پاک نستعلیق کے ایک مکمل نمونہ

محسن حجازی

محفلین
پاک نستعلیق کو اب تک تو آپ سکرین شاٹس میں‌ہی دیکھتے آئے ہیں اب پیش خدمت ہے ایک مکمل دستاویز پی ڈی ایف فارمیٹ میں۔ یہ ایک افسانہ ہے جسے کہ مائکروسافٹ ورڈ میں تیار کیا گیا ہے۔
فونٹ میں نقطہ جات کے علاوہ بڑی یہ پر ختم ہونے والے ایسے مرکبات جن کی لمبائی چار اور پانچ تک ہو، پیچھے جا ٹکراتے ہیں۔ اس مسئلے پر کام ہو رہا ہے۔
مزید برآں کچھ اشکال میرے ذاتی خیال میں خوبصورت نہیں لیکن فی الوقت، پہلے ورژن کے اجراء تک اشکال میں ترمیم کا کسی قسم کا کوئی ارادہ نہیں۔ اس طرح کے معاملات بعد کی ریلیزز میں حل کیے جائیں گے۔
مائکروسافٹ ورڈ میں اس 9 صفحے کی دستاویز ٹائپ کرتے ہوئے بالکل ایسے ہی محسوس ہوتا ہے جیسے کہ انگریزی ٹائپ کر رہے ہوں وہ نفیس نستعلیق والے اڑاؤ کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس طرح اگر آپ تیزی سے سکرول اپ اور ڈاؤن کریں تب بھی کسی قسم کی fluctuation محسوس نہیں ہوتی اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کہ نستعلیق نہیں بلکہ انگریزی میں لکھے ہوئے متن پر کام کر رہے ہیں! (الحمداللہ ثم الحمداللہ فاثم الحمداللہ!)
فائل ڈاؤنلوڈ کرنے کے لیے مندرجہ ذیل ربط پر جائیے۔ فائل کا نام ہے Afsaana.pdf
http://groups.yahoo.com/group/paktype/files
میں نے اس فی الوقت پاک ٹائپ کے فورم پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔ اردو ویب پر مجھے سمجھ نہیں آئی کہ کیسے فائل رکھوں سو بس وہیں اپلوڈ کر دی ہے آپ میں سے جو حضرات پاک ٹائپ کے ممبر ہیں انہیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
بہت شکریہ محسن۔ میں نے ابھی اسے ڈاؤنلوڈ کرکے دیکھا ہے۔ ٹیکسٹ کو دیکھ کر یہ احساس ضرور ہوتا ہے کہ ابھی اس پر مزید کام کی ضرورت ہے لیکن یہ دیکھ کر نہایت خوشی ہوتی ہے کہ کتنا خوبصورت اور روبسٹ‌ نستعلیق فونٹ تیار کیا ہے تم نے۔ ماشاءاللہ واقعی تاریخی کام ہے۔ انشاءاللہ آگے چل کر یہ اردو کمپیوٹنگ کا ایک تایخی سنگ میل ثابت ہوگا۔

تم یہاں بآسانی فائل کو بطور اٹیچمنٹ‌ پوسٹ‌ کر سکتے ہو۔ فی الحال میں اسے یہاں پوسٹ‌ کر رہا ہوں تاکہ باقی دوست بھی اسے دیکھ سکیں۔
 

Attachments

  • pak_nastaleeq_sample_afsaana_165.zip
    231.7 KB · مناظر: 216

دوست

محفلین
ماشاءاللہ۔
لیکن حجازی صاحب آپ بہت ظالم ہیں۔ دکھا دکھا کر ترساتے ہیں۔ کیوں صبر کا امتحان لے رہے ہیں۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ایک دم ہی کسی دن دھماکہ کردیتے پاک نستعلیق کی آمد کا۔
 

دوست

محفلین
جذبات اور انتظار سے قطع نظر۔۔۔ اس میں واقعی کچھ الفاظ مجھے “نستعلیق نما“ خطوں سے ملتے جلتے لگے ہیں۔ جو خوبصورتی نوری نستعلیق میں ہے وہ اس میں‌ ابھی موجود نہیں امید ہے آئندہ ورژنوں میں دور ہوجائے گی۔ دوسرے جب میں نے متن نقل کرکے نوٹ پیڈ میں پیسٹ کیا تو صرف سوالیہ نشان نظر آئے۔ یہ تو شاید پی ڈی ایف کی خرابی ہوگی یا میرے پی ڈی ایف ریڈر میں کوئی گڑبڑ بھی ہوسکتی ہے۔
بہرحال ایک اچھی کاوش اور اضافہ ہے۔ امید ہے اس کا بیٹا ورژن اور پھر بہتری ورژنوں کی طرف پیش قدمی جلد ہی دیکھیں گے۔
 

