ریٹائر منٹ کے بعد دیکھا جائے گا۔
ظہیراحمدظہیر کے ریٹائرمنٹ کے بار بار ذکر سے خیال آیا کہ یہ ایک اہم موضوع ہے اور محفل کے بیس سال میں یہاں ارکان شاید اتنے بوڑھے ہو گئے ہیں کہ اس بارے میں سوچا جائے۔ریٹائرمنٹ زیادہ دور نہیں ۔
سچی بات یہ ہے کہ چند سال قبل تک ریٹائرمنٹ کا سوچا بھی نہ تھا لیکن پھر ہسپتال کے بستر پر لیٹے یہ خیال آیا کہ صحت بڑی نعمت ہے اور بہتر یہی ہے کہ صحت کے دنوں ہی میں سیر سپاٹا اور شغل میلا کر لیا جائے۔ ضعیف العمری میں اس سب کی ہمت کہاں رہے گی۔ اس سب عیاشی کے لئے فراغت لازم ہے لہذا جلد ریٹائرمنٹ اب ایک اہم خواب ہے۔
ریٹائرمنٹ کے لئے کئی چیزیں ضروری ہیں۔
ایک تو ریٹائرمنٹ کے بعد کے لئے معاشی وسائل۔ اس کی کوشش جاری ہے۔
دوسرے بچوں کا اپنے پیروں پر کھڑے ہونا (کیا یہ صحیح اردو محاورہ ہے؟) اس معاملے میں ابھی کالج گریجویٹ کرنےکا انتظار ہے۔
تیسرے بڑھاپے کے عارضوں کے لئے انتظام یعنی ہمارے ہاں میڈیکیئر۔ سچی بات یہ ہے کہ اگر میڈیکیئر 65 سال سے کم عمر میں شروع ہوتا تو میں جلد ہی ریٹائر ہو جاتا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کریں گے؟ یہ فکر بھی لوگوں کو پریشان کرتی ہے۔ میں سوچتا ہوں کہ ہزار کام ہیں کرنے کو۔ سائیکلنگ، لانگ ڈرائیو ز، ہائیکنگ، میوزیم، دنیا بھر کا سیر سپاٹا (کہ مریم افتخار سے آگے بھی رہنا ہے) اور یار دوستوں کے ساتھ وقت گزاری۔ پھر والنٹیئر ورک وغیرہ۔ بہت کچھ آپکو مصروف رکھ سکتا ہے۔
آپ بتائیں آپ کے ریٹائرمنٹ بارے کیا ارادہ ہے؟