بچپن میں ہم عجیب و غریب کہانیاں پڑھا کرتے تھے۔ کھانے کی چوری ،دال کی چوری۔۔۔ چور فاختہ۔۔۔ چورمینا۔۔۔ انگوٹھی کی چوری۔۔۔۔ الغرض ہر چیز کی چوری اور ہر طرح کا چور میسر تھا۔ لیکن ان ادباء کے امیر الخیال دماغوں میں کبھی نہ آئی تو انڈے کی چوری نہ آئی۔ اور نہ آیا تو انڈہ چور نہ آیا۔ صدیوں ادب متلاشی رہا۔۔۔۔ کسی ایسے ذہن رسا کا۔۔۔ جس کی کہانی ایک انڈہ چور کے گرد گھومتی ہو۔۔۔۔ لیکن نہ تو انڈہ چوری ہوا۔۔۔۔ اور نہ انڈر چور ہی وجود میں آیا۔ یا پھر یوں کہیے کہ آج تک کوئی انڈہ چور پکڑا نہیں گیا۔ سو یہ جرم خانہ غیب میں تو موجود تھا۔ مگر ارض انسانی پر اس کا اعتراف کرنے والا کوئی نہ تھا۔ کہ ایسے میں ایک جھونکا ہوا کا آیا۔ انڈہ چوری کی کہانی ساتھ لایا۔ ماضی کے دریچوں سے۔۔۔ لڑکپن کے باغیچوں سے۔۔۔ اور یہ ادب کا یہ تشنہ پہلو سیراب ہوا۔ تو آج بچوں ہم آپ کو ایک انڈہ چور ۔۔۔۔ نہیں نہیں۔۔۔ ایک انڈہ چورنی کی کہانی سناتے ہیں۔۔۔۔

کہتے ہیں کہ کسی ملک پر ایک نواب حکومت کرتا تھا۔ آج کے نوابوں کی طرح نہ تھا۔ جسے سب کہتے ہیں تو بڑا نواب ایں۔ بلکہ سچ مچ کا نواب تھا۔ اسی نواب کی راجدھانی میں ایک بوئے نایاب، گل کمیاب ۔۔۔ یعنی یاسمین کی جگہ جاسمن کا ظہو رہوا۔ پوت کے پاؤں پالنے میں نظر آجاتے ہیں سو ان کے پاؤں پالنے میں نظر نہیں آئے۔ اور ایک مدت تک ان کے سیدھے اور الٹے ہونے کے متعلق گھر کےافراد خاموش رہے۔ لیکن جیسا کہ ہر کہانی میں ہوتا آیا ہے کہ پھر وہ بچہ بڑا ہونے لگا۔ یہ بھی بڑی ہونے لگیں۔ لیکن بچپن سے ہی طبیعت میں ایک کچھ کر گزرنے کی تمنا موجود تھی۔ لڑکپن میں چند سہیلیوں کو جو آپس میں اپنے من گھڑت قصے سناتے سنا کہ کیسے سوئی کی نوک سے کپڑے پر یونان کا نقشہ بنا دیا۔ کیسے اون کی سلائی سے ابا کے مفلر سے گڑیا کی چادر بنا ڈالی۔ تو دل ہی دل میں اپنے قصے سنانے کا بھی شوق پیدا ہوگیا۔ کہ کسی دن میں بھی کچھ ایسا سناؤں کہ سبھی کے لب سل جائیں۔ جل بھن کر کوئلہ ہوجائیں۔ وغیرہ وغیرہ۔۔۔۔ سردیوں کے سرد موسم میں انہیں سوچوں میں ابلتی چلی جا رہی تھیں کہ گلی میں آواز سنائی دی۔ گرم انڈے۔۔۔۔ گرم انڈے۔۔۔۔۔