محسن حجازی

محفلین
شاکر مجھے آپ کو جواب بھی دینا تھا ذپ کا لیکن بس آج ہی دفتر آیا ہوں کوئی دو روز سے چھٹی پر ہوں بخار کے سبب۔ آج بھی ایک اہم کام کے سلسلے میں بخار سمیت ہی آنا ہوا ہے ورنہ شاید نہ آتا۔ بس یہاں اسلام آباد میں انگلینڈ کا سا حال ہے سارا سارا دن بارشں اور بہت سرد اور مرطوب موسم ہوگیا ہے۔

فونٹ کے سلسلے میں میرا ڈیزائن گول یہ رہا ہے کہ رفتار زیادہ سے زیادہ ہو اس سلسلے میں اس کی خوبصورتی پر اگر کہیں سمجھوتہ کرنا پڑا ہے تو میں نے بلا تردد کیا ہے۔ کیوں کہ اگر اس کی رفتار کم تر ہے تو پھر یہ ناقابل استعمال ہے لیکن خوبصورتی پر کچھ نہ کچھ لوگ بھی سمجھوتہ کر لیں گے۔ تو بس ساری بات یہ ہے۔

نبیل بھائی اپنے تاثرات بتائیے کہ آپ کیا کیا خامیاں دیکھتے ہیں اس میں؟ دیگر دوست بھی لکھیں کہ کیا خامیاں آپ پاتے ہیں اس میں۔ ان دو خامیوں کے علاوہ یعنی کے نقطہ جات اور بڑی ے کے پیچھے ٹکرانے والے مسئلے کے علاوہ بتائیے گا۔

دوسری چیز جو میرے اور ڈاکٹر صاحب کے پیش نظر ہے وہ یہ کہ اس فونٹ کی نوک پلک سنواری جاتی رہے گی۔ ڈاکٹر صاحب نفیس نستعلیق سے بہت نالاں ہیں اور اکثر شکوہ کرتے ہیں کہ بنا کر چھوڑ دیا گیا کوئی اس میں بہتری ساتھ ساتھ لائی جاتی تب بات تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی انسانی کوشش ارتقائی مراحل طے نہیں کرتی، اس میں بہتری نہیں آسکتی بقول ان کے کن فیکون والی صلاحیت تو صرف ایک ہی ذات کے پاس ہے۔
سو پاک نستعلیق کے سلسلے میں بھی یہی بات ہمارے پیش نظر ہے۔ مجھ سے ڈاکٹرصاحب نے پلان پوچھا تھا اس سلسلے میں تو میں نے عرض کیا کہ جناب! ہر تین ماہ بعد ایک ریلیز ہوگی اور یوں سال میں چار۔ سو یہ صورتحال ہے آنے والی ہر ریلیز میں یہ بہتر سے بہتر ہوتا جائے گا۔
فی الحال تو بی ٹا ریلیز بھی نہیں کی گئی ہے۔ آپ اسے ڈیویلپمنٹ پری ویو کہ سکتے ہیں۔
 

قیصرانی

لائبریرین
درست کہا محسن بھائی۔ کمپیوٹر کا مقصد تیز رفتاری ہے۔ خوبصورتی تو چلتی رہے گی اگلی ریلیزز میں۔

قیصرانی
 

محسن حجازی

محفلین
ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا۔۔۔
آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔۔۔
شاکر کیریکٹر بیسڈ نستعلیق میں یہ مسئلہ ہے۔ نوری نستعلیق پہلے سے کتابت شدہ بائیس ہزار کے قریب الفاظ ہیں۔لہذا اس تک نہیں پہنچا جا سکتا دوسرے یہ کہ اگر نستعلیق ٹائپوگرافی اس قدر آسان کام ہوتا تو 17 ویں صدی میں فورٹ ولیم کالج اور پھر ریاست حیدر آباد دکن یوں ہاتھ نہ کھڑے کر لیتے کہ نستعلیق ٹائپ کی تیاری ایک ناممکن کام ہے۔ نسخ میں کتابیں تو 15 ویں صدی میں ہی چھپنا شروع ہوگئی تھیں ٹائپ میں جبکہ نستعلیق ٹائپ آج تک سامنے نہیں آ سکا۔
بہرطور، تجارتی پیمانے پر تیار ہونے والے ایک فونٹ کا نمونہ بھی پیش خدمت ہے۔ اس کی قیمت کوئی لگ بھگ 120 ڈالر ہے۔ اس میں بھی اس قسم کے مسائل موجود ہیں براہ کرم ذیل کے ربط پر جاکر فائلیں ڈاؤنلوڈ کر لیں اور ذرا جائزہ لیں۔
http://www.pakdata.com/urdumahir/urdumahir_sample.pdf

