کچھ نہیں مانگتا شاہوں سے یہ شیدا تیرا

زونی

محفلین
قاسمی صاحب کی بہت خوبصورت نعت ھے جو میں آپ لوگوں سے بھی شئیر کر رہی ہوں۔:)





کچھ نہیں مانگتا شاہوں سے یہ شیدا تیرا
اس کی دولت ھے فقط نقشِ کفِ پا تیرا

تہ بہ تہ تیرگیاں ذہن پہ جب لوٹتی ہیں
نور ہو جاتا ھے کچھ اور ہویدا تیرا

کچھ نہیں سوجھتا جب پیاس کی شدت سے مجھے
چھلک اٹھتا ھے میری روح میں مینا تیرا

پورے قد سے میں کھڑا ہوں تو یہ ھے تیرا کرم
مجھ کو جھکنے نہیں دیتا ھے سہارا تیرا

دستگیری میری تنہائی کی تو نے ہی تو کی
میں تو مر جاتا اگر ساتھ نہ ہوتا تیرا

لوگ کہتے ہیں سایہ تیرے پیکر کا نہ تھا
میں تو کہتا ہوں جہاں بھر پہ ھے سایہ تیرا

تو بشر بھی ھے مگر فخرِ بشر بھی تو ھے
مجھ کو تو یاد ھے بس اتنا سراپا تیرا

میں تجھے عالمِ اشیاء میں بھی پا لیتا ہوں
لوگ کہتے ہیں کہ ھے عالمِ بالا تیرا

میری آنکھوں سے جو ڈھونڈیں تجھے ہر سو دیکھیں
صرف خلوت میں جو کرتے ہیں نظارا تیرا

وہ اندھیروں سے بھی درّانہ گزر جاتے ہیں
جن کے ماتھے میں چمکتا ھے ستارا تیرا

ندیاں بن کے پہاڑوں میں تو سب گھومتے ہیں
ریگزاروں میں بھی بہتا رہا دریا تیرا

شرق اور غرب میں نکھرے ہوئے گلزاروں کو
نکہتیں بانٹتا ھے آج بھی صحرا تیرا

اب بھی ظلمات فروشوں کو گلہ ھےتجھ سے
رات باقی تھی کہ سورج نکل آیا تیرا

تجھ سے پہلے کا جو ماضی تھا ہزاروں کا سہی
اب جو تاحشر کا فردا ھے وہ تنہا تیرا

ایک بار اور بھی بطحا سے فلسطین میں آ
راستہ دیکھتی ھے مسجدِ اقصی تیرا



احمد ندیم قاسمی
 

فرخ منظور

لائبریرین
واہ زونی بہت خوب نعت ہے لیکن مجھے حیرت ہے کہ آپ کو تو شاعری سے دلچسپی نہیں لیکن یہاں لگتا ہے جیسے شاعری کے علاوہ اور کوئی دلچسپی نہیں - :)
 

زونی

محفلین
واہ زونی بہت خوب نعت ہے لیکن مجھے حیرت ہے کہ آپ کو تو شاعری سے دلچسپی نہیں لیکن یہاں لگتا ہے جیسے شاعری کے علاوہ اور کوئی دلچسپی نہیں - :)






شکریہ فرّخ بھائی دراصل شاعری سے دلچسپی تو ھے لیکن صرف اچھی شاعری پڑھنے کی حد تک لیکن یہ شوق بھی جنون کی حد تک نہیں ھے جیسے کہ آپ سب لوگوں کو ھے اور ماشااللہ محفل پہ سب لوگوں کا علم بھی وسیع ھے شاعری کے عروض وغیرہ کے حوالے سے :)
 

فرحت کیانی

لائبریرین
جزاک اللہ۔۔
زونی آپ کی پوسٹ سے مجھے اپنے سکول کے دن یاد آ گئے جب ہماری ایک سینیئر آل پاکستان مقابلہء نعت خوانی میں پہنچی تھیں اور ٹیچرز ان کو ہر روز اسمبلی میں پریکٹس کراتی تھیں۔۔اس طرح پورے سکول کو یہ نعت زبانی یاد ہو گئی تھی :)
 
Top