نظر لکھنوی غزل: گہ گُل نم ہے گہ شرارا بھی ٭ نظرؔ لکھنوی

گہ گُل نم ہے گہ شرارا بھی
دل یہ کیا چیز ہے ہمارا بھی

ہو مخالف جہاں یہ سارا بھی
ڈر ہے کیا، ہے خدا ہمارا بھی

کیوں اسی زندگی کے ہو رہیے؟
مر کے ہے زندگی دوبارا بھی

تو کہ ہے اور یہ کہ سنتا ہے
میں نے ڈھونڈا تجھے، پکارا بھی

موجِ طوفاں ہی سے لپٹ رہیے
آپ آ جائے گا کنارا بھی

مری خود داریاں، تعال اللہ
چونک اٹھا ہے وہ خود آرا بھی

دہر کی اس بساط پر ہمدم
دل کو جیتا بھی، دل کو ہارا بھی

لوحِ عصیاں سے عمر بھر کے لیے
کیجیے اب نظرؔ کنارا بھی

٭٭٭
محمد عبد الحمید صدیقی نظرؔ لکھنوی
 
مری خود داریاں، تعال اللہ
چونک اٹھا ہے وہ خود آرا بھی
آپ سے تعلقِ خاطر تو ہے سو ہے، اب بزرگوار سے بھی ایک رشتہ محسوس ہونے لگا ہے۔ کیا ہی کہنے۔ اللہ پاک مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے۔
آپ بہت اچھا کام کر رہے ہیں جو یہ کلام شریک کرتے رہتے ہیں۔ میں اپنی عادت کے موافق آپ کو بھی یہ مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ اگر مناسب سمجھیں تو اس کام کے لیے ایک بلاگ بھی مختص کر دیں۔
 
ہو مخالف جہاں یہ سارا بھی
ڈر ہے کیا، ہے خدا ہمارا بھی
بے شک سارا جہاں بھی مخالف ہو تو کیا ہے جس کے ساتھ خدا ہے اسے پھر کیوں کسی کا ڈر ہو گا لیکن یہ المیہ ہے کہ ہمیں خدا کے ہونے کا تو یقین ہے مگر یہ یقین نہیں ہےکہ وہ ہمارے ساتھ بھی ہے اور ہمیں دیکھتا بھی ہے اور سنتا ہے بھی ہے ۔۔
کیوں اسی زندگی کے ہو رہیے؟
مر کے ہے زندگی دوبارا بھی
بالکل ہم لوگ ایسے جیتے ہیں جیسے مرنا ہی نہیں اور اسی زندگانی کو ہی سب کچھ سمجھ بیٹھے ہیں ۔۔۔میں نے ایک شعر سناتھا کسی سے ۔۔۔ممکن ہے تھوڑے لفظ ادھر اُدھر ہو جائیں مگر مفہوم واضح ہے ( جیسی کرنی ویسی بھرنی نہیں یقیں تو کر کے دیکھ۔۔۔۔جنت بھی ہے دوزخ بھی ہے نہیں یقیں تو مر کے دیکھ۔
مری خود داریاں، تعال اللہ
چونک اٹھا ہے وہ خود آرا بھی
واہ واہ کیا کہنے ۔۔۔۔۔۔

بہت ہی اچھی شراکت ہے اللہ آپ کو جزاء دے ۔۔خوش رہیں سلامت رہیں ۔۔۔
 
آپ سے تعلقِ خاطر تو ہے سو ہے، اب بزرگوار سے بھی ایک رشتہ محسوس ہونے لگا ہے۔ کیا ہی کہنے۔ اللہ پاک مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے۔
آپ بہت اچھا کام کر رہے ہیں جو یہ کلام شریک کرتے رہتے ہیں۔ میں اپنی عادت کے موافق آپ کو بھی یہ مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ اگر مناسب سمجھیں تو اس کام کے لیے ایک بلاگ بھی مختص کر دیں۔
آمین. محبتوں کا شکریہ.
جی یہ بات میرے ذہن میں بھی ہے فیس بک پیج بنانے کے حوالے سے. مگر منتظر ہوں کہ کم از کم ای پبلش کر لوں پہلے. اور اس کے لیے ایک بزرگوار کے تبصرے کا منتظر ہوں. :)
 
Top