امیر مینائی اے ضبط دیکھ عشق کی اُن کو خبر نہ ہو - امیر مینائی

کاشفی

محفلین
غزل
(امیر مینائی رحمتہ اللہ علیہ)

اے ضبط دیکھ عشق کی اُن کو خبر نہ ہو
دل میں ہزار درد اُٹھے آنکھ تر نہ ہو

مدت میں شام وصل ہوئی ہے مجھے نصیب
دو چار سو برس تو الہٰی سحر نہ ہو

اک پھول ہے گلاب کا آج اُن کے ہاتھ میں
دھڑکا مجھے یہ ہے کہ کسی کا جگر نہ ہو

ڈھونڈھے سے بھی نہ معنی باریک جب ملا
دھوکا ہوا یہ مجھ کو کہ اُس کی کمر نہ ہو

فرقت میں یاں سیاہ زمانہ ہے مجھ کو کیا
گردوں پہ آفتاب نہ ہو یا قمر نہ ہو

دیکھی جو صورتِ ملک الموت نزع میں
میں خوش ہوا کہ یار کا یہ نامہ بر نہ ہو

آنکھیں ملیں ہیں اشک بہا نے کے واسطے
بیکار ہے صدف جو صدف میں گُہر نہ ہو

الفت کی کیا اُمید وہ ایسا ہے بے وفا
صحبت ہزار سال رہے کچھ اثر نہ ہو

طول شب وصال ہو، مثل شب فراق
نکلے نہ آفتاب الٰہی سحر نہ ہو

منہ پھیر کر کہا جو کہا میں نے حال ِدل
چُپ بھی رہو امیر مجھے درد سر نہ ہو
 

الف عین

لائبریرین
بھئی کاشفی، ذرا امیر مینائی کے سلسلے میں رکو کہ دواوین امیر مینائی کو برقیانے کا کیا انتظام ہوتا ہے، شاید شمشاد شروع کرنے والے ہیں، بہتر ہو کہ تم اور شمشاد مل کر اس اہم کام کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤ۔ شکریہ ویسے ٹائپ کرنے کا،
ہاں، پہلے تو ماخذ دینے لگے تھے میری فرمائش پر، اب نہیں دے رہے!!
 

کاشفی

محفلین
بھئی کاشفی، ذرا امیر مینائی کے سلسلے میں رکو کہ دواوین امیر مینائی کو برقیانے کا کیا انتظام ہوتا ہے، شاید شمشاد شروع کرنے والے ہیں، بہتر ہو کہ تم اور شمشاد مل کر اس اہم کام کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤ۔ شکریہ ویسے ٹائپ کرنے کا،
ہاں، پہلے تو ماخذ دینے لگے تھے میری فرمائش پر، اب نہیں دے رہے!!

شکریہ محترم الف عین صاحب!
میں میراۃ الغیب ۔ امیر مینائی کو برقیا نے کا کام شروع کر چکا ہوں ۔ اور امیر مینائی کے جتنے بھی کلام میں یہاں پوسٹ کر چکاہوں وہ سب کے سب میراۃ الغیب سے ہی ہیں۔۔کلام کی ترتیب، دیوان کے مطابق کرنے کا کام بعد میں کرونگا۔ انشاء اللہ۔
خوش رہیں۔
 

الف عین

لائبریرین
لیکن اس کی پیشگی اطلاع دینی ضروری تھی کاشفی۔
فرخ، کیا ان کو لائبریری کا رکن بنانا ممکن ہو گا، اور کیا امیر مینائی کی یہ کتاب ان دواوین میں شامل ہے؟
 

فاتح

لائبریرین
مدت میں شام وصل ہوئی ہے مجھے نصیب
دو چار سو برس تو الہٰی سحر نہ ہو

طول شب وصال ہو، مثل شب فراق
نکلے نہ آفتاب الٰہی سحر نہ ہو

اک پھول ہے گلاب کا آج اُن کے ہاتھ میں
دھڑکا مجھے یہ ہے کہ کسی کا جگر نہ ہو

واہ واہ واہ کیا خوبصورت غزل ہے۔ سبحان اللہ! بہت شکریہ کاشفی صاحب۔
یہ سب کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ آپ مراۃ الغیب کو برقیا رہے ہیں۔ اللہ اس کارِ خیر کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین!
دواوین کو برقیانے کے سلسلے میں شمشاد بھائی سے بھی درخواست تو کی تھی۔ دیکھیے کب قبولیت بخشتے ہیں۔
 

کاشفی

محفلین
AmeerMinaie-AyZabatDekhEshqKiUnKoKhabarNaHo.jpg

میراۃ الغیب ۔ امیر مینائی ، صفحہ 239
 
Top