ایک احساس ۔ ندامت ہے مرے ساتهہ ابهی

ایم اے راجا

محفلین
السلام علیکم اساتذہ و احباب۔ خیریت مطلوب۔ کافی عرصہ غیر حاضر رہنے کے بعد آج تازہ غزل کے ساتهہ حاضر ہوں۔ آپکی دعائوں کا متمنی۔

ایک احساس_ ندامت ہے مرے ساتهہ ابهی
درد کی کوئی علامت ہے مرے ساتهہ ابهی

مجهہ سے فی الحال ذرا دور رہو تو بہتر
ہمسفر شور_ ملامت ہے مرے ساتهہ ابهی

میں کئی لاکهہ گناہوں سے بچا رہتا ہوں
چونکہ یہ خوف_ قیامت ہے مرے ساتهہ ابهی

مجهہ کو تنہائی میں تنہا نہیں ہونے دیتی
یاد تیری جو سلامت ہے مرے ساتهہ ابهی

مجهے بچپن میں جو دی تهیں مری ماں نے راجا
ان دعائوں کی کرامت ہے مرے ساتهہ ابهی
 
بہت خوب!
 
بہت عمدہ غزل ہے۔ داد قبول کیجئے۔
اس کو دیکھ لیں
میں کئی لاکهہ گناہوں سے بچا رہتا ہوں
چونکہ یہ خوف_ قیامت ہے مرے ساتهہ ابهی
چونکہ، اس لیے یا لہٰذا کہ معنوں میں استعمال ہوتا ہے، یہاں معنی کے اعتبار سے غالباً کیونکہ کا محل ہے۔ یہ میری رائے ہے، غلط بھی ہو سکتی ہے۔
اساتذہ بہتر بتا سکتے ہیں۔ جزاک اللہ
 
شکریہ محمد تابش صدیقی صاحب، میرے محدود علم کے مطابق چونکہ ' اسلیئے کہ' کے معنی میں بهی مستعمل ہے اور اس کا حرف شرط 'کیونکہ' ہی ہے، آئیں اساتذہ کا انتظار کرتے ہیں تاکہ ہم دونوں کی تشفی ہو سکے۔
 
آخری تدوین:

محمداحمد

لائبریرین
السلام علیکم اساتذہ و احباب۔ خیریت مطلوب۔ کافی عرصہ غیر حاضر رہنے کے بعد آج تازہ غزل کے ساتهہ حاضر ہوں۔ آپکی دعائوں کا متمنی۔

ایک احساس_ ندامت ہے مرے ساتهہ ابهی
درد کی کوئی علامت ہے مرے ساتهہ ابهی

مجهہ سے فی الحال ذرا دور رہو تو بہتر
ہمسفر شور_ ملامت ہے مرے ساتهہ ابهی

میں کئی لاکهہ گناہوں سے بچا رہتا ہوں
چونکہ یہ خوف_ قیامت ہے مرے ساتهہ ابهی

مجهہ کو تنہائی میں تنہا نہیں ہونے دیتی
یاد تیری جو سلامت ہے مرے ساتهہ ابهی

مجهے بچپن میں جو دی تهیں مری ماں نے راجا
ان دعائوں کی کرامت ہے مرے ساتهہ ابهی

وعلیکم السلام ایم اے راجا بھائی ۔۔۔۔!

بہت عرصے بعد محفل میں آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ غزل بھی ماشاءاللہ خوب ہے۔

آتے جاتے رہا کیجے جب جب وقت ملے۔ :) :)
 
ایم اے راجا

محفلین
وعلیکم السلام ایم اے راجا بھائی ۔۔۔۔!

