مرنا تو کسی کو بھی گوارا نہیں ہوتا

مرنا تو کسی کو بھی گوارا نہیں ہوتا
کمبخت محبت میں مگر کیا نہیں ہوتا

محسوس تو ہوتا ہے، ہویدا نہیں ہوتا
اک حشر ہے سینے میں کہ برپا نہیں ہوتا

کب سامنے آنکھوں کے مسیحا نہیں ہوتا
گویا نہیں ہوتا تو مداوا نہیں ہوتا

آئینے کی صورت کا بھروسا نہیں ہوتا
تجھ سا کوئی ہوتا ہے وہ مجھ سا نہیں ہوتا

ہم تیرے سہی، وقت کسی کا نہیں ہوتا
کس بھول میں ہے تو کہ ہمارا نہیں ہوتا

اس حال کو پہنچائے ہوئے آپ کے ہیں ہم
پہچان ہی لیں آپ سے اتنا نہیں ہوتا

مردے بھی تو آخر کبھی جی اٹھتے ہیں لیکن
بیمار ترا وہ ہے کہ اچھا نہیں ہوتا

دانستہ محبت میں کسی کی ہو گرفتار
اتنا بھی کوئی عقل کا اندھا نہیں ہوتا

شاید ترے جوہر نہ کھلیں عشق میں راحیلؔ
افسوس، یہاں ایسے کو تیسا نہیں ہوتا

راحیلؔ فاروق
۲۵ دسمبر ؁۲۰۱۶ء
 

فرقان احمد

محفلین
محسوس تو ہوتا ہے،۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہویدا نہیں ہوتا
اک حشر ہے سینے میں کہ برپا نہیں ہوتا

کب سامنے آنکھوں کے مسیحا نہیں ہوتا
گویا نہیں ہوتا تو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مداوا نہیں ہوتا

آئینے کی صورت کا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھروسا نہیں ہوتا
تجھ سا کوئی ہوتا ہے وہ مجھ سا نہیں ہوتا

کمال است!
 
عمدہ کلام ہے محترم بھائی راحیل صاحب!
خاص طور پر یہ شعر کیا ہی خوب ہے۔

دانستہ محبت میں کسی کی ہو گرفتار
اتنا بھی کوئی عقل کا اندھا نہیں ہوتا
 

فاخر رضا

محفلین
مرنا تو کسی کو بھی گوارا نہیں ہوتا
کمبخت محبت میں مگر کیا نہیں ہوتا
کب سامنے آنکھوں کے مسیحا نہیں ہوتا
گویا نہیں ہوتا تو مداوا نہیں ہوتا
مردے بھی تو آخر کبھی جی اٹھتے ہیں لیکن
بیمار ترا وہ ہے کہ اچھا نہیں ہوتا
یہ تینوں اشعار چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ آج یوم میلاد حضرت عیسٰی علیہ السلام ہے. کیا پیارے اشعار ہیں.
آپ کے باقی اشعار میں مجھے تو صوفیانہ رنگ ملا، دیکھیں دیگر احباب کیا کہتے ہیں. مثلاً
محسوس تو ہوتا ہے، ہویدا نہیں ہوتا
اک حشر ہے سینے میں کہ برپا نہیں ہوتا
بس منصور اناالحق بنا ہی چاہتے ہیں آپ. جیسے ہی یہ حشر برپا ہوا بہت کچھ ساتھ لے جائے گا
یہ دونوں اشعار خاص شاعروں والے کہ دیئے آپ نے
اس حال کو پہنچائے ہوئے آپ کے ہیں ہم
پہچان ہی لیں آپ سے اتنا نہیں ہوتا
دانستہ محبت میں کسی کی ہو گرفتار
اتنا بھی کوئی عقل کا اندھا نہیں ہوتا
جہاں تک راحیل کے جوہر کھلنے کا تعلق ہے اس کے لئے جوہری چاہیے اور وہ اب ناپید ہو چکے ہیں. آپ خود اپنے آپ سے ہی عشق کرلیں اور خود اپنے آپ ہی کو پہچان لیں، اسی طرح ایسے کو تیسا مل سکتا ہے. مگر یہ بہت تکلیف دہ کام ہے جسے خود آگاہی کہتے ہیں
 

عاطف ملک

محفلین
آخری تدوین:
Top