غزل ۔ کل یوں ہی تیرا تذکرہ نکلا ۔ رسا چغتائی

محمداحمد

لائبریرین
غزل
کل یوں ہی تیرا تذکرہ نکلا
پھر جو یادوں کا سلسلہ نکلا
لوگ کب کب کے آشنا نکلے
وقت کتنا گریز پا نکلا
عشق میں بھی سیاستیں نکلیں
قربتوں میں بھی فاصلہ نکلا
رات بھی آج بیکراں نکلی
چاند بھی آج غمزدہ نکلا
سُنتے آئے تھے قصہء مجنوں
اب جو دیکھا تو واقعہ نکلا
ہم نے مانا وہ بے وفا ہی سہی
کیا کرو گے جو با وفا نکلا
مختصر تھیں فراق کی گھڑیاں
پھیر لیکن حساب کا نکلا
رساؔ چغتائی
 

طارق شاہ

محفلین
مختصر تھیں فراق کی گھڑیاں
پھر لیکن حساب کا نکلا
احمد صاحب!
دوئم مصرع میں کوئی لفظ چھوٹ گیا ہے، دیکھ لیں گے تو عنایت ہوگی​
بہت خوش رہیں​
 

محمداحمد

لائبریرین
مختصر تھیں فراق کی گھڑیاں
پھر لیکن حساب کا نکلا
احمد صاحب!
دوئم مصرع میں کوئی لفظ چھوٹ گیا ہے، دیکھ لیں گے تو عنایت ہوگی​
بہت خوش رہیں​
نشاندہی کا شکریہ طارق صاحب،

دوسرے مصرعے میں "پھیر" کی جگہ "پھر" لکھ گیا ہوں جس کی وجہ سے شعر بے وزن ہوگیا۔ ہمارے تدوین کے حقوق تو ختم ہو چکے ہیں، منتظمین میں سے کوئی مہربانی کرے تو بڑی عنایت۔ :)
 

الف عین

لائبریرین
بہت خوب احمد
رات بھی آج بیکراں نکلی
چاند بھی آج غمزدہ نکلا
اپنا ہی شعر یاد آ گیا​
یاد بھی کچھ دبی دبی آئی​
چاند بھی کچھ بجھا بجھا نکلا​
اتفاق سے یہی زمین ہے!!​
 

طارق شاہ

محفلین
نشاندہی کا شکریہ طارق صاحب،

دوسرے مصرعے میں "پھیر" کی جگہ "پھر" لکھ گیا ہوں جس کی وجہ سے شعر بے وزن ہوگیا۔ ہمارے تدوین کے حقوق تو ختم ہو چکے ہیں، منتظمین میں سے کوئی مہربانی کرے تو بڑی عنایت۔ :)
ٹائپنگ کی غلطیاں سب ہی سے ہو رہی ہیں، ابھی ایک عہدہ گھنٹہ پہلےمجھ سے لگائی گئی غزل میں بھی دو ٹائپنگ کی غلطی نظر آئی مجھے۔
جب کے اس سے پہلے لگائی ہوئی میں الف نظامی صاحب نے ٹائپو کی نشاندہی کی اور درستگی کروائی
میرے خیال میں اپنی پوسٹ میں تدوین کرنے کا اختیار سلب نہیں ہونا چاہیے ۔ ان وجوہات سے واقف نہیں کہ ایسا کیوں ضروری گردانا گیا
خیر! امید ہے کوئی مثبت صورت یا جواب ضرور راہ میں ہوگی

احمد صاحب بالا غزل میں مطلع میں ' قوافی پابند ' کی صورت ہے، تَذْکِرہ ، سِلْسِلہ ۔۔۔( کِرہ ، سِلہ)
اور تین اشعار میں اس پابندی کا خیال نہیں رکھا گیا ہے

آپ نے لگائی اور
عبید صاحب نےبھی اس سلسلے میں کچھ نہیں کہا ؟ کوئی وجہ، جو میرے علم میں نہ ہو ، ہی ہوگی

بہت خوش رہیں
 

الف عین

لائبریرین
اس غزل کے قوافی پر غور کریں، محض الف یا ہ ہی مشترک ہیں، ان سے پہلے کے حرف پر اعراب کا کوئی فرق نہیں پتا۔ ٍفاصلہ، تذکرہ، سلسلہ کے ساتھ وفا، پا، اور کا بھی تو قوافی ہیں!!
 

ظفری

لائبریرین
عشق میں بھی سیاستیں نکلیں
قربتوں میں بھی فاصلہ نکلا
واہ بہت خوب ۔۔۔۔۔ شئیرنگ کے لیئے شکریہ
 

محمداحمد

لائبریرین

محمداحمد

لائبریرین
خوبصورت غزل۔۔۔ بہت شکریہ

عشق میں بھی سیاستیں نکلیں
قربتوں میں بھی فاصلہ نکلا
واہ بہت خوب انتخاب ۔ ۔

بہت خوب احمد بھائی انتہائی عمدہ انتخاب ہے

انتخاب کی پسندآوری کا بہت شکریہ۔

ممنون ہوں۔ :)
 
Top