سلام :: یہ بالیقیں حسین ہے نبی کا نورِ عین ہے: از : حفیظ جالندھری

الف نظامی

لائبریرین
سلام بحضور سیّد الشہداء امام حسین

لباس ہے پھٹا ہوا ،غبار میں اٹا ہوا
تمام جسمِ نازنیں چھدا ہوا کٹا ہوا
یہ کون ذی وقار ہے بلا کا شہ سوار ہے
کہ ہے ہزاروں قاتلوں کے سامنے ڈٹا ہوا
یہ بالیقیں حسین ہے نبی کا نورِ عین ہے​
یہ جسکی ایک ضرب سے ، کمالِ فنِ حرب سے
کئی شقی گرئے ہوئے تڑپ رہے ہیں کرب سے
غضب ہے تیغ دوسرا کہ ایک ایک وار پر
اٹھی صدائے الاماں زبان شرق وغرب سے
یہ بالیقیں حسین ہے نبی کانورِ عین ہے​
عبا بھی تار تار ہے تو جسم بھی فگار ہے
زمین بھی تپی ہوئی ، فلک بھی شعلہ بار ہے
مگر یہ مردِ تیغ زن یہ صف شکن فلک فگن
کمالِ صبر و تن دہی سے محو کارزار ہے
یہ بالیقیں حسین ہے نبی کا نورِ عین ہے​
دلاوری میں فرد ہے بڑا ہی شیر مرد ہے
کہ جسکے دبدے سے دشمنوں کا رنگ زرد ہے
حبیبِ مصطفی ہے مجاہدِ خدا ہے یہ
جبھی تو اس کے سامنے، یہ فوج گرد گرد ہے
یہ بالیقیں حسین ہے نبی کا نورِ عین ہے​
اُدھر سیاہ شام ہے ہزار انتظام ہے
اُدھر ہیں دشمنانِ دیں ادھر فقط امام ہے
مگر عجیب شان ہے غضب کی آن بان ہے
کہ جس طرف اُٹھی ہے تیغ بس خدا کا نام ہے
یہ بالیقیں حسین ہے نبی کا نورِ عین ہے​
از حفیظ جالندھری
 
مدیر کی آخری تدوین:

حسن نظامی

لائبریرین
جناب نظامی!
اب تو کئی روز ہو گئے ملاقات کیے ! رابطے منقطع کیے جاتے ہیں۔
ابو الاثر کا یہ کلام کہاں ملے گا۔ میں تو فقط شاہنامہ سے ہی واقف ہوں۔
 

الف نظامی

لائبریرین
جناب نظامی!
اب تو کئی روز ہو گئے ملاقات کیے ! رابطے منقطع کیے جاتے ہیں۔
ابو الاثر کا یہ کلام کہاں ملے گا۔ میں تو فقط شاہنامہ سے ہی واقف ہوں۔
السلام علیکم حسن نظامی، میرا خیال ہے کہ آپ کو یہ کلام شاہنامہ اسلام میں مل جانا چاہیے اگرچہ میں نے اس کلام کو ایک قوالی سےسن کر لکھا ہے اور شاہنامہ اسلام بھی نظر سے نہیں گزرا۔
 

مغزل

محفلین
جزاک اللہ الف نظامی بھائی ، ایمان تازہ کردیا پیارے صاحب ۔۔۔ سلامت باشید روز بخیر
 

حسن نظامی

لائبریرین
نظامی جی ! قوالی اگر ’’شبکہ‘‘ پر دستیاب ہو تو ’’ربط‘‘ ارسال کریں۔ اور شاہنامہ تو تاریخ اسلام ہے۔ کل چار جلدوں پر مشتمل ہے تین تو میں نے پڑھ رکھی ہیں۔شاید چوتھی میں ہو مگر امید نہیں۔ ابوالاثر کی اور بھی بہت سی نظمیں ہیں ۔ مگرمعلوم نہیں کہاں ۔۔۔۔ تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہوں اگر دستیاب ہو سکی تو آپ کو بھی بھیجتا ہوں۔
 

مہ جبین

محفلین
بہت عمدہ منقبت پیش کی ہے بھائی الف نظامی ، جزاک اللہ
لیکن عجیب بات یہ ہے کہ یہ آپ نے 6 سال پہلے محفل میں لکھی اور کسی رکن نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور اب اتنے سال بعد اس پر کچھ لوگوں کے تبصرے آئے ہیں
 

ابن رضا

لائبریرین
آخری بند اور ماقبل آخری بند کا مصرعِ آخر ایک ہی ہے، یقیناً یہ مختلف ہو گا، ٹائپو ہے ۔

درست درج ذیل ہے
دلاوری میں فرد ہے، بڑا ہی شیر مرد ہے
کہ جس کے دبدبے سے رنگ دشمنوں کا زرد ہے
حبیبِ مُصطفیٰ ہے یہ، مجاہدِ خدا ہے یہ
جبھی تو اس کے سامنے، یہ فوج گرد گرد ہے
یہ بالیقیں حُسین ہے، نبی کا نُورِ عین ہے
 
Top