Qamar Shahzad

محفلین
عکس اس کا کہ مرا حرفِ دعا ہے، کیا ہے؟
گرد میرے جو معطر سی فضا ہے، کیا ہے؟

کیوں ہے یہ رزقِ سخن اس کے رہینِ منت
وہ مرا رب ہے نہ رازق نہ خدا ہے، کیا ہے؟

اس کی آنکھوں سے ہویدا ہیں فسانے کیسے
وہ جو ہاتھوں کی لکیروں میں لکھا ہے، کیا ہے

چاند چہرے پہ تغافل کے یہ بادل کیوں ہیں؟
کوئی رنجش ہے؟ شکایت ہے؟ گلہ ہے؟ کیا ہے؟

آنکھوں آنکھوں میں کیا دل کو حوالے اس کے
پھر یہ پہلو میں جو کہرام بپا ہے کیا ہے؟

ایک افواہ سنی ہے کہ ترے چہرے میں
سوختہ قلب مریضوں کی شفا ہے، کیا ہے؟

اس اداسی کا سبب کیسے بتاؤں سب کو
مجھ سے ہر شخص قمر پوچھ رہا ہے، کیا ہے
قمر آسی
 
Top