http://www.pakdata.com/urdumahir/urdumahir_sorting.pdf

مزید برآں ارتقا کی اہمیت پہلے عرض کر چکا ہوں۔
 

ساجداقبال

محفلین
مبارکباد

محسن بھائی۔۔۔بہت بہترین۔۔۔جلدی سے اپنا ایڈریس دیں تاکہ میں آپ کو راحت بیکرز کا کوئی میٹھا روانہ کردوں۔ :D
سب سے بہترین بات مجھے جو نظر آئی وہ فونٹ کی تیزی ۔یعنی نفیس نستعلیق جس طرح ایک ایک کریکٹر لوڈ کرتی ہے اس کے اُلٹ۔ مجھے نفیس نستعلیق سے یہی سب سے بڑی شکایت تھی۔ اب آپ جلدی سے فونٹ کے متعلق پی ڈی ایف کتاب شائع کریں تاکہ میں اپنا ایک پسندیدہ فونٹ بنا سکوں۔خدا آپ کو بخار سے جلدی شفاء دے۔ اسلام آباد کا موسم واقعی عجیب سا ہو رہا ہے۔ تیز بارش اور سخت حبس۔۔۔خدا کی پناہ
 

دوست

محفلین
بات آپ کی بجا ہے بھائی جی۔ یاد آیا آپ کی طبیعت اب کیسی ہے۔ کچھ افاقہ ہوا یا نہیں؟؟ اللہ آپ کو شفا دے۔ اور حسب فرمائش جو میں نے محسوس کیا ہے حاضر خدمت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
“کی“ کو صورت جو میرے ذہن میں آرہی ہے وہ نی سے ملتی جلتی ہونی چاہیے۔ فرق صرف نقطے کا ہو۔ یہاں “کی“ اور “نی“ میں کچھ فرق ہے۔ روائتی یک دندانہ “کی“ میں‌ ٹھیک طرح سے نہیں ہے۔ جبکہ “نی“ بالکل ٹھیک ہے۔( شاید یہ اس وجہ سے ہے کہ ک کا ایک ہی ترسیمہ ہے جسے ے اور ی کے ساتھ ملنا ہے۔ چنانہ ے کے ساتھ ٹھیک نظر آتا ہے لیکن ی کے ساتھ وہ مخصوص خم نہیں دِکھ رہا) اب غور کیا تو “گی“ میں حالت کچھ بہتر نظر آرہی ہے۔
“رہتے“ میں‌ اگر ہ کی مروڑی ے کے ساتھ نہ ملے تو کیسا رہے گا۔ نسخ‌ میں‌ تو ے پہلے ہی ختم ہوجاتی ہے نستعلیق میں ے بڑھی ہوتی ہے۔ یا تو مروڑی ہ کے ساتھ مل جائے یا ے کے نیچے نظر آئے بھلے بالکل ساتھ ہی کیوں‌ نہ لگ جائے ے کے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

آصف

محفلین
محسن اگر یہ خط اتنا ہی سریع ہے جتنا کہ آپ نے بتایا ہے تو یہی اسکی سب سے بڑی خوبی ہے اور اس کی وجہ سے خوبصورتی کے ضمن میں تھوڑی بہت کمی بیشی بھی گوارا ہے(ویسے تو خوبصورت بھی ماشاءاللہ کافی ہے!) اس پر آپ کو مبارک ہو۔

دوسرا شاکر کی طرح میں نے بھی پی ڈی ایف میں سے متن کاپی کرنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکا۔ اس بارے میں کچھ بتائیں گے۔

اس کے علاوہ اس وقت فی صفحہ تقریبا 26 کیلوبائٹ سائز ہے۔ کیا دستاویز کے حجم میں اضافے کے ساتھ اس میں کمی ممکن ہے؟
 

دوست

محفلین
اردو ماہر میں کی کا ویسا ہی حال ہے۔ البتہ اس میں “ہے“ میں نیچے مروڑی ہے۔ اس افسانے میں‌ شاید “ہے“ کہیں استعمال ہی نہیں‌ ہوا۔
 