بہت عرصے بعد محفل میں آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ غزل بھی ماشاءاللہ خوب ہے۔

آتے جاتے رہا کیجے جب جب وقت ملے۔ :) :)
شکریہ۔ میں نے آپ کا پیغام بعد میں دیکها اور شکوہ پہلے داغ دیا۔ مجهے بهی بے انتہا خوشی ہوئی اپنے پرانے دوستوں سے مل کر۔ اللہ سلامت رکهے میرے یاروں کو
 
بہت عمدہ غزل ہے راجا صاحب۔ بطورِ خاص مطلع۔ خوب۔
اس اشعار:
میں کئی لاکهہ گناہوں سے بچا رہتا ہوں
چونکہ یہ خوف_ قیامت ہے مرے ساتهہ ابهی
اور
مجهے بچپن میں جو دی تهیں مری ماں نے راجا
ان دعائوں کی کرامت ہے مرے ساتهہ ابهی
میں روانی اور ابلاغ کی کسی حد تک کمی لگ رہی ہے۔ جیسے ماں جیسی ہستی تو ہمیشہ ہی دعائیں دیتی رہتی ہے۔ صرف بچپن کا ہی ذکر کیوں؟ آپ ان اشعار کو یقیناََ بہتر کر لیں گے۔
ڈھیروں داد۔
 
نازنین شاہ

محفلین
بہت خوب
ندامت کے احساس کو بہت خوبی سے بیان کیا ہے
ندامت کا احساس ایک حساس اور مہربان دل رکھنے کی بدولت ہی ہو سکتا ہے
پھر اس احساس کا یوں برملا اظہار یقینا وسیع القلبی اور بڑے پن کا اظہار ہے۔۔
بہت ساری داد
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب! مطلع اچھا ہے ! داد قبول کیجئے ۔ اللہ کرے زورِ بیاں اور زیادہ !

میں کئی لاکهہ گناہوں سے بچا رہتا ہوں
چونکہ یہ خوف_ قیامت ہے مرے ساتهہ ابهی

محمد تابش صدیقی صاحب کی بات سے اتفاق کرتا ہوں ۔ اس شعر کا خیال اچھا ہے لیکن غزل میں سب سے کمزور شعر شاید یہی ہے ۔ یہاں چونکہ کا محل نہیں۔ نیز اس کے بعد یہ بھرتی کا ہے ۔
کئی لاکھ گناہوں کی بات بھی کھٹکتی ہے ۔ یہاں مطلق گناہ کی بات ہونی چاہیئے کہ خوف ِقیامت انسان کو کسی خاص گناہ سے نہیں بلکہ ’’گناہ‘‘ سے باز رکھتا ہے ۔ کئی لاکھ کے بجائے ان گنت یا بے شمار کو دیکھ لیجئے ۔ اگر کوئی گستاخی ہو گئی ہو تو معافی کا خواستگار ہوں ۔
 
الف عین

لائبریرین
ویلکم بیک @ایم اے راجا۔ایک اچھی غزل کے ساتھ واپسی ماشاء اللہ۔
چونکہ اور کیونکہ کو اکثر ہم معنی کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس لئے یہاں چونکہ بھی مجھے قبول ہے، اگرچہ کیونکہ میں بات واضح اور مصرع رواں زیادہ ہو جاتا ہے۔’یہ‘ البتہ بھرتی کا ہے، میں اس سے اتفاق رکھتا ہوں۔ ’کئی لاکھ‘ بھی کھٹکتا ہے، لیکن لاکھوں یا ہزاروں گناہوں بھی کہا جا سکتا ہے، محض مطلق گناہ ہی درست نہیں۔
 
استاد محترم السلام علیکم۔ بہت شکریہ، میں اس میں کچهہ تبدیلیاں کر کے دوبارہ حاضر خدمت کرتا ہوں۔ اللہ سلامت رکهے آپ کو۔
 
آخری تدوین:

ایم اے راجا

محفلین
استاد محترم السلام علیکم۔ بہت شکریہ، میں اس میں کچهہ تبدیلیاں کر کے دوبارہ حاضر خدمت کرتا ہوں۔ اللہ سلامت رکهے آپ کو۔
استاد محترم الف عین صاحب میں نے مندرجہ ذیل شعروں میں تبدیلیاں کی ہیں ذرا ملاحظہ فرمائیے۔

میں کئی لاکهہ گناہوں سے بچا رہتا ہوں
کیونکہ کچهہ خوف۔۔ قیامت ہے مرے ساتهہ ابهی

جن سے بچپن میں مری ماں نے نوازا راجا
ان دعائوں کی کرامت ہے مرے ساتهہ ابهی

میں کئی لاکهہ والے مصرع کی سمجهہ نہیں آرہی مطلب کچهہ نہیں سوجهہ رہا سو یوں ہی چهوڑ دیا ہے
 
Top