارت نہ ہو تو کچھ گزارشات ہیں۔
آپ نے اس غزل میں "یہ" کا استعمال تقریباَ تمام جگہوں پر وزن پُری کے لیے کیا ہے۔ اس سے اشعار کی روانی اور بے ساختہ پن متاثر ہوا ایک حد تک۔ پھر ایک اور بات یہ جانی کہ آپ دیگر شعرا کی طرح قافیے کا انتخاب قبل از مضمون نہیں کرتے۔ جو قدرت کلام کا ثبوت ہے۔ لیکن کئی مقامات پر ایسا ہوا کہ آپ نے مضمون تو باندھ دیا پر قافیہ نبھا نہ سکے! جیسے:
مری تربت پہ جب آکر دیوانے رقص کرتے ہیں
میں خود بھی جھوم اٹھتا ہوں یہ جولانی نہیں جاتی
اب یہ جولانی کی یہاں ضرورت نہ تھی محض بھرتی اور خانہ پری معلوم ہوتا ہے۔ اچھا اسی شعر میں دوسری بات کہ آپ نے دیوانہ کی ی گرا دی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے آپ یوں بھی باندھ سکتے تھے، جس سے روانی بھی بہتر ہوتی اور تعقیدِ لفظی میں بھی افاقہ ہوتا: مری تربت پہ دیوانے جب آ کر رقص کرتے ہیں!
(ان گزارشات کو خدا را اصلاح نہ تصور کیا جائے!)
 
بہت شکریہ ، آپ نے نظر ِکرم فرمائی، آپ نے 'یہ' کو پوائنٹ آوٹ کیا ہے، کیونکہ ایسے الفاظ وزن کے لیےاور الفاظ کو ملانے کے لیے ہی استعمال ہوتے ہیں تو ان کے استعمال میں کوئی قباحت نہیں، یہ تو اس طرح ہے کہ کوئی یہ کہے کہ ' نہیں جاتی ' جوکہ ردیف ہے کو بار بار کیوں استعمال کیا ہے، غزل میں روانی بھی ضروری ہے جو کہ ایسے ہیلپنگ ورڈز کی مدد سے ہی ممکن ہو سکتا ہے، دوسرا آپ نے جولانی پر اعتراض فرمایا ہے، آپ اس خیال پر غور کریں جو اس میں بیان کیا گیا ہے، امید ہے آپ کو یہ خانہ پوری پسند آئے گی، حضور آپ نے اچھا مصر عہ لکھاہے لیکن اسے کم ازکم وزن میں تو لکھتے " مری تربت پہ دیوانے جب آ کر رقص کرتے ہیں"
 
Top