فاخرہ بتول :::: آؤ ساجن سے ملواؤں -- Fakhra Batool

طارق شاہ

محفلین

1sxr.jpg

فاخرہ بتول

آؤ ساجن سے مِلواؤں
بات ثواب کی لگتی ہے

رنگ گلابی، مہکا مہکا
بات گلاب کی لگتی ہے

چال صبا سے مِلتی جُلتی
بات شراب کی لگتی ہے

دیکھے زیادہ ، بولے کم کم
بات حِساب کی لگتی ہے

ہاتھ پہ رکھا ہاتھ اچانک
بات تو خواب کی لگتی ہے

اُس کا آ کر زُلف کو چُھونا
بات سراب کی لگتی ہے

سرگوشی میں کیا پُوچھا تھا
بات حِجاب کی لگتی ہے

پل میں رُوٹھے، پل میں مانے
بات، جناب کی لگتی ہے

اُس کا ہجر بتاؤ کیسا
بات عذاب کی لگتی ہے

آدھا چندا ، آدھا بادل
بات نقاب کی لگتی ہے

تھوڑا تھوڑا سا ہرجائی
بات تو آپ کی لگتی ہے

فاخرہ بتول
 
آخری تدوین:

فلک شیر

محفلین
سبحان اللہ۔
ایک شاعر دوست نے مجھے بتایا تھا، کہ محترمہ فاخرہ بتول بھی آخر کو شادی کی نذر ہوئیں۔
شاہ صاحب شاید بتا سکیں، کہ آج کل محترمہ لکھ رہی ہیں یا ؟
 
طارق شاہ

محفلین
سبحان اللہ۔
ایک شاعر دوست نے مجھے بتایا تھا، کہ محترمہ فاخرہ بتول بھی آخر کو شادی کی نذر ہوئیں۔
شاہ صاحب شاید بتا سکیں، کہ آج کل محترمہ لکھ رہی ہیں یا ؟
جناب فلک شیر صاحب!
بہت عرصے سے ان کی کوئی نئی تخلیق نظر سے نہیں گزری، آپ کے دوست کا کہا درست
ہی نظر آتا ہے، بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ ہم خیال یا ہم پلہ و پیشہ شخصیات ازدواجی زندگی
میں بندھے ہوں ، الله کرے صحت مند اور خوش ہوں اور ہنوز لکھتی ہوں

غزل پر اظہار خیال اور پذیرائی سے زیادہ آپ سے بات کرکے خوشی ہوئی
تشکّر ، بہت خوش رہیں :):)
 
سررر!!!
:)
 
شیزان

لائبریرین
بہت عمدہ انتخاب شاہ جی

میری معلومات کے مطابق فاخرہ بتول نہ صرف شادی شدہ بلکہ بچوں والی ہیں۔۔ ان کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے
ابھی حال ہی میں ان کا تازہ مجموعہ کلام"اسے روکتے بھی تو کس لیے" شائع ہوا ہے
زیادہ تر فیس بک پر ہوتی ہیں۔۔ ان کا تازہ کلام فیس بک پران کے پیج پر ملاحظہ فرمائیں

209020_401735543197691_1480840308_n.jpg
 
آخری تدوین:

نیرنگ خیال

لائبریرین
سرگوشی میں کیا پُوچھا تھا
بات حِجاب کی لگتی ہے

بہت عمدہ۔۔۔ :)

سبحان اللہ۔
ایک شاعر دوست نے مجھے بتایا تھا، کہ محترمہ فاخرہ بتول بھی آخر کو شادی کی نذر ہوئیں۔
شاہ صاحب شاید بتا سکیں، کہ آج کل محترمہ لکھ رہی ہیں یا ؟
کرن رباب نقوی کے فیس بک پروفائل کے توسط سے ان کی تخلیقات نظر سے گزرتی رہتی ہیں۔ محترمہ اب بھی لکھتی ہیں۔ ابھی کل ہی انہوں نے ایک نوحہ لکھا ہے۔۔۔۔ جس میں شاید انہوں نے وہ عوام میں چلتے پھرتے اشعار "ہم زندہ و جاوید کا ماتم نہیں کرتے" کا جواب دیا ہے۔۔۔۔ مطلع کچھ یوں ہے۔۔۔

نیچا کبھی ھم غازی ع کا پرچم نہیں کرتے
ھم آل میں اصحاب کو مدغم نہیں کرتے
 
ابن رضا

لائبریرین
مضمون کے اعتبار سے تو ٹھیک ہے۔
جی محترم بجا بات ہے ۔ تاہم نقطہ یہ ہے کہ ہر شعر میں قافیہ خواب، سراب، جناب، شراب، حجاب و عذاب وغیرہ لیا گیا ہے جس میں حرف روی "ا" ہے اور "ب" وصل ہے لیکن صرف مقطع میں "آپ" کا "آ" بطور روی اور "پ" بطور وصل ہے جو کہ دیگر سے مماثلت نہیں رکھتا ۔ اسی لئے عرض کیا تھا۔ البتہ بطور نظمِ معرٰی کوئی عار نہیں کہ اس میں قافیے کی پابندی نہیں ہوتی۔ تاہم عنوان میں اسے غزل کہا گیا ہے
 
آخری تدوین:

محمداحمد

لائبریرین
جی محترم بجا بات ہے ۔ تاہم نقطہ یہ ہے کہ ہر شعر میں قافیہ خواب، سراب، جناب، شراب، حجاب و عذاب وغیرہ لیا گیا ہے جس میں حرف روی "ا" ہے اور "ب" وصل ہے لیکن صرف مقطع میں "آپ" کا "آ" بطور روی اور "پ" بطور وصل ہے جو کہ دیگر سے مماثلت نہیں رکھتا ۔ اسی لئے عرض کیا تھا۔ البتہ بطور نظمِ معرٰی کوئی عار نہیں کہ اس میں قافیے کی پابندی نہیں ہوتی

آپ کی بات سے متفق ہوں۔ میرا اشارہ کمپوزنگ کی چوک کی طرف تھا۔ :)
 
Top