فانی فانی شوکت علی خاں فانؔی بدایونی ::::: وہ جی گیا جو عِشق میں جی سے گُزر گیا :::::: Fani Badayuni

طارق شاہ

محفلین



غزل
وہ جی گیا جو عِشق میں جی سے گُزر گیا
عیسیٰ کو ہو نَوِید کہ بیمار مر گیا

آزاد کُچھ ہُوئے ہیں اَسِیرانِ زندگی
یعنی جمالِ یار کا صدقہ اُتر گیا

دُنیا میں حالِ آمد و رفتِ بَشر نہ پُوچھ
بے اختیار آ کے رہا ، بے خبر گیا

شاید کہ شام ِہجر کے مارے بھی جی اُٹھیں
صُبحِ بہار ِحشر کا چہرہ اُتر گیا

آیا کہ دِل گیا ،کوئی پُوچھے تو کیا کہوُں؟
یہ جانتا ہُوں دِل اِدھر آیا اُدھر گیا

مَیں نے دِیا کہ تم نے لِیا دِل، تمھیں کہو!
تم دِل میں پہلے آئے، کہ دِل پیشتر گیا

ہاں سچ تو ہے شِکا یَت ِزخمِ جِگر غلط
دِل سے گُزر کے تِیر تمھارا کِدھر گیا

دِل کا عِلاج کیجیے اب، یا نہ کیجیے!
اپنا جو کام تھا وہ غم ِیار کر گیا

کیا کہیے اپنی گرم رَوَی ہائے شوق کو
کُچھ دُور میرے ساتھ مِرا راہبر گیا

فانیؔ کی ذات سے غمِ ہستی کی تھی نمُود
شِیرازہ آج دفتر ِغم کا بِکھر گیا

فانؔی بدایونی
 

شیزان

لائبریرین
مَیں نے دِیا کہ تم نے لِیا دِل، تمھیں کہو!
تم دِل میں پہلے آئے، کہ دِل پیشتر گیا

اعلیٰ انتخاب۔۔ واہ کیا بات ہے۔۔ شکریہ شاہ جی
 
Top