منیر نیازی غزل- کوئی حد نہیں ہے کمال کی - منیر نیازی

غزل

کوئی حد نہیں ہے کمال کی
کوئی حد نہیں ہے جمال کی

وہی قرب و دور کی منزلیں
وہی شام خواب خیال کی

نہ مجھے ہی اس کا پتہ کوئی
نہ اسے خبر میرے حال کی

یہ جواب میری صدا کا ہے
کہ صدا ہے اس کے سوال کی

یہ نمازِ عصر کا وقت ہے
یہ گھڑی ہے دن کے زوال کی

وہ قیامتیں جو گزر گئیں
تھی امانتیں کئ سال کی

ہے منیر تیری نگاہ میں
کوئی بات گہرے ملال کی

منیر نیازی

کتاب : ماہِ منیر
 
Top