بہادر شاہ ظفر غزل۔ بہادر شاہ ظفر۔ جا کہیو ان سے نسیم سحر، میرا چین گیا میری نیند گئی

جیہ

لائبریرین
غزل
بہادر شاہ ظفر

جا کہیو ان سے نسیمِ سحر! میرا چین گیا، میری نیند گئی
تمہیں میری، نہ مجھ کو تمہاری خبر، میرا چین گیا، میری نیند گئی

نہ حرم میں تمہارے یار پتہ نہ سراغ دیر میں ہے ملتا
کہاں جا کے میں جاؤں کدھر ، میرا چین گیا میری نیند گئی

اے بادشہِ خوبانِ جہاں! تیری موہنی صورت پہ قربان
کی میں نے جو تیری جبیں پہ نظر، میرا چین گیا، میری نیند گئی

ہوئی بادِ بہاری چمن میں عیاں، گل بوٹے پہ باقی رہی نہ فضا
میری شاخِ امید نہ لائی ثمر، میرا چین گیا میری نیند گئی

اے برقِ تجلی ! بہرِ خدا، نہ جلا مجھے عشق میں شمع سا
میری زیست ہے مثلِ چراغِ سحر، میرا چین گیا میری نیند گئی

کہتا تھا یہی رو رو کے ظفر، میری آہِ رسا کا ہوا نہ اثر
تیرے ہجر میں موت نہ آئی ابھی، میرا چین گیا میری نیند گئی​

یہی غزل حبیب ولی محمد کے آواز میں سنیں

فرخ منظور

لائبریرین
عمدہ غزل ہے۔ شکریہ جویریہ! میرے خیال میں
گل بوٹے پہ باقی نہ رہی فضا
اور
میری آہِ رسا کا نہ ہوا اثر
ہونا چاہیے۔ ہو سکے تو اسے دیکھ لیجیے گا۔
 
جیہ

لائبریرین
عمدہ غزل ہے۔ شکریہ جویریہ! میرے خیال میں
گل بوٹے پہ باقی نہ رہی فضا
اور
میری آہِ رسا کا نہ ہوا اثر
ہونا چاہیے۔ ہو سکے تو اسے دیکھ لیجیے گا۔

شکریہ فرخ غزل پسند کرنے کا۔

یہ غزل میں نے کتاب سے دیکھ کرنہیں لکھی۔ یو ٹیوب پر سنی تو پسند آگئی۔ گوگل کرنے پر ایک جگہ تصویری شکل میں مل گئی اس کو دیکھ کر ٹائپ کیا۔ اور سن کر پروف ریڈنگ کی۔ دونوں ہی جگہوں پر دونوں مصرے وہی ہیں جیسے کہ میں نے ٹائپ کئے ہیں۔
 
بہت شکریہ جویریہ۔ یہ غزل اب مجھے ہی کسی وقت کلیاتِ ظفر میں سے دیکھ کر مکمل کرنا پڑے گی۔
 
Top