محسن حجازی

محفلین
فونٹ کی رفتار کو سب سے زیادہ "ڈز" لگتی ہے کرننگ سے۔ کرننگ کہتے ہیں حروف کے درمیان وقفے کو۔ نستعلیق میں بڑی ے کی اختتامی شکل پچھلے حروف پہ جا چڑھتی ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے لیے ان تمام الفاظ کی فہرست جو پیچھے جا ٹکراتے ہیں، اور پھر انہیں کتنا آگے کیا جانا چاہیے دینا پڑتی ہے۔ اس وقت جو فائل آپ کے پیش نظر ہے اس میں صرف تین تک کی لمبائی کے لیے ہدایات دی گئی ہیں وہ بھی میں نے نہیں دی ہیں بلکہ اس سلسلے میں بہت سے پروگرامز لکھے گئے ہیں جو اس قسم کے حسابات از خود لگاتے ہیں۔ ورنہ پہلے پہلے یہ کام میں خود ہاتھ سے کیا کرتا تھا جس میں دو ایک ہفتے لگ جاتے تھے۔ چار اور اس سے زیادہ لمبائی کے حروف کے لیے بھی ان پروگرامز نے تجاویز دی تھیں لیکن کوئی پندرہ سو الفاظ تھے جنہیں کہ وولٹ کے لیول پر ڈالنے کے لیے کوئی 45 لک اپس درکار تھے (کمپائلیشن کے بعد 45 کا صرف ایک ہی بڑا سا لک اپ بنتا) جس کے نتیجے میں فونٹ کی پرفارمنس پر باریک سا فرق مجھے محسوس ہوا۔ سو میں نے انہیں سرے سے نکال دیا کیوں کہ ان میں حروف کے ایسے امتزاج بھی شامل تھے جن سے کوئی با معنی حرف نہیں بنتا سو خوامخواہ پرفارمنس پر فرق پڑتا۔ اس واسطے اب 1500 میں سے ایسے مرکبات جو بامعنی ہیں تلاش کیے گئے اور یہ کوئی 80 کے قریب ہیں۔ ان سے بعد میں نمٹوں گا۔
دوسری پلینٹی پڑتی ہے نقطہ جات کے اصول کے سلسلے میں۔ نفیس نستعلیق والوں نے عام استعمال کے لگیچرز نوری ڈکشنری (یہ کیا چیز ہے؟ اگر علم نہ ہو تو پوچھ لیجیے گا) کے تمام لیگیچرز کی مرمت کر ڈالی اور یوں ان کے ہاں 3000 سے زائد اصول 77 لک اپس کی صورت میں موجود ہیں۔ پاک ڈیٹا والوں نہ صرف یہ جدت کی کہ ایک سال کے اخبارات کے متن میں سے کثیرالاستعمال ترسیمہ جات کی ایک فہرست بنائی اور مرمت کر ڈالی۔ دونوں حل میرے نزدیک ناقابل قبول ہیں کیوں کہ میرے نزدیک یہ غیر منطقی ہیں۔ میں نے اس سلسلے میں اب تک 5 اصول دریافت کیے ہیں ہزاروں سائن بورڈز اور بینرز پڑھنے کے بعد۔ اور انہیں صرف ایک 5 لک اپس میں ڈال کر کے جو کہ کماپائل ہونے کے بعد صرف ایک لک اپ میں تبدیل ہو جاتے ہیں، اس مسئلے کو قابو کیا ہے۔ یہ وجہ ہے کہ پاک نستعلیق میں چپچپا، اور بلیچ جیسے الفاظ میں نقطہ جات ٹکراتے نہیں ہیں جبکہ انہیں کو نفیس نستعلیق میں ٹائپ کر کے دیکھیے۔ اور میری یہی اپروچ پاک نستعلیق کی پرفارمنس کا باعث ہے۔

فارغ ہو کر میں مائکروسافٹ ٹائپوگرافی کو اس سلسلے میں کچھ تجاویز دینے کا ارادہ رکھتا ہوں جو کہ اردو عربی ٹائپوگرافی کے ان مسائل کو حل کر دے گی مثلا نقطہ پلیسمنٹ الگرتھم جو کہ میرے ذہن میں کافی عرصے سے گھوم رہی ہے وغیرہ وغیرہ۔۔۔