آنکھیں چمک اٹھیں۔۔۔ دل کی رفتار پر قابو پانا مشکل ہوگیا تھا۔۔۔ قصے کہانیاں بہت زیادہ پڑھنے کی وجہ سے معلوم تھا کہ انڈے کی چوری تو آج تک نک ویلوٹ نے بھی نہیں کی۔ آہا۔۔۔۔ اس خیال کا آنا تھا کہ چوری کے تمام منصوبے ذہن میں ترتیب پانے لگے۔ کیسے نک ویلوٹ نے ساز کی آواز چوری کی۔ تمام جزئیات کو سوچتے احساس ہوا کام ایسا مشکل نہیں۔ اور میرے جیسی ذہین و فطین کے تو بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔۔۔۔ سو اس لڑکے کو روکا۔ اور کہا۔۔۔ ادھر آؤ۔۔۔ انڈہ کتنے کا بیچ رہے ہو۔۔۔۔ وہ بیچارہ بھاگا بھاگا ان کے پاس آیا۔ انڈے کے دام بتائے۔ ادھر انہوں نے اپنے منصوبے کے مطابق اس کو بھاؤ بتانے پر بے بھاؤ کی سنائیں۔۔۔ کہ زم زم میں ابالا ہے۔ اتنا مہنگا انڈہ ۔۔۔ اور یہ انڈے اتنے چھوٹے چھوٹے۔۔۔۔ مجھے تویہ فاختہ کے انڈے لگ رہے ہیں۔۔۔ وہ بیچارہ رزق کمانے کو۔۔۔ حیلے بہانے کرنے لگا۔ نہیں ۔۔۔۔ بالکل اصیل مرغی کے انڈے ہیں۔ بھلا فاختاؤں کے انڈے اتنی تعداد میں کیسے مل سکتے ہیں۔ اس کی چرب زبانی سے تنگ آ کر سب انڈوں کا معائنہ کیا کہ پیسے دینے ہیں تو دیکھ کر بڑا انڈہ لیا جائے گا۔ اور اسی دیکھ بھال میں ایک انڈہ کھسکا لیا۔ جو آستین سے ہوتا ہوا شال کے اندر غائب ہوگیا۔ واللہ ایسی صفائی تو شعبدہ بازوں کے ہاں بھی نہیں تھیں۔انڈے والے کو بھگانے کے بعد جنابہ ہواؤں میں اڑتی جاتی تھیں کہ اب تو اگلی کئی نسلوں تک کو سنانے کو ایک قصہ ہاتھ آگیا ہے۔۔۔ اور قصہ بھی اصل۔۔۔۔ من گھڑت نہیں۔۔۔۔ اور تو اور ۔۔۔ ادب کی کہانیوں میں ایک نئے چور کا اضافہ ہو چکا تھا۔

نیرنگ خیال
22 نومبر 2023
ویسے بچپن میں ہم تو چور تو نہیں تھے پر محلے کی مرغیوں کے انڈے کہیں نہ کہیں مل جاتےتھے ۔ کفارے کے طور پر ہم انھیں دانہ بھی ڈال دیتے تھے :)
 

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
ویسے بچپن میں ہم تو چور تو نہیں تھے پر محلے کی مرغیوں کے انڈے کہیں نہ کہیں مل جاتےتھے ۔ کفارے کے طور پر ہم انھیں دانہ بھی ڈال دیتے تھے :)
کہیں آپ حاسمن آپا کو یاد تو نہیں کروانا چاہ رہے کہ سنھوں نے جو انڈا چوری کیا، اس کا کفارہ ادا کر دیں۔
 

جاسمن

لائبریرین
نیرنگ پر کا کوا بناتے ہیں اور آپ ایک معصوم سے انڈے کا کفارہ ایک اتی بڑی مرغی سے دلانا چاہ رہی ہیں۔ اللہ اکبر!
ہم نہیں کھیلتے۔
 

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
نیرنگ پر کا کوا بناتے ہیں اور آپ ایک معصوم سے انڈے کا کفارہ ایک اتی بڑی مرغی سے دلانا چاہ رہی ہیں۔ اللہ اکبر!
ہم نہیں کھیلتے۔
یعنی کہ اب تو شک کی گنجائش ہی نہیں رہی۔
کھیلنا تو پڑے گا۔۔۔ ہم نہ جانے دیں گے یوں۔
 

