محترم سر الف عین ، محترم سر راحیل فاروق اور دیگر اساتذہء کرام

‎فعولن فعولن فعولن فعل

‎وفاؤں کے بدلے وفا کیجئے
‎یہی رسمِ دنیا ہے، کیا کیجئے

‎لہو یہ ہماری وفاؤں کا ہے
‎اِسے آپ رنگِ حنا کیجئے

‎ہمارا تو دل بھی ہمارا نہیں
‎کسی کا گلہ آپ کیا کیجئے

‎مجھے دیکھ کر چارہ گر کہتے ہیں
‎اُسی در پہ بیٹھے رہا کیجئے

‎سبھی کام بگڑے سنور جائیں گے
‎نظر اِک کرم کی عطا کیجئے

‎ضمیروں کی آواز ہی جانئے
‎ہمیں فرصتوں میں سنا کیجئے

‎مریضِ محبت سنا چل بسا!
‎ہمارے لئے بھی دعا کیجئے​
 
مدیر کی آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اچھے اشعار ہیں ۔ اچھی بات یہ کہ آپ نے زمیں آسان اور مختصر چنی ہے جو مشق کے لئے نہایت کارآمد ہے ۔ سرسری دیکھنے سے دو تین باتیں فورا نظر مین آتی ہیں :

۔ لہو کو رنگِ حنا کرنا کوئی محاورہ نہیں ۔ یہاں رشکِ حنا یا زیبِ حنا وغیرہ رکھ کر دیکھئے

۔ ضمیروں کو صیغہ جمع میں استعمال مت کیجئے ۔ ضمیر کی آواز درست ہوگا۔

مجھے دیکھ کر چارہ گر کہتے ہیں ۔ ‎اُسی در پہ بیٹھے رہا کیجئے : یہاں اُسی کے بجائے اِسی کا محل ہے

‎اُنہیں درگزر کا ہنر ہے اگر ۔ ‎تو کیا اب خطا پر خطا کیجئے : انہیں ہنر ہے غلط اردو ہے ۔ ان کے پاس ہنر ہے یا ان میں ہنر ہے درست ہوگا ۔
 

الف عین

لائبریرین
رنگ حنا تو میں نے بھی محسوس کیا تھا، پھر سوچا کہ شاید چل جائے گا، مگر ظہیر میاں نے بھی عقابی نظریں ہی ڈالیں!!
 
محترم ظہیراحمدظہیر صاحب بہت شکریہ رہنمائی اور اصلاح کا۔ کیا اب یہ اشعار درست ہیں۔

د‎رگزر کا ہنر اُن میں ہے
‎تو کیا اب خطا پر خطا کیجئے

لہُو یہ ہماری وفاؤں کا ہے
‎اِسے آپ زیبِ حنا کیجئے

ضمیر کے ساتھ تو مشکل لگ رہا ہے اس لئے اس شعر کو نکال دیتا ہوں۔

اُسی کی بجائے اِسی کرنے سے شعر خوب صورت ہو گیا ہے۔ بہت شکریہ
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
د‎رگزر کا ہنر اُن میں ہے
‎تو کیا اب خطا پر خطا کیجئے

پہلا مصرع تو اب وزن سے باہر ہوگیا ۔ وزن اس کا وہی فعولن ۔فعولن ۔فعولن ۔فعل ( یعنی دما دم ۔ دما دم ۔ دمادم ۔ دمم) رکھئے ۔
اسے یوں کر دیکھئے:
ہنر درگزر کا ہےاُن میں اگر
تو کیا اب خطا پر خطا کیجئے

لہُو یہ ہماری وفاؤں کا ہے
‎اِسے آپ زیبِ حنا کیجئے
اسے یوں کر کے دیکھئے:

وفاؤں کا میری لہو ہے حضور
کبھی زیبِ دستِ حنا کیجئے

مشق کی خاطر یہ اشعار ٹھیک ہیں ۔ خیال آفرینی اور اسلوب وقت کے ساتھ نکھرتے جاتے ہیں ۔
 
محترم ظہیر احمد ظہیر صاحب بہت شکریہ

پہلا مصرع تو اب وزن سے باہر ہوگیا ۔ وزن اس کا وہی فعولن ۔فعولن ۔فعولن ۔فعل ( یعنی دما دم ۔ دما دم ۔ دمادم ۔ دمم) رکھئے ۔
اسے یوں کر دیکھئے:
ہنر درگزر کا ہےاُن میں اگر
تو کیا اب خطا پر خطا کیجئے

شروع میں "اگر" تھا جو لکھنے میں رہ گیا۔ معذرت
اگر درگزر کا ہنر اُن میں ہے

آپ نے جو مصرع بتایا وہ بھی اچھا

جی بالکل آپ نے درست فرمایا بس ابھی تو مشق ہی جاری ہے مگر ایسا لگتا ہے کہ اسلوب کے نکھرنے میں اور خیال آفرینی میں بڑا وقت درکار ہے۔

خدا آپ کو سلامت رکھے!
 
Top