آخر میں، پاک نستعلیق خطاطی نہیں کمپیوٹنگ کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔ اگر آپ کو نوری نستعلیق کی خوبصررتی درکار ہے تو درانی صاحب کے بقول شوق سے ان پیج استعمال کیجیے۔ خود اس کے تناظری تجزیات میں میری کوشش تھی کہ اشکال کم سے کم ہوں اگر ایک شکل سے کئی جگہ کچھ نہ کچھ کام چلتا ہے تو میں نے اسی ایک شکل کو کچھ اس قسم کی ترمیم کے بعد اختیار کیا ہے کہ وہ سب کے ساتھ فٹ ہو سکے۔ میں اردو ویب کے صفحات پر بھی اس فونٹ کو لگا کر چیک کر چکا ہوں شاید آپ اندازہ بھی نہ کر سکیں کہ اس قدر ٹوٹے پھوٹے گندے بے کار نستعلیق میں بھی اردو ویب کتنی حسین لگتی ہے اور پھر بری طرح اڑتی بھی نہیں آرام سے سکرول کیجیے اور پڑھیے! کاش آپ بھی اردو ویب کو نستعلیق میں دیکھ سکتے۔۔۔ انشاءاللہ جلد دیکھیں گے۔۔۔
 

دوست

محفلین
حجازی صاحب میں یہ بہت خوبی ہے کہ اول تو جواب ہی دیر سے دیتے ہیں۔ جب دیں تو اتنا لمبا لیکچر معہ تکنیکی اصطلاحات کے جھاڑتے ہیں کہ میرے جیسا بندہ ایویں مرعوب ہوجاتا ہے۔ :eek:
ٹھیک ہے بھائی جی وہ تو ایک بات تھی نوری نستعلیق کی خوبصورتی والی نکل گئی منہ سے ناراض کیوں ‌ہوتے ہیں :)
بے شک اردو ویب اس میں اتنی اچھی نظر آئے گی کہ چوم لینے کو دل کرے گا۔
اور ہاں میں نے اس میں “ہے“ دیکھی ہے ۔ یہ تو ٹھیک ہے مروڑی شریف نیچے ہی ہے۔ باقی جگہ مختلف کیوں۔ چلیں اس معاملے میں بھی ذرا سمجھا دیں۔لیکچر اتنا لمبا نہ ہو۔ اور وہ نوری ڈکشنری یہ کیا چیز ہے۔
جلد ہی آپ سے انھی اصطلاحات میں‌ گفتگو فرمایا کریں گے حضور آکر آپ کی شاگردی میں‌ جو آگئے ہیں۔
اور شاگردی سے یاد آیا اپنے شاکر القادری نے وہ نمونے پوسٹ کردیئے تھے آپ نے دیکھے؟؟ دیکھ لیے تو آگے کا بتا دیں لگے ہاتھوں نہیں دیکھے تو بھی دیکھ کر کچھ فرما دیں اس بارے میں۔ آنلائن تو آپ ہیں‌ ہی۔
 

محسن حجازی

محفلین
جی شاکر آپ کا مشاہدہ بالکل ٹھیک ہے۔ اصل میں
ک، گ اور ل
کی ابتدائی اور درمیانی اشکال کو پھر سے ڈیزائن کرنے کی ضرورت ہے جس میں یہ "ٹیڑھ" نہ ہو۔ اس بات کا احساس مجھے بھی ہے۔لیکن آنے والی پہلی ریلیز میں اسے شامل نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس وقت دوسرے فیچرز پر نظر ہے۔ بعد میں جیسا کہ میں نے عرض کیا اس پر کام بند نہیں ہوگا کبھی بھی! سو اس میں نکھار آتا رہے گا۔
دوسری بات
کی اور نی
دونوں دہلوی نستعلیق میں خاصے مختلف ہوتے ہیں پاک ڈیٹاوالوں کے فانٹ لاہوری نستعلیقیت کے حامل ہیں۔
ہم اس بارے میں کتنے پیشہ ورانہ انداز سے سوچتے ہیں، وہ ایسے کہ ابھی تیسری ریلیز کے بعد ٹرو ٹائپ ہنٹنگ شروع کروں گا۔ یہ بہت ہی پیچیدہ کام ہے اور کسی فانٹ کا چھوٹے سائز پر نظر آنا ہنٹنگ پر ہی منحصر ہے۔ لہذا فکر مت کیجیے پاک نستعلیق کی کوئی بھی ریلیز آخری ریلیز نہیں ہوگی۔ مرکز فضیلت برائے اردو اطلاعیات جب تک موجود ہے تب تک تو ایسا ہی ہے۔ سو ہمارے ادارے کی درازی عمر کی دعا کیجیے گا۔ لوگ بہت پیچھے پڑے ہوئے ہیں اس مٹانے کے چکروں میں۔ اس وجہ سے پاک نستعلیق کی بی ٹا ریلیز بھی موخر ہوتی جا رہی ہے۔
 

