نعیم صدیقی نعت: جونہی ترا قصیدہ میں کرنے چلا رقم ٭ نعیم صدیقیؒ

جونہی ترا قصیدہ میں کرنے چلا رقم
گلبار ہو گیا ہے مرے ہاتھ میں قلم

یہ لمحۂ شگفتنِ گلہائے ذوق و شوق
تو ابرِ نوبہار ہے، تو بادِ صبح دم

تو ہی امامِ شرق ہے تو ہی امیرِ غرب
تو رائدِ عرب ہوا، تو قائدِ عجم

شبہائے حادثات میں تُو روشنی کی لہر
صحرائے کن فکاں میں ہے تو چشمۂ کرم

اے قاسمِ خزائن و اے ناظمِ جنود
رخشندہ تیرا نام ہے، اونچا ترا علَم

چل ہٹ، زمانۂ ہوس و جور! دور باش!
بزمِ نبیؐ میں بیٹھے ہیں مستِ نیاز ہم

غالب ہو مصلحت تو ہر اک مرحلہ طویل
نیت میں ہو خلوص تو منزل ہے دو قدم

میخانہ ہائے کفر میں رعشہ بدست رند
بتخانہ ہائے شرک میں ہیں سرنگوں صنم

تیری دعا سے بنتے ہیں گوہر صدف صدف
میری فغاں سے جوشِ تلاطم ہے یم بہ یم

واللہ، کیا ہے شانِ کمالِ عبودیت
ہے فرش پر جبیں تری اور عرش پر قدم

٭٭٭
نعیم صدیقیؒ
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
خوبصورت کلام ہے ! سبحان اللہ!
تابش بھائی ، مطلع کو ایک نظر اور اصل سے ملالیجئے ، کہیں نقل کرنے میں کوئی سہو نہ ہوگیا ہو ۔ گرامر کی غلطی نظر آرہی ہے ۔
 
خوبصورت کلام ہے ! سبحان اللہ!
تابش بھائی ، مطلع کو ایک نظر اور اصل سے ملالیجئے ، کہیں نقل کرنے میں کوئی سہو نہ ہوگیا ہو ۔ گرامر کی غلطی نظر آرہی ہے ۔
20200206-102802.jpg

نشاندہی کر دیجیے۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اوہو ، تو یہ سہو خود بڑے صدیقی صاحب کا ہے ۔ :):):)
تابش بھائی ، دراصل دوسرے مصرع میں لفظ "ہے" گڑبڑ کررہا ہے ۔ بظاہر یہ "ہے" شاعر نے وزن پورا کرنے کے لئے لگایا ہےلیکن اس "ہے" کی وجہ سے ایک نحوی سقم پیدا ہوگیا ہے ۔ "جونہی" دراصل حرفِ تخصیص ہے ۔ جب کسی فعل سے پہلے جونہی لگایا جائے تو یہ اسے کسی دوسرے فعل کے ساتھ محصور کردیتا ہے اور فوری ردعمل کو ظاہر کرتا ہے ۔ مثلاً جونہی میں نے لکھنا شروع کیا بجلی چلی گئی ۔ جونہی مہمان آئے کھانا لگ گیا ۔وغیرہ ۔ جونہی کے استعمال میں دونوں فقروں کے فعل زمانی اعتبار سے مطابق ہوتےہیں ۔ یہ دیکھئے:
1۔ جونہی میں نے گانے کے لئے گلا صاف کیا سب لوگ اٹھ کر چل دیئے ۔
2۔ جونہی میں گانا گاتا ہوں لوگ اٹھ کر چلے جاتے ہیں ۔
3۔ جونہی میں گانا شروع کروں گا لوگ اٹھ کر چلے جائیں گے ۔
وغیرہ ۔
لیکن اس شعر میں "ہے" کے استعمال کی وجہ سے فعل کی زمانی مطابقت برقرا رنہیں رہی ۔ یعنی اس کی درست صورت یوں ہونی چاہئے تھی: جونہی میں قصیدہ رقم کرنے چلا میرا قلم گلبار ہوگیا ۔
یہ ایک چھوٹی سا سقم ہے لیکن شعرمیں کھٹک رہا ہے ۔ :):):)
 
Top