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
بہت خوب! لیکن یہ ہمارا حقیقی تجربہ ہے :)
جاسمن آپا نے بھی انجانے میں حقیقت بیان کر دی انڈا چوری کرنے کی۔ مگر کفارہ ادا نہیں کر رہیں۔
بس کسی طرح وہ مرغی ہمارے تک پہنچ جائے۔
آپ اپنے تجربے کے سہارے جاسمن آپا کو کفارہ ادا کرنے پر راضی کیجئے بس۔
 

جاسمن

لائبریرین
اس لڑی کی سرخی میں "میرا نام" ہونا چاہیے تھا کہ مضمون/کہانی تو مجھ سے متعلق ہے۔
احتجاج احتجاج احتجاج احتجاج ۔۔۔۔۔
 

گُلِ یاسمیں

لائبریرین
اس لڑی کی سرخی میں "میرا نام" ہونا چاہیے تھا کہ مضمون/کہانی تو مجھ سے متعلق ہے۔
احتجاج احتجاج احتجاج احتجاج ۔۔۔۔۔
احتجاج قابل قبول نہیں ہے۔
صرف سرخی کو اہمیت دی گئی تو کاجل ، مسکارا، غازہ، آئی شیڈز ، پرائمر، کنسیلر، فاؤنڈیشن، بلش اور پاؤڈر تو دھرنا دے کر بیٹھ جائیں گے کہ ساری تبدیلی ہماری بدولت آئی اور بول بالا سرخی کا۔
کوئی اور اعتراض ہو تو دسو۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
ویسے بچپن میں ہم تو چور تو نہیں تھے پر محلے کی مرغیوں کے انڈے کہیں نہ کہیں مل جاتےتھے ۔ کفارے کے طور پر ہم انھیں دانہ بھی ڈال دیتے تھے :)
سبحان اللہ۔۔۔ اگرکفارے کاصحیح استعمال امت میں کسی پر کھلا ہے تو وہ آپ ہیں۔۔۔۔ اللہ اللہ۔۔۔۔اس روشنی میں ادھر ہم اتنے مرغیوں چڑیوں چڑوں کو دانہ ڈالے بیٹھے ہیں کہ اب اگلے بیس برس بھی انڈے چوری کر کے کھاتے رہیں تو گناہگار نہ ہوں گے۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
کفارے کے طور پہ ہم نے وہ ابلا انڈہ کھا لیا تھا۔ :)
حق حق۔۔۔ واہ ۔۔۔۔ کیا دلگداز طبیعت پائی ہے۔۔۔ اگر کہیں وہ ابلا انڈہ پڑا رہ جاتا اورآپ نہ کھاتے تو ٹھنڈا ہوجاتا۔۔۔ شاید سخت بھی۔۔۔ اور بچے اس سے گیند بلا کھیلتے۔۔۔ یا پھر ہاکی۔۔۔ آپ کی درد مندی کی داستان تاریخ انسانی میں یاد رکھی جائے گی۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
نیرنگ پر کا کوا بناتے ہیں اور آپ ایک معصوم سے انڈے کا کفارہ ایک اتی بڑی مرغی سے دلانا چاہ رہی ہیں۔ اللہ اکبر!
ہم نہیں کھیلتے۔
اگر آپ کہہ دیتی تو کہ نیرنگ کوے کا پر بناتے ہیں تو میں اپنی تلخیص نگار طبع پر خود ہی فدا ہو ہو جاتا۔۔۔ پر آپ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ہم خوش نہ ہونے پائیں۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
اس لڑی کی سرخی میں "میرا نام" ہونا چاہیے تھا کہ مضمون/کہانی تو مجھ سے متعلق ہے۔
احتجاج احتجاج احتجاج احتجاج ۔۔۔۔۔
عنوان تجویز کیجیے۔۔۔۔
انڈہ چور جاسمن
جاسمن کی انڈہ چوری
انڈہ چورنی کی داستان راوی جاسمن
جاسمن کی چوریاں
 
Top