محسن حجازی

محفلین
نوری ڈکشنری
قائداعظم کے پرائیویٹ سیکریٹری جناب سید مطلوب الحسن کمپیوٹنگ سے بے حد شغف رکھتے تھے آپ نے اردو کے ان ترسیمہ جات کی ایک جامع فہرست بنائی جن کی مدد سے تقریبا اردو کے تمام الفاظ لکھے جا سکتے ہیں تعداد میں کوئی سترہ ہزار۔ اسے نوری ڈکشنری کہتے ہیں۔ نوری اس لیے کیوں کہ بعد میں یہی صاحب احمد جمیل مرزا کے نوری نستعلیق کے منصوبے میں شامل ہوئے اور اس بنیاد پر اس کا نام نوری ڈکشنری رکھا گیا۔
باقی جناب برا ماننے والی تو کوئی بات ہی نہیں! میں فونٹ ڈیویلپمنٹ سے بہت معمولی واقف تھا جب یہاں آیا، آ کر ہی سیکھا کیا۔۔۔ میری تو سات پشتوں میں کوئی کاتب نہیں گزرا خود میں بھی بہت بد خط ہوں۔ اور پھر یہ بھی کہ اس پراجیکٹ میں کوئی بھی کاتب نہیں! کیسا؟ سب کچھ تن تنہا کیا ہے۔ سو جتنا ہوگیا ہے اتنا بھی میرے لیے تو بہت ہے۔۔۔ اپنی تخلیق کو جیتا جاگتا دیکھنا۔۔۔ اس کا اپنا ہی لطف ہے۔۔۔ پاک نستعلیق مجھے جان سے بھی پیارا ہے۔۔۔ میں نے اس کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے میری تخلیق ہے یہ۔۔۔
سو۔۔۔
قادری بھائی کی کتابت کا ربط دیجیے یا وہی کلک والی کی بات کر رہے ہیں؟ وہ تو دیکھ رکھی ہے اگر کچھ نیا پوسٹ ہوا ہے تو بوجہ علالت میرے علم میں نہیں۔
اب تو اٹھ رہا ہوں آفس سے جا کر آرام کروں گا بعد میں دیکھتا ہوں
اصطلاحات آپ بھی سیکھ جائیں گے کیوں کہ آپ بھی تو اوپن نستعلیق والے منصوبے کا حصہ ہیں۔۔۔ فکر ناٹ! ہے ناں؟
 

قیصرانی

لائبریرین
محسن بھائی، فائل کو دیکھ کر کچھ چیزوں کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرانی ہے۔ لیکن ابھی اس لیے نہیں لکھ رہا کہ ابھی وقت نہ ہو شاید اس کا اور یہ بھی کہ وہ ارتقا میں وہ کام آئیں گی۔

قیصرانی
 

دوست

محفلین
جی جناب فکر ناٹ
اور اپنی تخلیق سے تو ربِ کریم کو بھی بہت پیار ہے۔ ہم تو پھر اس کو مخلوق ہیں۔
میرے خیال میں‌ وہ کلک والی نہیں‌ بلکہ انھو‌ں نے بعد میں‌ پوسٹ کی ہیں۔ میں‌ ربط دے رہا ہوں۔ امید ہے جلد ہی اس بارے میں کچھ فرمائیں‌ گے۔
http://www.urduweb.org/mehfil/download.php?id=198
یہ فائل کا براہ راست ربط دے رہا ہوں۔ زپ فائل میں‌ تین امیج فائلیں ہیں۔
 

الف نظامی

لائبریرین
بہت خوب محسن حجازی صاحب، پاک نستعلیق کی پرفارمنس کا سن کر خوشی ہوئی کہ اس کوانگریزی کی طرح ٹائپ کرتے ہوئے کوئی دقت نہیں پیش نہیں آتی ۔ کچھ الفاظ کمال خوبصورتی سے نہیں دکھتے لیکن امید ہے کہ نقش ثانی نقش اول سے بہتر تر ہوگا۔
نوری ڈکشنری کتابی شکل میں کہاں سے ملے گی؟
 
Top